Saturday, 21 June 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Student Visa Ke Liye Naya Nizam

Student Visa Ke Liye Naya Nizam

سٹوڈنٹ ویزا کے لیے نیا نظام

ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے تمام سفارت خانوں میں اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے انٹرویو معطل کردیے ہیں۔ ایک نیا نظام وضع کیا جارہا ہے جس کے تحت آئندہ اسٹوڈنٹ ویزا اپلائی کرنے والوں کا سوشل میڈیا پروفائل دیکھا جائے گا۔یہ فیصلہ کیوں کیا گیا؟ اس کی وجہ یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے تھے۔ ان مظاہروں کی آڑ میں یہودی طلبہ کو ہراساں کیا گیا۔

احتجاج درست تھا یا نہیں، اظہار کی آزادی کیا ہوتی ہے، ٹرمپ انتظامیہ ٹھیک کررہی ہے یا نہیں، اس بارے میں بہت سی باتیں کی جاسکتی ہیں۔ لیکن اینڈ رزلٹ یہ ہے کہ بہت سے طلبہ کا مستقبل خراب ہوگا۔ احتجاج کم نے کیا ہوگا۔ نتیجہ بہت سے بھگتیں گے اور وہ بھی، جن کا اس سے کوئی واسطہ نہیں تھا۔

اس معاملے میں تین نکات اہم ہیں۔ ایک یہ کہ اپنے بچوں کو یوتھیا ہونے سے بچائیں۔ یوتھیا سے مراد کسی ایک جماعت کا دیوانہ نہیں۔ کسی بھی معاملے میں ضرورت سے زیادہ اچھلنا یوتھیاپن ہے۔ اپنے اسلام کو قابو میں رکھیں۔ اپنی حب الوطنی کو لگام ڈالیں۔ جتنی اوقات نہ ہو، اس سے بڑے نعرے لگانا بند کریں۔ سوشل میڈیا پر مغرب کے خلاف لکھ کر دل خوش کرنا چاہتے ہیں تو لکھیں لیکن پھر گھر سے باہر نکلنے اور کوئی بڑا کام کرنے کی تمنا نہ پالیں۔

دوسرے، ہر حکومت اپنے ملک میں امن چاہتی ہے۔ آپ دوسرے ملک میں جاکر احتجاج کو وتیرہ بنائیں گے، ہلڑبازی کریں گے، اظہار کی آزادی کے نام پر دوسروں کا جینا حرام کریں گے تو ردعمل بھی آئے گا۔ حکومتیں بہرحال عوامی تنظیموں سے زیادہ طاقتور ہوتی ہیں۔

تیسری بات یہ ہے اور یہ میرا خیال ہے جو غلط ہوسکتا ہے کہ امریکا اس لیے سوپرپاور ہے کہ اس کا نظام تعلیم بہترین ہے اور تحقیق پر بے پناہ رقوم خرچ کرتا ہے۔ مجھے یہ خیال درست معلوم نہیں ہوتا کہ کہ امریکا کی ترقی غیر ملکی طلبہ کی مرہون منت ہے۔ وہی طلبہ اپنے ملک میں رہتے تو کیا کمال دکھاتے؟ چین کی مثال دیکھیں جہاں امریکا جتنے غیر ملکی طلبہ نہیں جاتے۔ لیکن وہ ٹیکنالوجی اور دوسرے میدانوں میں ترقی کررہا ہے۔ اس کی وجہ نظام تعلیم اور تحقیق پر پیسہ خرچ کرنا ہے۔

غیر ملکی طلبہ امریکا آکر اس کی خوبیوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور اپنا مستقبل سنوارتے ہیں۔ بہت سے واپس بھی چلے جاتے ہیں۔ کیا واپس جاکر کسی نے اپنے ملک کو امریکا سے بہتر بنایا؟

اس عظیم ملک اور اس کے بہترین نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ ڈسپلن سیکھیں اور شکرگزاری کے جذبات پیدا کریں۔ ورنہ اپنے اپنے ملکوں میں احتجاج جاری رکھیں۔

Check Also

Mushtarka Khandan Aur Jadeed Samaj

By Javed Ayaz Khan