Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ashfaq Inayat Kahlon
  4. Nizami Street Baku (4)

Nizami Street Baku (4)

نظامی سٹریٹ باکو (4)

اوپری فلور سے نظامی سٹریٹ کی روشنیوں کا منظر۔۔ افف! جیسے ستارے زمین پر اتر آئے ہوں اور ہم اُن کے بیچ بیٹھے کسی رومانوی ناول کے کردار ہوں، دائیں بائیں نظر دوڑائی، ہر طرف لوگوں کا ہجوم، لیکن نوجوان لڑکیوں و عورتوں کی تعداد خاصی زیادہ تھی، جیسے یہ کوئی "حسن کا سالانہ کنونشن" ہو رہا ہو۔

میں نے ہنستے ہوئے شکیب سے کہا "شاید نظامی سٹریٹ کی رونق صنفِ نازک کے دم قدم سے ہی ہے! "

وہ ہنس پڑا اور میں دل ہی دل میں سوچنے لگا کہ اگر کھانے کا ذائقہ بھی ویسا ہی نکلا جیسا یہ ماحول ہے۔۔ تو بھائی! زندگی بن گئی۔

یہ صرف کھانے کا لمحہ نہیں تھا، یہ "لوکل لو، لوکل فوڈ، لوکل فیل" کا ایک جاندار سین تھا۔

میں نے شکیب سے درخواست کی کہ کھانا آنے تک باقی تاریخ بھی سنائے، وہ بولا "1868 میں آرکیٹیکٹ ایم غفار اسماعیلوف نے نظامی سٹریٹ سے متصل ویران علاقے میں آراز سنیما بنایا تھا، ایک سال بعد 1869 میں باکو کاروانسرائے کے قریب سینٹ گریگوری دی الیومینیٹر چرچ بنایا گیا، 1880 میں دو دو منزلہ رہائشی مکانات (نظامی 52 اور 54)، جو شہر کی اہم شاہراہوں میں سے ایک گلی کی جیومیٹری کی بنیاد رکھتے ہیں، پراچنایا اور مارینسکایا سٹریٹس کے درمیان گلی کے دائیں جانب تعمیر کیے گئے تھے، 1888 میں، اے مشن نامی فوٹو گرافر کا ایک فوٹو اسٹوڈیو اس سڑک پر، "امپیریل" ہوٹل میں واقع تھا اور دوسرے فوٹوگرافر ڈیوڈ روسٹامین کا فوٹو اسٹوڈیو، تورگووایا اور مارینسکایا گلیوں کے کونے پر ایک دو منزلہ حویلی میں واقع تھا، بہت سی چھوٹے برتنوں کی دکانیں، گروسری، حلوائی کی دکانیں، پھول فروش اور شہر کے سب سے معزز ہوٹل "بولشایا ماسکوسکایا"، "امپیریل"، "لندن" اور "سیورنی نومیرا" شہر کے اس حصے میں تعمیر ہوئے۔

سال 1896 میں، ایک تین منزلہ اپارٹمنٹ ہاؤس (نظامی 79) پراچنایا سٹریٹ (بعد میں گوگول سٹریٹ، (اب مردانوف قرداشلی سٹریٹ) کے کونے پر آرکیٹیکٹ آئی وی ایڈیل نے تیل کے ماہر مرتضی مختاروف کے حکم سے تعمیر کیا اور 1910 میں ایک نئی منزل کو معمار جوزف پلوشکو نے اس میں شامل کیا تھا، کروڑ پتی حاجی رجب علی کا گھر جو اب "وتن سینما" ہے (نظامی 77-75) تورگوواہا کے بائیں جانب مارنسکایا اور پراچنایا سٹریٹس کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا، دوسری طرف شماخی کے ایک تاجر مرزا تغییف کی ملکیت میں ایک عمارت تھی جہاں جرمن حلوائی زیٹز کی ایک مشہور دکان تھی۔

سال 1899 میں، "روسی امپیریل ٹیکنیکل یونین کی باکو برانچ" (نظامی 115) کی ایک منزلہ عمارت، جہاں اب آذربائیجان اسٹیٹ آئل اکیڈمی کی عمارتوں میں سے ایک واقع ہے، ملیننایا اسٹریٹ (بعد میں ڈارون، ووروشیلوف اسٹریٹ، اب فکریت امیروف اسٹریٹ) پر تعمیر کی گئی تھی۔) روتھس چائلڈ بھائیوں کے لیے ایک عمارت جہاں ان کا دفتر واقع تھا اور بعد میں، 1918 اور 1920 کی دہائیوں میں ہالینڈ کا قونصل خانہ (نظامی 20) اس گھر میں واقع تھا، جسے سول انجینئر کے بی سرکیوچ نے پریسیدکایا سٹریٹ، بعد میں پلوخینا سٹریٹ اور اب نرتزا مختاروف سٹریٹ کے کونے پر بنایا تھا۔

