Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Babar Ali
  4. Bachon Ka Jisni Tahafuz Waldain Ki Zimmedari

Bachon Ka Jisni Tahafuz Waldain Ki Zimmedari

بچوں کا جنسی تحفظ والدین کی ذمےداری

دنیا میں والدین کے لیے سب سے قیمتی چیز ان کے بچے ہوتے ہیں۔ ان کی مسکراہٹ، ان کی اڑان، ان کا مستقبل، سب کچھ والدین کی آنکھوں کے خوابوں میں بسایا ہوتا ہے۔ مگر افسوس کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کے تحفظ، خصوصاً جنسی تحفظ کے بارے میں وہ سنجیدگی نہیں پائی جاتی جو آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اکثر ماں باپ یہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کو کھانا، لباس، تعلیم اور بنیادی سہولیات دینا ہی ان کی ذمہ داری ہے، حالانکہ یہ صرف نصف ذمہ داری ہے۔ اصل ذمہ داری بچوں کی معصومیت کی حفاظت ہے اور یہی ذمہ داری سب سے زیادہ نظرانداز کی جاتی ہے۔

ہمیں اپنے بچوں کو صرف ان کی خواہشات پوری کرنے پہ توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ انھیں ایسا شعور بھی دینا ہوگا جس سے وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھ سکیں۔ انھیں سکھانا ہوگا کہ وہ لوگوں کے چہروں کے تاثرات پڑھ سکیں، ان کے لفظوں میں چھپی نیت پہچان سکیں، کسی کی مشکوک حرکت فوراً سمجھ سکیں اور بڑوں کے ساتھ غیر ضروری قربت یا تنہائی سے بچ سکیں۔ یہ تربیت بچوں کو خوفزدہ نہیں کرتی بلکہ انھیں ذہنی و جنسی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ ایک باشعور بچہ زیادتی کے امکانات کو بہت کم کر دیتا ہے۔

ساتھ ہی یہ بات بھی لازم ہے کہ والدین کسی پہ اندھا اعتماد نہ کریں۔ بھلے وہ بوڑھا مرد ہو یا عورت، کوئی استاد ہو یا پروفیسر، کوئی قاری ہو یا حافظ، کوئی عالم دین ہو یا کوئی دولت مند شخص۔ بدنیتی کا تعلق لباس سے ہے نہ داڑھی سے، عہدے سے ہے نہ دولت و غربت سے۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ بعض اوقات زیادتی وہی لوگ کرتے ہیں جن پر سب سے زیادہ اعتبار کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں انگلینڈ میں ایک مسجد کے امام کا واقعہ اس تلخ حقیقت کی نئی یاد دہانی ہے۔ سفید داڑھی، مذہبی لبادہ، باتوں میں تقدس، لیکن کردار میں شیطان۔ سیپارہ پڑھنے والی 10 سالہ بچی کو اپنی نازیبا تصاویر بھیجتے ہوئے پکڑا گیا۔ جب ماں نے اسے رنگے ہاتھوں دیکھ لیا تو اسی نے اس امام کو تھپڑ رسید کیے۔ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ کردار چہرے یا عہدے سے نہیں جانچا جاتا۔

والدین، خدا کے لیے آنکھیں کھولیں۔ بچوں کو سمجھائیں، ان کی بات غور سے سنیں، ان کے بدلتے رویوں کو پہچانیں اور خود بھی ہمیشہ چوکس رہیں۔ بچے اللہ کی امانت ہیں۔ ان کی حفاظت کریں سنجیدگی، شعور اور ذمے داری سے۔

سوچیے! آپ اپنے بچے کی حفاظت کے لیے کہاں کھڑے ہیں!

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari