Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Irshad Bhatti
  3. Allah Walay (2)

Allah Walay (2)

اللہ والے !

بلاشبہ اللہ والے وہی کہ جنہیں مل کر اللہ یاد آجائے اور بے شک ہماری ہی تلاش ختم ہو چکی ورنہ اللہ والے تو آج بھی موجود!

میں ابھی کرسی پر بمشکل بیٹھ ہی پایا تھا کہ شاہ صاحب نے کہا "لڑکر آرہے ہو" میں نے چونک کر انہیں دیکھا تو وہ زیرِ لب مسکرا کر بولے "ویسے قصور آپکا نہیں، وہ گول ناک اور وہ کم بالوں والے دونوں صاحب خواہ مخواہ ہی آپ سے حسدکررہے"، جیسے جیسے شاہ صاحب بول رہے تھے ویسے ویسے میری حیرانی بڑھتی جارہی تھی اور میں حیران کیسے نہ ہوتا کیونکہ میری وہ جھڑپ زیرِموضوع تھی جو گھنٹہ بھر پہلے ہوئی اور جس کا میں نے ابھی کسی سے ذکر تک نہیں کیا تھا، میں سوچوں اورخیالوں سے پلٹا تو شاہ صاحب کہہ رہے تھے کہ "گھبرانے کی کوئی بات نہیں، یہ سب وقتی، اللہ تعالیٰ فضل کریں گے"گو کہ اس دوپہر رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر میں حیران ہوا مگر جلد ہی سنبھل گیاکیونکہ ایسا پہلی دفعہ نہیں ہو رہا تھا، ابھی کچھ عرصہ پہلے جب ایک دوست شاہ صاحب سے ملنے آیا تو اسے دیکھتے ہی یہ بولے "بھیا ایک Stent تو پڑ چکا، اب اگر پائے، نہاریاں چھوڑ کر احتیاط نہ کی تو دوسرا بھی پڑ جائے گا"، ہم نے بے یقینی کے عالم میں اپنے دوست کی طرف دیکھا تو اس اچانک حملے پر سنبھلنے کی ناکام کوشش کرتے ہمارے دوست نے گھبراہٹ زدہ لہجے میں یہ بتا کر پریشان ہی کر دیا کہ "شاہ صاحب ٹھیک کہہ رہے، پچھلے ماہ ایک رات سینے پر بوجھ، بھاری پن اور سانس لینے میں دشواری ہونے پر جب میں اسپتال گیا تو جاتے ہی ای سی جی اور انجیو گرافی ہوئی اور پھراسی رات Stent ڈال دیا گیااور یہ بات میں نے بیگم کے علاوہ ابھی تک کسی اور کو اس لئے نہ بتائی کہ سب کو ایسے ہی ذہنی تکلیف اور کوفت ہوگی"، آگے سنئے، شاہ صاحب سے ملنے آئے وہ بڑے صاحب جنہیں شاہ صاحب نے ملے بنا باہر سے ہی یہ کہلوا کر جب واپس بھجوا دیا کہ "اُسے کہو پہلے جا کر اپنی ماں کو راضی کرے"تو بعد میں یہ کنفرم بھی ہواکہ واقعی ا س بڑے صاحب کے ناروا سلوک پر اسکی ماں ایک ہفتے سے ناراض اورآگے سنئے، جس روز عمران خان دھرنے کیلئے لاہور سے نکلے تو اسی دن ایک دوست کے پوچھنے پر شاہ صاحب نے کہا "دھرنا لمبا ہوگا، وزیراعظم پر دباؤ بھی بڑھے گا مگر حکومت کو کچھ نہیں ہوگا"پھرجب جنرل راحیل شریف کی جگہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ زوروں پرتھا، ان دنوں ایک سینئر دوست نے ہم 3 چار لوگوں کی موجودگی میں شاہ صاحب سے کہا"شاہ صاحب دعا کریں کہ فلاں جنرل آرمی چیف بن جائیں"یہ خاموش رہے، تھوڑی دیر بعد اس دوست نے اپنی بات دہرائی، لیکن یہ اس بار بھی نہ بولے، مگر جب ہمارے دوست نے تیسری مرتبہ کہا تو شاہ صاحب نے کہا "بھیا میں جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے دعاکر چکا ہوں"، اسی طرح وہ دوپہر کہ جب سپریم کورٹ پہنچے پاناما کیس پر ہم 2 چاردوست بڑی گرما گرم بحث میں الجھے ہوئے تھے کہ اچانک کمرے میں داخل ہو کرشاہ صاحب بولے "اتنی مغز ماری نہ کریں اس کیس کا فیصلہ یہ بنچ نہیں کرے گا" اورپھر حیرت انگیز طو ر پر 6 سات دنوں بعد چیف جسٹس انور ظہیر جمالی اپنی ریٹائر منٹ سے قبل ہی کیس سے علیحدہ ہوئے اور جسٹس کھوسہ کی صدارت میں نیا بنچ بن گیا، اب یہ بھی سن لیں، جب جسٹس کھوسہ کی صدارت میں پاناما کیس کی سماعت اپنے جوبن پر تھی تو ایک شام شاہ صاحب خود ہی کہنے لگے "فیصلہ تو میاں صاحب کے حق میں آئے گا مگر فیصلے کے بعد بھی یہ معاملہ چلے گا"اور یہ بھی شاہ صاحب ہی کہ جنہوں نے ڈان لیکس کے عروج کے دنوں میںکہا"چونکہ اپنوں کیلئے جنرل قمر باجوہ صلح جو اوراچھے انسان، لہٰذا وہ معاملہ سنبھال لیں گے"۔

