Monday, 09 February 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nusrat Abbas Dassu
  4. Ishq Ki Class Mein Aqal Ghair Hazir

Ishq Ki Class Mein Aqal Ghair Hazir

عشق کی کلاس میں عقل غیر حاضر

نسلِ نو اس عہدِ آتشیں میں حُسن پرستی کے سحرِ سامری میں اس درجہ محو ہو چکی ہے کہ گویا زیست کا حاصل، مقصدِ حیات اور شعورِ بقا سب کچھ نگاہِ ناز کی ایک جنبش پر نثار ہوگیا ہو۔ آج کا نوجوان شب بیداری کو فخر، بے خوابی کو رومان اور بے سمتی کو آزادی سمجھ بیٹھا ہے۔ عمر کے اُس نازک دور میں، جہاں عقل کو رہنما اور علم کو عصا ہونا چاہیے، وہ کمال سے گریزاں اور جمال کا اسیر بن چکا ہے۔ بارہ برس کی کچی عمر سے بائیس برس کی ناپختہ دہلیز تک، جذبات کی اس اندھی یلغار نے فکر کو مفلوج اور ارادے کو مضمحل کر دیا ہے، جیسے شعور پر کسی غیر مرئی جادو نے قبضہ جما لیا ہو۔

یہ المیہ محض ایک سرسری گفتگو سے جنم لیتا ہے، کسی چلتی پھرتی، اجنبی اور بے نام سی صورت سے چند جملے، چند مسکراہٹیں اور پھر وہی روایتِ زوال، باتیں وابستگی میں ڈھلتی ہیں، خواب شادی تک جا پہنچتے ہیں اور گھر والوں کو خبر تک نہیں ہوتی۔ جب اس طفلِ ناتمام سے باز پرس کی جائے تو وہ لبوں پر پژمردگی، آنکھوں میں شکست اور لہجے میں ملال سمیٹے یہی دہائی دیتا ہے کہ اس کی مستقبل کی شریکِ حیات نے جواب دے کر دنیا سے منہ موڑ لیا ہے، اسی لیے نہ کھانے میں دل لگتا ہے، نہ کتاب میں، نہ زندگی میں۔ ایسے میں والدین اگر یہ سمجھیں کہ معاملہ وقتی ہے تو یہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، کیونکہ یہ تو وہ روحانی دیوالیہ پن ہے جو آہستہ آہستہ پورے وجود کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔

اور اگر کسی گھر کا چراغ بائیس سے تیس برس کے درمیان ہو اور ان ہی لغزشوں میں الجھا ہو تو، جناب، یہ کہہ دینا کوئی مبالغہ نہیں کہ فاتحہ پڑھ لیجیے، یہ اولاد اب آپ کے دستِ تربیت سے پھسل چکی ہے۔ یہ تلخ حقائق مجھے کسی فلسفی نے نہیں سنائے، نہ کسی دانشور نے گوش گزار کیے، یہ نوحہ تو نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ خود سناتے ہیں، وہ طلبہ جن کی عمروں پر ابھی بلوغت کی گرد بھی پوری طرح نہیں بیٹھی، مگر جن کے دلوں پر ایک نہیں، دو نہیں، کئی کئی بریک اپس کے زخم ثبت ہو چکے ہیں۔ یہی وہ خاموش المیہ ہے جو ہمارے تعلیمی اداروں، گھروں اور معاشرے کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان بن کر ابھرتا جا رہا ہے۔

About Nusrat Abbas Dassu

Nusrat Abbas Dassu is student of MSC in Zoology Department of Karachi University. He writes on various topics, such as science, literature, history, society, Islamic topics. He writes columns for the daily Salam, daily Ausaf and daily Lalkar.

Check Also

Nanha Magar Naqabil e Shikast: Suryavanshi Ka Din

By Asif Masood