Saturday, 02 May 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ayesha Batool
  4. Behan Bhai

Behan Bhai

بہن بھائی

بہن اور بھائی کا رشتہ اللہ تعالیٰ کی ایک بہت خوبصورت نعمت ہے۔ یہ رشتہ صرف خون کا نہیں بلکہ محبت، اعتماد، قربانی اور ذمہ داری کا رشتہ ہے۔ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر رشتے کے حقوق اور فرائض ہیں اور جب اس ذمہ داری میں توازن قائم ہو جائے تو گھر جنت کا نمونہ بن جاتا ہے۔

بھائی کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے اسے گنجائش دی ہے تو اس پر لازم ہے کہ اپنی بہن کی ضروریات، عزت اور حفاظت کا خیال رکھے۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ بہن کو صرف کنٹرول کیا جائے یا اس کی ہر بات کو دبا دیا جائے۔

اصل بھائی چارہ یہ نہیں کہ بہن صرف وہی کرے جو بھائی چاہے، بلکہ اصل خوبصورتی یہ ہے کہ بہن کو اعتماد دیا جائے، اس کی رائے کو سمجھا جائے اور اگر وہ کوئی ایسا کام کرنا چاہتی ہے جو جائز ہو اور اسلام اس کی اجازت دیتا ہو تو اسے سپورٹ کیا جائے۔

بعض اوقات معاشرے میں یہ سوچ پیدا ہو جاتی ہے کہ بہن صرف تب تک اچھی ہے جب تک وہ مکمل طور پر دوسروں کی مرضی کے مطابق چلے۔ لیکن اسلام نے عورت کو صرف تابع نہیں بنایا بلکہ اسے عزت، شعور اور اپنی پہچان دی ہے۔ اگر وہ جائز حدود میں رہ کر تعلیم حاصل کرنا چاہے، کام کرنا چاہے یا اپنی صلاحیتیں استعمال کرنا چاہے تو اسے روکنا نہیں بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے ہر ایک ذمہ دار ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا" (صحیح بخاری و مسلم)

یہ حدیث ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ذمہ داری کا مطلب صرف حکم چلانا نہیں بلکہ انصاف، محبت اور صحیح رہنمائی بھی ہے۔

بھائی کا کردار یہ بھی ہے کہ وہ اپنی بہن کو اعتماد دے، اس کی حفاظت کرے اور اس کی صحیح سمت میں رہنمائی کرے۔ لیکن ساتھ ساتھ اسے یہ حق بھی دے کہ وہ اپنی صلاحیت کے مطابق جائز فیصلے کر سکے۔

اسلام ہمیں توازن سکھاتا ہے۔ نہ سختی زیادتی ہے اور نہ بے لگام آزادی۔ اصل خوبصورتی اسی میں ہے کہ ہر کام حدود کے اندر رہ کر کیا جائے۔

اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے: لَا إِكُرَاهَ فِي الدِّينِ، "دین میں کوئی زبردستی نہیں ہے"۔ (سورۃ البقرہ: 256)

اسی طرح بعض اوقات لوگ بغیر تحقیق کے ایک دوسرے کے بارے میں غلط فہمیاں بھی پیدا کر لیتے ہیں۔ اگر کوئی کسی کو احتراماً "بہن" یا "بھائی" کہہ دے تو فوراً شک کرنا درست نہیں۔ اسلام ہمیں حسنِ ظن اور اچھے اخلاق کا حکم دیتا ہے۔

اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اجُتَنِبُوا كَثِيرًا مِّنَ الظَّنِّ إِنَّ بَعُضَ الظَّنِّ إِثُمٌ، "اے ایمان والو! بہت زیادہ گمان سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں"۔ (سورۃ الحجرات: 12)

اصل خوبصورتی بہن بھائی کے رشتے میں اسی وقت آتی ہے جب دونوں ایک دوسرے کا احترام کریں، ایک دوسرے کے حقوق ادا کریں اور ایک دوسرے کی ترقی میں سہارا بنیں، نہ کہ رکاوٹ۔

بہن اور بھائی کا رشتہ محبت، اعتماد، ذمہ داری اور توازن کا نام ہے، نہ کہ صرف کنٹرول اور پابندی کا۔ اللہ تعالی ہم بہنوں اپنے بھائیوں کے لیے رحمت بننے کی توفیق عطا کرے اور ہمارے بھائیوں کو ہمارے لیے وہ محافظ بننے کی توفیق دے جس محافظ کا ذکر قران اور حدیث میں اتا ہے۔

اسلام میں بھائی کو "محافظ" کا لقب رسمی طور پر نہیں دیا گیا، لیکن اسلامی اصولوں کے مطابق وہ گھر کی حفاظت، عزت اور ذمہ داری میں شامل ہوتا ہے۔

Check Also

Aap Kitna Mehanga Tail Khareed Sakte Hain?

By Mubashir Ali Zaidi