Jimmy Carr
جمی کار
جمی کار آئرش کامیڈین ہیں۔ اسٹینڈ آپ کامیڈی کرتے ہیں۔ نیٹ فلکس پر ان کے کئی شوز موجود ہیں۔ لیکن۔۔ اگر آپ نے انھیں نہیں دیکھا۔۔ تو خیال رہے کہ ان کے جوکس خطرناک ہوتے ہیں۔ وہ بلیک کامیڈی اور بلو کامیڈی کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ مذہب، اسلام سمیت، اور سیکس، ریپ سمیت، اور حساس موضوعات، ہولوکاسٹ سمیت، کچھ ان سے نہیں بچا ہوا۔
اگر میں جمی کار ہی کے انداز میں ان کی تعریف کرنا چاہوں تو فقرہ یوں بنے گا کہ انھوں نے تمام حساس گروہوں کی ماں۔۔
فیمنسٹس، خاص طور پر لنڈے کی فیمنسٹس ریپ جوک کا نام سن کر کی بھڑک اٹھتی ہیں۔ جمی کار کے پاس ریپ جوکس کا ذخیرہ ہے۔ ایک شو تو شروع ہی ان جوکس سے کیا تھا۔
وطن پرستوں اور فوج کے پرستاروں کو اس وقت جھٹکا لگا جب جمی کار نے کہا، ہمارے فوجیوں کے افغانستان اور عراق سے لولے لنگڑے ہوکر آنے میں بھی فائدہ ہے۔ پیرالمپکس ٹیم اچھی بن جائے گی۔ اس پر کافی لے دے ہوئی اور وزیراعظم کے دفتر سے بھی مذمت کی گئی۔
ہولوکاسٹ پر ان کے کئی لطیفے ہیں۔ مثلا ایک بار انھوں نے کے ایف سی کو پرندوں کا آش وٹز قرار دیا۔ یہ مثال مجھے بھی اچھی نہیں لگی۔ لیکن ان کا یہی انداز ہے۔
جمی کار اپنا مذاق اڑانے بلکہ خود کو ذلیل کرنے والا لطیفہ سنانے میں بھی عار نہیں سمجھتے۔ ایک بار انھوں نے کہا، میرے والد آئرش ہیں اور میری والدہ روجر فیڈرر ہیں۔ لوگ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔ آپ کو یہ لطیفہ اس وقت سمجھ آئے گا جب آپ فیڈرر اور جمی کار کی تصویریں دیکھیں گے۔
جمی کار کہتے ہیں کہ پہلے وہ کٹر مذہبی تھے لیکن پھر ملحد ہوگئے۔ بچپن میں گرجا جاتے تھے اور پادریوں کے ساتھ عبادات میں شریک ہوتے تھے۔ یہ بتاکر انھوں نے کہا، بہرحال اس کا فائدہ یہ ہوا کہ مجھے لولی پوپ چوسنا آگیا۔ لولی پوپ کی جگہ انھوں نے ایک فحش لفظ استعمال کیا۔
جمی کار اسٹیج پر کھڑے ہوکر تماشائیوں سے گفتگو کرتے ہیں اور لوگوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ان کی بے عزتی کریں۔ لوگ کوشش کرتے ہیں لیکن منہ کی کھاتے ہیں۔ اتنے بڑے جملے باز سے مقابلہ کرنا آسان ہے؟ خاص طور پر اس شخص سے، جو ماں کے بستر سے بات شروع کرتا ہو۔
ٹریور نووا اور دوسرے مقبول کامیڈین، امریکی اور انڈین کامیڈین بھی اسٹیج پر ایک گھنٹا گزارنے کے لیے کہانیاں سناتے ہیں۔ ان کہانیوں کے بیچ میں لطیفے آجاتے ہیں۔ جمی کار کہانیوں کے بجائے صرف لطیفوں اور ون لائنرز تک رہتے ہیں۔ اس طرح شو کا پیس تیز رہتا ہے۔
اگر آپ کی قوت برداشت، حس مزاح اور لطیف جذبات اجازت دیں تو جمی کار کا کوئی ایک شو ضرور دیکھیں۔ یا تو پہلے جھٹکے پر آپ کی چیخ نکل جائے گی۔ یا آپ پورے گھنٹے کا مزہ لیں گے اور پھر بار بار مانگیں گے۔ کیا سمجھے؟