Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Babar Ali
  4. Haqeeqaten (3)

Haqeeqaten (3)

حقیقتیں (3)

1۔ نیند اور جہالت جتنی گہری ہوگی، جگانے والے پر اتنا ہی غصہ آئے گا۔

2۔ باپ ہو تو ایسا، اظہار الحق صاحب نے اپنے بیٹوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ایک بار کہا: جس دن مجھے معلوم ہوا کہ تم نے کسی کی حق تلفی کی یا اپنے رویے سے کسی کی دل آزاری کی، اس دن مجھ سے معافی کی توقع مت رکھنا۔

3۔ مجھ ناچیز کی رائے میں فی زمانہ کسی سے اس کا مسلک پوچھنا اسے گالی دینے کے مترادف ہے۔

4۔ محبت اگر عقل کا ہاتھ نہ تھامے توحضرت عیسیٰؑ کو خدا کا بیٹا تک بنا دیتی ہے۔

قرآن پاک میں درجنوں بار آیا ہے کہ تم اپنی عقل سے کام لو "أفلاتعقلون"۔

5۔ بعض لوگوں میں عقل کی جگہ پہ خلوص بھرا ہوتا ہے۔ پھر وہ عقل کی نہیں مانتے۔ خلوص ہی کے زیرِ اثر دین اور دنیا سمجھتے اور ٹھوکریں کھاتے ہیں۔

6۔ کسی کے ہاں جائیں، تو کھانے پینے کی کوئی نہ کوئی سوغات ضرور لے کر جائیں، بچوں کو کچھ نقدی دے کر آئیں۔ یہ خالی ہاتھ جانا عزت کم کر دیتا ہے۔ سچ پوچھیں تو یہ حرکت زیادتی کے زمرے میں آتی ہے۔

7۔ "احمدی پہلے اسلام میں داخل ہوں، پھر اس دکان میں داخل ہوں"۔

یہ تحریر کئی دکانوں کے باہر لکھی دیکھی۔ اس ذہنیت اور بھارت میں مسلمانوں کے حوالے سے ہندوانہ ذہنیت میں کیا فرق ہے! جب کائنات کا خالق اپنی مخلوق کی روزی نہیں روک رہا تو ہمیں یہ اختیار کس نے دیا ہے!

8۔ اگر کوئی آپ کا پیارا گہری نہر یا دریا میں گر پڑے تو اسے بچانے کے لیے چھلانگ نہ لگائیں اگر تیرنا نہیں آتا۔ وگرنہ گھر میں ایک کی بجائے دو لاشیں آئیں گی۔

9۔ اگر کسی کو بجلی لگے تو سوائے لکڑی کے، اسے خود یا کسی اور شے سے نہ چھوئیں۔

10۔ صحن میں یا چھت پہ کپڑے سکھانے کے لیے لوہے کی تاریں مت باندھیں۔ یہ بجلی فوراً پکڑتی ہیں۔

11۔ اپنے خانساماں، باورچی یا گھر کے ملازم کو مت جھڑکیں۔ اس کا غصہ وہ کھانے پینے کی اشیا میں ناگوار ملاوٹ کی صورت میں نکالے گا۔ غلطی پر ہمیشہ آرام سمجھائیں۔

12۔ اپنے گن مین یا سکیورٹی گارڈ کی بےعزتی بھول کر بھی نہ کریں۔ مت بھولیں کہ اس کے ہاتھ میں گن ہے۔ اگر اسے فارغ کرنا ہی ہے تو بھی بہت پیار سے اور بہانے سے کریں۔ دنیا میں کئی سرمایہ دار اپنے ہی محافظوں کے ہاتھوں قتل ہوئے ہیں۔

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan