Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Irfan Siddiqui
  3. Hamara 2023 Aur Hitler Ka 1923

Hamara 2023 Aur Hitler Ka 1923

ہمارا 2023 اور ہٹلر کا 1923

ہمارے 9 مئی کی امریکی نائن الیون سے کوئی مشابہت ہے یا نہیں، یہ ٹھیک ایک صدی قبل جرمنی کے آتش بجاں نازی لیڈر، ایڈولف ہٹلر کی "شراب خانہ بغاوت" (BEER HALL PUTSCH) سے کمال درجے کی مماثلت ضرور رکھتا ہے۔ وہی سیاسی عدم استحکام، وہی اقتصادی بدحالی، وہی تبدیلی کی اُکساہٹ، وہی ہتھیلی پہ سرسوں جمانے کا دعویدار ایک شوریدہ سر لیڈر، اُس کے باغیانہ بانکپن پر فریفتہ ویسے ہی اندھے، گونگے، بہرے مقلدّین، وہی انتہا پسندی اور تعصّبات کی آندھیاں، گوئبلز کے معجزہ فن کا شاہکار وہی فریب کارانہ بیانیہ سازی، وہی کھوکھلے نعرے، وہی بے راہ و سمت جنونِ بادیہ پیمائی، وہی سازشی حکمتِ کار، وہی خوئے بغاوت۔

پہلی جنگ عظیم میں اپنے جوہر دکھانے اور زخمی ہو کر ہسپتال پہنچنے والا ایڈولف ہٹلر، صحت یاب ہو کر میونخ پہنچا تو اس کے دِل و دماغ میں تمنا کا پھول کھِل چکا تھا۔ اپنی شعلہ بیانی کے باعث وہ 1920 میں قائم ہونے والی نازی پارٹی کا سرکردہ لیڈر بن گیا۔ تین سال بعد اس نے میونخ اور پھر برلن پر قبضہ جما کر جرمن حکومت کو گرانے اور نازی پارٹی کا تسلّط جمانے کا منصوبہ بنایا۔ دو ہزار سر بہ کف انقلابی تیار کیے گئے۔

منصوبے کا آغاز 8 نومبر 1923 کو میونخ کے ایک بڑے روایتی شراب خانے سے ہوا جہاں ہٹلر کے باغیانہ خطاب نے ہزاروں لوگوں پہ سحر طاری کر دیا۔ انقلابی جتھے شراب خانے سے نکلے تو مسلح پولیس سے سامنا ہوا۔ پہلی ہی جھڑپ میں سولہ انقلابی ہلاک ہو گئے۔ ہٹلر زخمی ہوا۔ دو دِن روپوش رہنے کے بعد پکڑا گیا۔ بغاوت کا مقدمہ چلا۔ وہ ہر روز عدالت میں پیش ہوتا اور آگ اُگلتا۔ اُس کے عشّاق کی تعداد بڑھتی گئی۔ اخبارات اس کی تقاریر کی خبروں سے چھلکنے لگے۔ عدلیہ کے بعض ججوں کے دلوں میں بھی ہٹلر کا عشق سلگنے لگا۔ اُسے بغاوت جیسے سنگین جرم میں بھی صرف پانچ سال قید کی سزا ہوئی۔

ایک جج نے فیصلے میں لکھا۔ "بغاوت کے حوالے سے متعلقہ قوانین کا اطلاق کسی ایسے شخص پر نہیں ہونا چاہیے جس کے جذبات و احساسات ایک محبّ وطن جرمن شہری جیسے ہوں۔ جس کی سوچ ایک سچے جرمن جیسی ہو۔ جیسا کہ ایڈولف ہٹلر کی ہے"۔  یہ قید بھی ایسی شاہانہ تھی جس کی نظیر نہیں ملتی۔ ابھی صرف نو ماہ ہی گزرے تھے کہ نیک چلنی اور اچھے روّیے کی بنیاد پر ہٹلر کو رہائی کا پروانہ مل گیا۔ جرمنی میں"صادق" اور "امین" قرار دیئے جانے والا کوئی قانون نہیں تھا ورنہ عدلیہ بصد مسرّت اُسے یہ القابات بھی عطا کر دیتی۔

