Qaum Ki Aankhon Se Parda Hat Gaya
قوم کی آنکھوں سے پردہ ہٹ گیا
برسوں سے ایک سوال میرے دل کو بے چین کیے رکھتا تھا: کیا واقعی ہم نے ہر جنگ میں شکست کھائی؟ یہی بتایا گیا، یہی پڑھایا گیا کہ پاکستان ہمیشہ پسپا ہوا، بھارت ہمیشہ غالب رہا۔ یہ بیانیہ اتنی بار دہرایا گیا کہ ہم میں سے بہت سے لوگ اپنی افواج کے بارے میں شکوک کا شکار ہو گئے۔ لیکن پھر آئی ایک رات 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب جس نے سارے شکوے، سارے دھندلے خیال اور ہر منفی پروپیگنڈے کو دفن کر دیا۔
بھارت نے "آپریشن سندور" کے نام سے پاکستان کے خلاف بزدلانہ حملہ کیا۔ مظفرآباد، کوٹلی اور احمد پور ایسٹ (بہاولپور) میں میزائل داغے گئے۔ ان حملوں میں آٹھ معصوم شہری، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا، شہید ہو گئے۔ دو مساجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں عبادت گزار اللہ کے حضور جھکے ہوئے تھے۔
یہ وہ لمحہ تھا جب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا اور پھر تاریخ نے ایک اور موڑ لیا۔ پاکستانی افواج نے بجلی کی تیزی سے جوابی کارروائی کی۔ ہمارے شاہین فضا میں بلند ہوئے اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ پانچ بھارتی جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا گیا۔ ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
وہ لمحہ جب متعدد بھارتی فوجیوں کو قیدی بنایا گیا وہ لمحہ پوری قوم کے لیے ایک اعلان تھا: "ہم جاگ رہے ہیں، ہم تیار ہیں اور ہم تمہیں وہ سبق سکھائیں گے جو تم نسلوں تک یاد رکھو گے"۔
میری آنکھوں میں آنسو تھے، فخر کے اور ندامت کے۔ کیونکہ برسوں ہم نے اُن پر شک کیا جنہوں نے ہمارے لیے جانیں قربان کیں۔ جنہیں ہم نے صرف وردی میں دیکھا، وہ دراصل قربانی، غیرت اور وفا کی جیتی جاگتی مثالیں تھے۔
کبھی سوچا ہے؟ جب ہم گرم بستروں میں نیند لے رہے ہوتے ہیں۔ تو وہ جوان، برفیلے مورچوں میں، بے خوف دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑے ہوتے ہیں۔
کسی ماں نے اپنے بیٹے کو دعا دے کر روانہ کیا ہوتا ہے، کسی بچے نے باپ کو آخری بار گلے لگایا ہوتا ہے اور وہ سپاہی، خاموشی سے، مسکراتے ہوئے، ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیتا ہے۔
یہ رات صرف ایک عسکری کامیابی نہیں تھی، یہ قوم کی آنکھوں سے پردہ ہٹانے والی رات تھی۔ یہ سچ اور جھوٹ کے بیانیے کے درمیان لکیر کھینچنے والی رات تھی اور یہ اس بات کا اعلان تھی کہ: "ہم نہ صرف لڑنا جانتے ہیں، ہم جیتنا بھی جانتے ہیں۔ ہم صرف دفاع نہیں کرتے، دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر جواب دینا بھی جانتے ہیں"۔
اب وقت ہے کہ ہم اپنی افواج پر یقین کریں۔ وقت ہے کہ ہم ان کے کردار، قربانی اور عزت کو وہ مقام دیں جو ان کا حق ہے اور وقت ہے کہ ہر جھوٹے پروپیگنڈے کے آگے بند باندھ دیں۔ کیونکہ آج کی رات نے ہمیں سکھا دیا کہ: یہ فوج صرف وردی نہیں پہنتی، یہ قوم کی امید پہنتی ہے۔