Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Mubashir Ali Zaidi/
  4. Sakhti Ka Aik Mahina Aur

Sakhti Ka Aik Mahina Aur

سختی کا ایک مہینہ اور

ورجینیا میں اگر کسی نے بی ایڈ یا ایم ایڈ نہ کیا ہو، اور اسکول ٹیچر بننا چاہے تو اسے انگریزی اور جو مضمون پڑھانا ہو، اس کا امتحان پاس کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات میں کچھ عرصہ پہلے بتاچکا ہوں۔ ملازمت ملنے کے بعد عارضی ٹیچنگ لائسنس مل جاتا ہے۔ اس کے مستقل ہونے کی شرط یہ ہوتی ہے کہ تین سال کے اندر 18 کریڈٹس کا یونیورسٹی لیول کورس کریں۔

بیشتر لوگ یہ کورس ملازمت سے پہلے اور چھ سے نو ماہ میں کرتے ہیں کیونکہ مشکل ہوتا ہے۔ لیکن ٹیچ ورجینیا کے نام سے ایک ادارہ ہے جو صرف چار ماہ میں کورس پورا کروا دیتا ہے۔ اس کی فیس بھی یونیورسٹی سے کم ہوتی ہے۔

گزشتہ سال جارجیا کے ٹی وی چینل کی ملازمت چھوڑنے کے بعد نئی ملازمت نہیں مل رہی تھی۔ میں ادھر ادھر ہاتھ پیر مار رہا تھا۔ اس عالم میں یونیورسٹی میں لرننگ ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی میں ماسٹرز کا ایڈمیشن فارم بھر دیا۔ ٹیچ ورجینیا کے کورس میں بھی داخلے کی درخواست دے دی۔ کم از کم پچاس اسکولوں کو درخواستیں بھی بھیج چکا تھا۔

مجھے معلوم نہیں کہ کس برہمن نے نئے سال کو اچھا کہا تھا۔ لیکن ہوا یہ کہ تعلیمی سال کے بیچ ایک اسکول نے ملازمت دے دی، یونیورسٹی نے داخلہ دے دیا اور ٹیچ ورجینیا سے بھی بلالیا گیا۔

ٹیچ ورجینیا نے صحیح رگڑا لگایا ہے۔ چار ماہ کے کورس میں 7 دن کی حاضری، 58 اسائنمنٹس اور 28 پئیر ریویوز کرنے ہیں۔ کسی ایک کو بھی چھوڑ دیں تو کورس سے باہر نکال دیتے ہیں۔ جنوری میں سیشن شروع ہوا تھا، اب تین ماہ ہوگئے ہیں۔ لیکن جس طرح مکمل کیے ہیں، میں ہی جانتا ہوں۔

اس کے مقابلے میں یونیورسٹی کا ہفتے میں ایک اسائنمنٹ، جسے یہ لوگ پروجیکٹ کہتے ہیں، بائیں ہاتھ کا کھیل لگتا ہے۔ اس کا ہر سیمسٹر تین ماہ کا ہوتا ہے اور پہلا کلئیر کرلیا ہے۔

اسکول میں ہر ہفتے 90 منٹ کے دس لیسن پڑھاتا ہوں۔ اس کی پلاننگ بھی اتنا ہی اہم کام ہے جتنا اس لیسن کو ڈلیور کرنا۔ پیسے آرہے ہیں، اس لیے اس کام کو ثانوی درجہ نہیں دے سکتا۔

سختی کا ایک مہینہ اور ہے۔ اس کے بعد ویسی ہی خوشی اور سکون محسوس ہوگا جیسا بچہ پیدا کرنے کے بعد زچہ کو ہوتا ہے۔

Check Also

Ehsaan Faramoshi Ki Riwayat

By Mohsin Khalid Mohsin