بغاوت جیسے سنگین جرم میں صرف نو ماہ کی پُر آسائش (پولیس لائنز اسلام آباد کے آراستہ پیراستہ بنگلے جیسی) قید کے بعد ہٹلر نے مروجہ سیاسی راستہ اختیار کرنے کی حکمتِ عملی اپنائی لیکن اس کے سارے تیور ایک انا پرست، شوریدہ سر اور آمادہئِ بغاوت فتنہ پرور جیسے ہی رہے۔ اُسے گوئبلز (GOEBBELS) جیسا ساتھی میسّر آ گیا جو بے سروپا الزامات اور جھوٹ پر مبنی فریب کارانہ بیانیہ تراشنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔ آج کے سوشل میڈیا کی طرح اس وقت ریڈیو اور فلم موثر ابلاغیاتی ہتھیار تھے جنہیں گوئبلز نے طلسماتی مہارت سے استعمال کرتے ہوئے نازی نظریات کو پھیلایا اور ایڈولف ہٹلر کو دیوتا کا روپ دے دیا۔ 1933 کے انتخابات میں ہٹلر کی خطیبانہ حشر سامانیوں اور گوئبلز کے جذبات انگیز بیانیوں نے رنگ دکھایا۔

ایڈولف ہٹلر جرمنی کا چانسلر بن گیا لیکن اس کے جنوں نے فارغ بیٹھنا نہیں سیکھا تھا۔ چھ برس بعد ہی اس کی توسیع پسندی نے دوسری جنگ عظیم کی آگ بھڑکائی جو چھ سال تک بھڑکتی رہی۔ ہٹلر ہار گیا۔ گوئبلز کو اپنا جانشیں نامزد کیا اور ایک تہہ خانے میں اپنی محبوبہ کے ہمراہ خودکشی کر لی۔ تاریخ کا سب سے بڑا دروغ باف اور بیانیہ ساز گوئبلز صرف ایک دِن جرمنی کا حکمران رہا۔ ہٹلر کی خود کشی کے اگلے دِن گوئبلز اور اس کی بیوی نے اپنے اکلوتے بیٹے اور پانچ بیٹیوں کو زہر دے کر ہلاک کر دیا جن کی عمریں پانچ سے تیرہ سال تھیں اور جن کے نام ہٹلر سے عشق کے باعث ایچ کے حرف سے شروع ہوتے تھے۔ اندھی عقیدت بھی انسانوں کی شخصیت کس طرح مسخ کر دیتی ہے۔ پھر دونوں نے خود کشی کر لی۔

یہ طویل کہانی بیان کرنے کا مقصد دُنیا بھر کے سیاسی مبصرین، بالخصوص جرمن مورخین کے تبصروں اور آرا کی طرف توجہ دلانا ہے جو کسی نہ کسی طور اَب تک سامنے آ رہی ہیں۔ نتیجہ یہ اخذ کیا گیا ہے کہ اگر نومبر 1923 کی "شراب خانہ بغاوت" کو واقعی ملکی دستور کے مطابق ایک سنگین جرم کے طور پر دیکھا جاتا، ہٹلر اور باغی اپنے جرم کے مطابق سزا پاتے تو کبھی نازی جرمنی وجود میں آتا نہ دنیا دوسری جنگِ عظیم کے آزار سے دوچار ہوتی، نہ چھ کروڑ انسان ایک خودسر شخص کی بپھری ہوئی انا اور پراگندہ فکری کی بھینٹ چڑھتے۔ بحث و فکر کا حاصل یہ ہے کہ "شراب خانہ بغاوت" ہٹلر اور نازی پارٹی کا نہایت احمقانہ منصوبہ تھا لیکن باغیوں سے نبٹنے کا طریقہ اُس سے بھی زیادہ احمقانہ تھا"۔ 

1923 کی شراب خانہ اور 2023 کی زمان پارک بغاوتوں کے درمیان بلا کی مماثلت کے بعد اہل پاکستان کے ذہنوں میں یہ سوال کلبلا رہا ہے کہ ہماری ریاست، شرپسندوں اور فتنہ پردازوں کے ساتھ کیا سلوک کرنے جا رہی ہے؟ پریس کانفرنسوں اور اعلامیوں کی تُرش بیانی کے باوجود ابھی تک اس سوال کا جواب نہیں ملا کہ کیا 9 مئی کے بعد بھی عمران خان کا شمار سیاستدانوں میں ہوتا ہے اور پی ٹی آئی آج بھی عمومی سیاسی جماعتوں میں گنی جائے گی یا 9 مئی کی بغاوت سے کوئی جوہری تبدیلی واقع ہوگئی ہے؟