سال 1902 میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان ووکزالنیا اسٹریٹ کے کونے پر معمار آئی وی ایڈیل نے بنایا تھا، 1960 کی دہائی میں عمارت میں تیسری منزل کا اضافہ کیا گیا، 1904 میں، ووکزالنیا اسٹریٹ (اب پشکن اسٹریٹ) کے ساتھ چوراہے پر اس وقت کے ایک بااثر فرد کروڑ پتی اور مخیر حاجی زینالبدین تغییف کے لیے ایک مل تعمیر کی گئی، 1910 میں، ایک عبادت گاہ کی عمارت، جہاں راشد بہبودوف (نظامی 76) کے نام پر گانے کا سٹیٹ تھیٹر واقع ہے، کو معمار جے وی گوسلاوسکی نے تورگووایا اور کاسپیسکایا سٹریٹس کے جنوب مشرقی چوراہے پر تعمیر کیا تھا (بعد میں شمٹ، اب راشد بہبودوف اسٹریٹس)، 1911 میں، ایک اوپریٹا عمارت جہاں آذربائیجان اسٹیٹ اکیڈمک اوپیرا اور بیلے تھیٹر واقع ہے (نظامی 95)، چوراہے کے دوسرے کونے پر صنعتکار مائیلوف کے حکم سے اور جی ترمیکیلوف اور این بایوف نے تعمیر کیا، اسی سال اوپریٹا (نظامی 93) کی عمارت کے قریب ایک اپارٹمنٹ ہاؤس اور مارینسکایا سٹریٹ (نظامی 48) کے کونے پر ایک چار منزلہ رہائشی مکان، جسے تیل کی دیگر تمام عمارتوں کی طرح "ناغییف کا گھر" کہا جاتا ہے۔

جوزف پلوشکو نے موسیٰ ناغییف کے حکم سے اس کا ڈیزائن پیش کیا اور تعمیر کیا تھا، یہ گھر جوزف پلوشکو کی بہترین تخلیقات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، ایک اور گھر، جہاں نوبل انعام یافتہ ماہر تعلیم لیو لینڈاؤ، 1924 میں پیدا ہوئے تھے، کراسنووڈسکایا اسٹریٹ (بعد میں کراسنوارمیسکایا، اب صمد ورگن اسٹریٹ) کے کونے پر تعمیر کیا گیا تھا، 1912 میں، مارینسکایا اسٹریٹ کے ساتھ چوراہے کے دوسری طرف، ایک چار منزلہ اپارٹمنٹ ہاؤس (نظامی 50) معمار جی ترمیکیلوف اور حاجی گیسیموف نے تغییف برادران کے حکم سے تعمیر کیا گیا، 1925 میں، 16ویں صدی کے ایک عظیم آذربائیجانی شاعر محمد فاضلی کے اعزاز میں اس سٹریٹ کا نام فاضلی سٹریٹ رکھ دیا گیا، 1939 اور 1940 کے سالوں میں اسے کراسنوپریسنسکایا سٹریٹ کا نام بھی دیا گیا لیکن پھر سے فاضلی سٹریٹ کا یہ نام 1962 تک برقرار رہا، 1962 میں اس سٹریٹ کا نام تبدیل کرکے اسے فارسی کے مشہور کلاسکیل شاعر نظامی گنجوی کے نام پر نظامی اسٹریٹ قرار دیا گیا۔

سال 1932-1934 میں، اسٹیٹ بینک آف آذربائیجان ایس ایس آر (نظامی 87 اور 89) کی عمارتوں کا ایک کمپلیکس ماہر تعمیرات اے ڈوبوف کے پروجیکٹ کے ذریعے، تورگوویا اور بولشایا مورسکایا گلیوں کے کونے پر تعمیر کیا گیا تھا (بعد میں کیروف ایونیو، اب بل بل ایونیو)، 1949 میں، دو شاندار رہائشی مکانات جنہیں "آئل مینز ہاؤسز" کہا جاتا ہے (نظامی 66 اور 83)، مشہور ماہر تعمیرات میکائل حسینوف اور سادیگ داداشوف نے پیش کیا تھا، "لینڈاؤ کے گھر" چوراہے کے دوسرے کونوں پر تعمیر کیے گئے تھے، عظیم حب الوطنی کی جنگ کے دوران قید جرمن اسیروں کو ان عمارتوں کی تعمیر میں مزدور قوت کے طور پر استعمال کیا گیا، باکو اور سابقہ سوویت یونین کے میٹرو سٹیشن اور زیر زمین ریلوے لائنوں کی کھدائی انہوں نے ہی کی تھی۔

1952-1954 میں شہر کا عمومی ترقیاتی منصوبہ "اسٹیٹ پروجیکٹ انسٹی ٹیوشن" بنا، اس منصوبے کے مطابق، رچرڈ سورج اسٹریٹ کے ساتھ چوراہے تک اسٹیٹ بینک کے علاقے میں رہائشی مکانات تعمیر کئے جا رہے تھے جن میں تعمیری عناصر کا استعمال کیا گیا ہے، 1966 میں، 14ویں صدی کے ممتاز آذربائیجانی شاعر امدادالدین نسیمی کے نام پر ایک نیا "نسیمی پارک" نظامی اور صمد ورگن سٹریٹس کے کونے پر رکھا گیا تھا، 1978 میں شاعر کی 600 ویں سالگرہ کے موقع پر پارک کے درمیان میں شاعر کی ایک یادگار بنائی گئی، کانسی سے بنا مجسمہ گرینائٹ کے پیڈسٹل پر نصب کیا گیا تھا، 2008 میں پارک کی تعمیر نو شروع ہوئی، میرا دوسرا آفس نسیمی نامی پوش ایریا میں ہے، کسی دن وہاں جائیں گے"۔

اور پھر وہ لمحہ آیا کہ جس کا انتظار ہمارے معدے، دل اور ذائقے کے دیوتا سب ایک ساتھ کر رہے تھے، ویٹر بڑے وقار اور تھوڑے ڈرامائی انداز میں کھانا لے کر آیا، جیسے دلہن کی سہیلی جہیز کا سامان سجانے آئی ہو، ٹیبل پر جیسے ہی ڈش رکھی گئی، مہک ایسی تھی کہ ناک نے آنکھوں سے کہا "یہ دیکھنے کی نہیں، سونگھنے کی چیز ہے"۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan