Maz Jobrani
ماز جوبرانی
ماز جوبرانی ایک ایرانی-امریکی اسٹینڈ آپ کامیڈین ہیں۔ سب کامیڈین لطیفے سناتے ہیں، لیکن جوبرانی ان کامیڈینز میں سے ہیں جن کے ایکسپریشنز، باڈی لینگویج اور لہک لہک کر اسٹیج پر چلنا بھی قہقمے لگانے پر مجبور کردیتا ہے۔ خاص طور پر جب وہ عربوں کی مٹی پلید کرتے ہیں تو لوگ ہنس ہنس کر دوہرے ہوجاتے ہیں۔
نیٹ فلکس پر جوبرانی کا ایک اسپیشل موجود ہے۔ جو چار سال پہلے واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جوبرانی آڈیئنس میں موجود لوگوں سے باتیں بھی کرتے ہیں۔ انھوں نے مختلف قوموں کے لوگوں سے مختلف الفاظ کے معانی پوچھے اور وہ الفاظ بول کر دکھائے، بلکہ فی البدیہہ لطیفے بھی گھڑے۔
ماز مستی میں آئے تو لوگوں سے پوچھا، آپ کی زبان میں بالز کو کیا کہتے ہیں۔ دوسری زبان بولنے والوں نے تو جو بتایا سو بتایا، ماز نے اردو کا لفظ بھی پوچھا۔ کوئی نستعلیق آدمی ہوتا تو خصیہ یا ایسا ہی کوئی لفظ بتا دیتا لیکن پتا نہیں کوئی انچولی والا تھا یا لالوکھیتی، خوب زور سے چلاکر بازاری لفظ کہہ دیا اور ماز کو بڑی ہنسی آئی۔
بعد میں انھوں نے فارٹ کا فارسی لفظ بتایا، پھر عربوں سے پوچھا، پھر شامیوں سے پوچھا، آخر میں کہا کہ گوگل کرکے بتائیں، انگلینڈ میں فارٹ کا مقامی لفظ کیا ہے۔ بہت سے لوگ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ انگلینڈ میں فارٹ کو ٹرمپ کہتے ہیں۔
ٹرمپ کے دور میں ٹرمپ کے وائٹ ہاوس کے قریب ٹرمپ کا اس سے زیادہ مذاق کسی نے نہیں اڑایا ہوگا۔