بلاشبہ اپنے قیام سے لے کر 9 مئی 2023 تک تمام تر جمہوریت گریز اور پارلیمان بیزار رویّوں کے باوجود پی ٹی آئی سیاسی برادری کا حصہ تھی۔ عمران خان اپنی شوریدہ سری، جمہوری قدروں سے انحراف اور فتنہ پرور سرگرمیوں کے باوجود سیاست کے اکھاڑے میں تھے اور سیاستدان ہی شمار ہوتے تھے۔ لیکن کیا 9 مئی کی سوچی سمجھی منصوبہ بند بغاوت اور دو دنوں کی شرمناک دہشت گردی کو بھی عمومی سیاسی حرکیات کے کھاتے میں ڈالا جا سکتا ہے؟ کیا پٹرول بم متعارف کرانے، دفاعی تنصیبات پر حملے کرنے، کور کمانڈر ہاؤس راکھ کر دینے، فضائیہ کے اڈوں پر حملہ آور ہونے، جی ایچ کیو پر یلغار کرنے اور شہداء کی مقدس یادگاروں کے ساتھ نفرت سے مغلوب دشمنوں جیسا سلوک کرنیو الوں کو سیاسی کارکنوں ہی کی میزان پر تولنا چاہیے؟ کیا یہ جائزہ لینا منصفانہ ہوگا کہ کون کل کیا تھا اور اس سے شرافت، خدا ترسی اور خدمتِ خلق کی کتنی ایمان پرور داستانیں وابستہ ہیں یا کون کتنا بوڑھا، کمزور اور بیمار ہے؟

عمران خان کامل ایک برس تک اس "انقلاب" کی منصوبہ بندی کرتے رہے۔ اُن کے آتشیں بیانات، فوج کے سینئر عہدیداروں پر سنگین الزامات، آرمی چیف کے بارے میں برہنہ گوئی اور فدائین کو لڑنے مارنے پر اُکسانے کے ناقابل تردید شواہد کو جھٹلایا جا سکتا ہے؟ انہوں نے جواں سال "گوئبلز" کا لشکر جرار تیار کیا جن کی قدرتِ فن جوزف گوئبلز سے بھی دس ہاتھ آگے تھی۔

انہیں آج بھی یقین ہے کہ کسی آن ایک بھونچال آئے گا اور انہیں اچھال کر زمان پارک سے وزیراعظم ہاؤس لا بٹھائے گا۔ 9 مئی کی بغاوت کا مقصد اسی بھونچال کو حرکت میں لانا تھا۔ وہ کسی طور بلوائیوں کے سنگین جرائم سے بری الزمہ نہیں ہو سکتے۔ فتنہ و فساد کے دس دن بعد انہوں نے "مذمت" کا لفظ بھی اِس بے دلی اور شکستہ دلی سے ادا کیا جس طرح شادی پر آمادہ نہ ہونے والی مجبور دُلہن نکاح کے وقت ہچکیاں لیتے ہوئے "ہاں" کہتی ہے۔

امریکہ نے پارلیمنٹ پر حملہ آور ہونے والوں میں سے کسی کو نہیں بخشا۔ برطانیہ نے 2011 کے بلوائیوں کو کڑی سزا ئیں دیں، چاہے وہ کھڑکی کا ایک شیشہ توڑنے والی تیرہ سالہ بچی تھی یا دو جانگھیے چرانے والی غریب خاتون۔ اگر ہم 2023 کی احمقانہ بغاوت سے 1923 جیسی حماقت ہی سے نبٹے اور سنگین جرائم کو انسانی حقوق کی قبائے خوش رنگ پہنا دی تو ملک بھر کی ایک سو سولہ جیلوں میں بند اٹھاسی لاکھ قیدیوں کو بھی رہا کر دینا ہوگا کہ اُن میں سے کسی قیدی کا جرم، 9 اور 10 مئی کے جرائم سے زیادہ سنگین نہیں ہے۔

Check Also

Dil Ka Piyala

By Tauseef Rehmat