Haqeeqaten
حقیقتیں

(1) دو جگہ پہ خاموش ہو جائیں: 1۔ غلطی کا احساس ہونے پر۔
2۔ جب اگلا بندہ آپ کے سر غلطی تھوپ رہا ہو اور آپ کا ردعمل تعلق میں دراڑ پیدا کرنے کا باعث ہو۔
(2) واشروم یوں استعمال کریں کہ آپ کے بعد جانے والے کو کوئی تکلیف نہ ہو، اس کے دل میں آپ کے متعلق کوئی منفی سوچ پیدا نہ ہو۔ بہتر یہ ہے فراغت کے بعد پیچھے مڑ کر دیکھیں۔
(3) بن مانگے کسی ایسے شخص کو مشورہ نہ دیں جو باتونی ہو یا کم ظرف ہو یا راز رکھنا نہ جانتا ہو۔ اس سے آبرو خطرے میں پڑنے کا امکان ہے۔
(4) استعمال شدہ کپڑے غسل خانے میں چھوڑ کر مت آئیں۔ اس سے غسل خانے میں ناگوار سی مہک پیدا ہو جاتی ہے۔ یوں آنے والا آپ کے متعلق اچھے خیالات نہیں رکھے گا۔
(5)اپنے انڈرویئر (کچھا، جانگیا) خود دھوئیں، ماں یا بیوی سے مت دھلوائیں (جاوید چودھری)
(6) استعمال شدہ ٹشو پیپرز یا اس قبیل کی غلاظت سے لتھڑی چیزیں خود ڈسٹ بن میں ڈالیں۔ گھر کی عورتیں یا آپ کے ملازم اگر آپ کا یہ کام کریں گے تو جان لیں! آپ ایک نفیس انسان نہیں ہیں۔
(7) کپڑے اس طرح پھیلا کر بیٹھیں کہ جسم کی نمائش نہ ہو۔ اگر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا پڑے تو کپڑے خوب پھیلائیں۔
(8) کھانے کے دوران سب کے سامنے دانتوں میں بوٹی کا پھنسا ہوا ریشہ مت نکالیں۔ ضروری ہو تو ٹشو پیپر کا یوں استعمال کریں کہ وہ ریشہ کسی کو نظر نہ آئے (قاسم علی شاہ)
(9) کھانا اپنے سامنے سے کھائیں۔ اگر اتفاق سے گوشت کا اچھا حصہ یا تازہ روٹی سامنے آئے تو اسے بانٹ کر کھائیں۔ بصورتِ دیگر آپ کی عزت میں کمی آئے گی۔
(10) کوئی کھا پی رہا ہو تو اس کے پاس ناخن نہ کاٹیں۔ مبادا ناخن اڑ کر اس کے کھانے یا مشروب میں جا پڑے۔
11۔ لوگوں کے سامنے ناک یا آنکھ میں انگلی گھسیڑ کر انھیں بیزار نہ کریں۔ صفائی کا عمل تنہائی میں کرنا چاہیے۔
12۔ دن میں کم از کم تین بار آئینہ دیکھیں اور اپنے چہرے کا جائزہ لیں۔
13۔ ہر آپشن کے بعد ایک آپشن ضرور رکھیں۔ دنیا ہماری خواہشات پہ نہیں چلتی۔
14۔ بینک میں مناسب رقم ضرور رکھیں، جو اوکھے سوکھے ویہلے کام آ سکے۔ (محمد ثاقب) کسی نے خوب کہا تھا: اے پیسے! تو خدا نہیں، پر ضرورتیں تو خدا کی طرح پوری کرتا ہے۔
15۔ اتنے میٹھے نہ بنیں کہ اگلا نگل جائے اور اتنے کڑوے نہ بنیں کہ اگلا تھوک دے۔ میانہ روی ہمارے دین کا حکم ہے۔
16۔ بلا وجہ لوگوں کی ٹوہ میں مت رہیں۔ رسالت مآب ﷺ نے فرمایا: ایک دوسرے کی جاسوسی نہ کرو۔
17۔ اپنا ایسا راز مت فاش کریں، جو آپ کو کہیں کا نہ رہنے دے۔ خواہ دوست کتنا ہی مخلص ہو۔ یاد رکھیں! انسانی نفسیات بہت پیچیدہ اور بہت گہری ہے۔ اسے بدلتے دیر نہیں لگتی۔
18۔ سیڑھیاں چڑھتے وقت بائیں طرف سے چڑھیں اور اترتے وقت دائیں طرف سے اتریں۔ (جاوید چودھری)
19۔ دروازہ ہینڈل سے کھولیں اور ہینڈل سے بند کریں۔
20۔ بیسن میں پاؤں مت دھوئیں۔ (جاوید چودھری)

