Dual Certified Teacher
ڈوئل سرٹیفائیڈ ٹیچر

میں ان دونوں طرح کے بچوں کو انگریزی پڑھاتا ہوں جن کی یہ مادری زبان ہے اور جن کی نہیں ہے۔ یہ کس قدر مشکل کام ہے، غیر تربیت یافتہ ٹیچر کے لیے جاننا مشکل ہے۔ اسی لیے یہاں امریکا میں بہت سی کلاسوں میں کو ٹیچنگ ہوتی ہے۔ ایک کونٹینٹ ٹیچر ہوتا ہے جو انگریزی لٹریچر، ریاضی، سائنس یا سوشل سائنسز پڑھاتا ہے اور دوسرا وہ تربیت یافتہ ٹیچر ہوتا ہے جو کونٹینٹ کو طلبہ کی مشکل دیکھ کر آسان بناتا ہے۔
یہ فرق اس طرح سمجھیں کہ بعض بچے حساب اور الجبرا میں بہت اچڈوئل سرٹیفائیڈھے ہوتے ہیں۔ خاص طور پر چینی، جاپانی اور کوریائی بچے۔ لیکن انگریزی سوال نہ سمجھنے کی وجہ سے فیل ہوجاتے ہیں۔ سوال سمجھ میں آجائیں تو ٹاپ کرجاتے ہیں۔
بہت کم ٹیچر ہوتے ہیں، یعنی کونٹینٹ اور زبان دونوں پڑھا سکتے ہیں۔ میں ان میں سے ایک ہوں۔ ہماری پرنسپل نے ایک بار کہا کہ ڈوئل سرٹیفائیڈ ٹیچر ایک جسم میں دو آدمی ہوتے ہیں۔ اس پر میں نے مذاقا کہا کہ تنخواہیں بھی دو دی جائیں۔
ڈوئل سرٹیفائیڈ ہونے کی وجہ سے مجھے لینگویج ڈویلپمنٹ کے بجائے انگلش لٹریچر کی کلاسیں دی جاتی ہیں۔ اس میں مسئلہ یہ ہے کہ طالب علم کی مادری زبان انگریزی ہو یا نہیں، بنیادی کورس میٹریل یکساں ہے۔ اسے دونوں طرح کے بچوں کو الگ الگ ڈلیور کرنا ٹیچر کا کام ہے۔
اس مشکل کا اندازہ لگائیں کہ جس بچے کی مادری زبان انگریزی ہو، جب وہ آٹھویں پاس کرکے میرے پاس آتا ہے تو 25 ہزار الفاظ جانتا ہے۔ لاطینی امریکا کے ملکوں میں انگریزی نہیں پڑھائی جاتی۔ وہاں سے آنے والے بچوں کا کل ذخیرہ ایک سے دو ہزار الفاظ پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایسے بچے ایک ساتھ نہیں، الگ الگ کلاسوں میں ہوتے ہیں لیکن مجھے دونوں کو ذہن میں رکھ کر لیسن پلان کرنا پڑتا ہے۔

