America Mein Hazaron Asamiyan
امریکا میں ہزاروں آسامیاں
امریکا میں اسکول کے کوالیفائیڈ ٹیچرز کی کمی ہے۔ ہزاروں آسامیاں ہر وقت ہیں۔ مختلف ویب سائٹس کے مطابق پینتالیس سے پچپن ہزار ٹیچرز کی اشد ضرورت ہے۔ نیویارک اور میری لینڈ میں اچھی تنخواہیں ملتی ہیں۔ بعض ریاستوں میں معاوضے کم ہیں، لیکن اور کئی سہولتیں مل جاتی ہیں جیسے مہنگی میڈیکل انشورنس اور اپنا مکان خریدنے میں سہولت دی جاتی ہے۔
اگر آپ امریکا آنا چاہتے ہیں تو ٹیچنگ کے شعبے میں قسمت آزمائیں۔ اگر آپ ٹیچر ہیں تو پھر کامیابی آسان ہوسکتی ہے۔
اس بات کا خیال رہے کہ امریکی تعلیم کے معاملے میں بہت حساس ہیں۔ پاکستانی ڈگری کیا، یورپی ڈگریوں تک کو لفٹ نہیں کرواتے۔ نوجوان اسکالرشپ ڈھونڈیں اور کسی امریکی یونیورسٹی سے ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کریں۔
اگر امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع نہیں ہیں تو آلٹرنیٹ روٹس یعنی متبادل راستے موجود ہیں۔
میں صرف اپنا تجربہ بیان کرسکتا ہوں۔ میری تقلید کرنے سے پہلے کسی ماہر سے مشورہ ضرور کرلیں۔
میرے پاس پاکستانی ایم اے کی ڈگری تھی۔ اس کی اویلویشن کروائی تو گریجویشن کے برابر تسلیم کی گئی۔ میں نے اس کی بنیاد پر امریکی یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور ماسٹرز کرلیا۔ ماسٹرز نہ بھی کرتا تو اسکول ٹیچر کے لیے گریجویشن تک تعلیم کافی ہے۔
ایجوکیشن کی ڈگری نہ ہو تو دو امتحان پاس کرنا پڑتے ہیں۔ ورجینیا میں ایک امتحان کا نام وی سی ایل اے ہے۔ دوسری ریاستوں میں کسی اور نام سے ہوگا۔ یہ انگریزی زبان جاننے کا ٹیسٹ ہے کہ آپ امریکی بچوں کو انگریزی میں پڑھا بھی سکتے ہیں یا نہیں۔
دوسرا امتحان پریگزس کہلاتا ہے۔ یہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہوتا ہے۔ جو جی آر ای اور دوسرے امتحانات بھی لیتی ہے۔ ٹیچنگ کے لیے پریگزس امتحانات درجنوں کی تعداد میں ہیں۔ لیکن آپ کو صرف اس ایک مضمون کا امتحان پاس کرنا ہے جسے پڑھانا چاہتے ہیں۔
میری معلومات کے مطابق کم از کم بس یہ تین شرائط ہیں، یعنی گریجویشن کی پاکستانی ڈگری کی اویلویشن، انگریزی کا ریاستی امتحان اور پریگزس ٹیسٹ۔
اس کے بعد جس ریاست میں جانا چاہتے ہیں، اس کے محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر خالی آسامیاں دیکھیں اور اپلائی کردیں۔ اس میں آپشن ہوتا ہے کہ آپ کے پاس امریکا میں کام کا اجازت نامہ ہے یا ہمیں دلوانا پڑے گا۔ آپ جانتے ہیں کہ وہاں کون سا آپشن منتخب کرنا ہے۔
امریکا اور دوسرے مغربی ملکوں میں پہلی ترجیح اپنے شہریوں کو دی جاتی ہے۔ دوسرا نمبر ان غیر ملکیوں کا ہوتا ہے۔ جن کے پاس مستقل قیام یا کام کا اجازت نامہ پہلے سے ہوتا ہے۔
بیرون ملک سے غیر ملکی کارکن کا نمبر سب سے آخر میں ہوتا ہے۔ لیکن پچاس ہزار خالی آسامیوں کا مطلب ہے کہ ملک میں کوالیفائیڈ ٹیچرز نہیں مل رہے۔ آپ ضرورت پوری کرسکتے ہیں تو جاب مل جائے گی۔
امریکا میں کوئی شخص ٹیچنگ لائسنس کے بغیر نہیں پڑھا سکتا۔ لیکن جو اسکول ڈویژن آپ کو ملازمت دے گا، وہی ویزے کے لیے اسپانسر کرے گا اور وہی لائسنس دلوائے گا۔