دوستو! یہ تو چند باتیں ورنہ شاہ صاحب مطلب سید سرفراز شاہ کے بیسیوں واقعات اور بھی، یہ وہی شاہ صاحب جوکئی اداروں کے سربراہ رہ چکے، جو مینجمنٹ اور ایڈ منسٹریشن کے ماہر، جو برمنگھم یونیورسٹی کے "وزیٹنگ فیکلٹی"، جو 65 سے زیادہ ملکوں کا سفر کر چکے، جو "کہے فقیر، فقیر رنگ، فقیر نگری، لوحِ فقیر اور ارژنگ فقیر جیسی باکمال کتابوں کے مصنف، جوایک درویش، ایک فقیر اورایک دانشور اور جن کے دئیے اذکار اور تسبیحات پڑھنے والے پوری دنیا میں موجود، یہ وہی سرفراز شاہ جو اکثرکہیں "فقیر ی کا مطلب جہاں 100 فیصد اللہ اور رسول ؐ کی اطاعت وہاں فقیری میں، مَیں کو مارنا پڑے، لوگوں کی جوتیاں سیدھی کرنا پڑیں، جھوٹے برتن دھونا پڑیں، سب کو خود سے بہتر سمجھ کر سب کی خدمت کرنا پڑے اور فقیر مانگتا نہیں، عطا کرتا ہے"، یہ وہی سرفراز شاہ جو سب کوبتائیں "جب دل میں کینہ، بغض، کدورت، نفرت، دشمنی، مخالفت یا رنجش ہوتو دل سے اللہ بھی نکل جائے اور علم بھی" اور یہ وہی سرفراز شاہ جو سب کو سمجھائیں" "مایوسیوں سے بچنے کا آسان ترین نسخہ یہی کہ رب سے تعلق قائم کر لیا جائے اوررب سے تعلق قائم کرنے کا آسان ترین طریقہ یہ کہ کسی رات عشاء کے بعد دونفل پڑھ کر اپنے تمام مسائل، پریشانیوں اور فکروں کی گٹھڑیاں یہ کہہ کراس کے حوالے کر دیں کہ آج سے میں نے اپنا سب کچھ اس یقین کے ساتھ تیرے حوالے کیا کہ تو مجھ سے بہتر میرے فیصلے کرنے والا"۔

