Friday, 20 September 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Aqsa Gillani
  4. I Am Kalam

I Am Kalam

آئی ایم کلام

یہ ایک خوبصورت فلم ہے جو آپ کو سوچنے پر مجبور کر دے گی کہ ہمارے اردگرد کتنے ذہین بچے ہیں لیکن انہیں سکول جانے، شاہانہ زندگی گزارنے کی سہولت نہیں ہے۔ اینٹوں کے بھٹے، چائے کے ہوٹل اور موٹر سائیکل ورکشاپ میں کام کرتے چھوٹو کے ہاتھ میں سکول کے بستے اور کھلونوں کی جگہ اوزار اور چھالے کیوں ہیں؟ کیا صرف اس لیے کہ وہ ایک غریب گھر اور غریب ملک میں پیدا ہوئے؟

اس فلم کا مرکزی کردار ایک ایسا چھوٹو ہے جو صرف اسکول جانا اور تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے، سیکھنے کے تجسس سے بھرا ہوا ہے، اس نے اپنی زندگی کے بارے میں کبھی شکایت نہیں کی، درحقیقت اس نے سختیوں میں مواقع تلاش کیے، ٹی وی پر انڈین سائنسدان عبد الکلام کی تقریر اس کی موٹویشن بن جاتی ہے یہاں تک کہ وہ اپنا نام ہی چھوٹو سے کلام رکھ لیتا ہے۔ قسمت سے زیادہ عمل اہم ہے اور اپنی محنت سے آپ اپنا نصیب بدل سکتے ہیں یہی اس فلم کا مرکزی خیال ہے۔

بہت سے ایسے مناظر ہیں جو آپ کو محنت کرنے والے ایک غریب بچے کی بے بسی، مشکلات اور اس کی ٹوٹ پھوٹ کا احساس دلاتے ہیں مثلاً جب لیفٹن نے کلام کی عدم موجودگی میں اس کی کتابوں کو آگ لگا دی تھی یا اس کی ماں اس کے دہلی جا کر پڑھنے کو پاگل پن سمجھتے ہوئے اس کے پیچھے چلی آئی۔ ایک جاہل ماں اور رشتے داروں کی کیا خوبصورت منظر کشی ہے یہی تو ہوتا ہے ہمارے سماج میں رشتے دار اور اردگرد کے لوگ آپ کے لیے آسانی کی بجائے مشکلات پیدا کرتے ہیں، ہماری مائیں کہتی ہیں کوئی چھوٹا موٹا کام کرو پڑھ لکھ کر کیا کرنا ہے دماغ خراب ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ فلم کے مزاحیہ مناظر بھی آپ کو ہنسا دیں گے بھاٹی کا کردار بہت زبردست تھا۔ لوسی کا کردار بھی اچھا لگا۔۔ مجموعی طور پر اچھی فلم ہے جسے دیکھتے ہوئے آپ بور نہیں ہوں گے۔

Check Also

Tyrana Jaiza

By Ali Raza Ahmed