مجھے اچھی طرح یاد کہ ایک سہ پہر جب میں نے یہ پوچھا کہ "آج مسلمانوں پرہی وبال اور زوال کیوں" تو بولے "ہم عالم الاسباب میں رہ رہے اور یہاں کا قانونِ قدرت یہی کہ انسان کو وہی کچھ ملے گا جس کیلئے وہ کوشش کرے گا، لہٰذاہم جو بو رہے وہی کاٹ رہے، آج ضرورت اس بات کی کہ ہم صدقِ دل سے اسلام پر عمل پیرا ہوں" یہ کہہ کروہ لمحہ بھر کیلئے رُک کر دوبارہ بولے "مجھ سے اکثر سوال کیا جائے کہ مغرب تو اسلام پر عمل پیر انہیں پھر اتنا خوشحال اور پرامن کیسے"میں سب کو یہی کہوں کہ ہمارے مذہب کی زیادہ تر باتیں تومغرب مان کر ان پر عمل پیرا بھی، مطلب جو کچھ ہمیں کرنا چاہئے تھاوہ مغرب کررہا، ہاں یہ ٹھیک کہ نبی ؐ اور قرآن پر ایمان نہ لانے کی وجہ سے ان کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں اور انہیں ان کے اچھے کاموں کا Reward یہیں ملے گا مگر چونکہ قانونِ قدرت یہی کہ جو بوگے وہی کاٹو گے اور مغرب ہم سے بہتر بورہا لہٰذا انہیں فصل بھی بہتر کاٹنے کو مل رہی، جیسے ہی اُنہوں نے بات مکمل کی تو میرا اگلا سوال تیارتھا"سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ہم پریشان کیوں رہتے ہیں" جواب ملا"ایک تو ہم قناعت پسند نہیں رہے، میانہ روی ختم ہوچکی اور دوسر ا ہمیں کہہ کریہ بھیجا گیاتھا کہ تم نے دنیا میں رہ کر آخرت کمانی لیکن ہم نے دنیا کو ہی دل میں بسا لیا"، حضرت علی ؓ کا فرمان کہ "جو شخص دنیا پر سوار رہتا ہے وہ ڈوبتا نہیں اور جو دنیا کو خودپر سوار کر لیتا ہے اسے پھر ڈوبنے سے کوئی بچا نہیں سکتا"، کیا کبھی ہم نے یہ سوچا کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب ترین نبی ﷺدنیاوی لحاظ سے آسودہ کیوں نہ تھے، کیوں نبی ؐ اس طاقت کے ہوتے ہوئے بھی کہ اگرآپؐ چاہتے تو احدکاپہاڑ سونے کا ہوجاتا پھر بھی فاقوں میں گھرے رہے اور کیوں آپؐ یہ دعامانگا کرتے کہ "اللہ مجھے مسکینوں میں رکھنا اور قیامت والے دن مسکینوں کے ساتھ اُٹھانا"، اس لئے کہ دنیا کی کوئی حیثیت نہیں، تبھی تو قرآن کہے کہ "یہ دنیا دھوکے کا گھر اوراس کی حیثیت مچھر کے پرجتنی بھی نہیں"لہٰذاقناعت پسندی، میانہ روی کو اپنائیں اور دنیا کو باطن مطلب اپنے اندرسے نکالیں، پریشانیاں ختم ہو جائیں گی، دنیا کمائیں ضرور مگر اسے دل میں نہ بسائیں۔

دوستو! باتیںتو اور بھی مگریہ پھر کبھی سہی، آج بس آخر میں یہی بتانا کہ جب میں شاہ صاحب کا یہ عقیدہ توحید دیکھتاہوں کہ "جب ہم سب کو یہ معلوم کہ اللہ شہ رگ کے قریب، وہ عالم الغیب اور دلوں کے بھید سے بھی آگاہ، تو پھر ہم اِدھر اُدھر مارے مارے کیوں پھر رہے"جب میں ان سے رسول ؐ سے محبت کا یہ اظہارسنتا ہو ں کہ "اللہ تعالیٰ خود کوئی کام نہیںکرتا کیونکہ وہ کام کرنے کا سوچتا ہے اور کام ہو جاتاہے، اللہ تعالیٰ کی صرف ایک ہی مصروفیت کہ وہ اپنے نبی ؐ پر درود بھیجتا ہے" اور جب میں انہیں پڑھنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچتا ہوں کہ "وہ تصوف کو درباروں، میلوں ٹھیلوں، شعبدہ بازوں اور رنگ باز عاملوں کے چنگل سے نکال کر عام آدمی کے دل میں اتار رہے تو پھر بے اختیار میرے دل ودماغ میں یہی خیال آتا ہے کہ بلاشبہ اللہ والے وہی کہ جنہیں مل کر اللہ یاد آجائے اور بے شک ہماری ہی تلاش ختم ہوچکی ورنہ اللہ والے تو آج بھی موجود۔

Check Also

Mitti Ki Khushbu

By Asad Tahir Jappa