Main, Ibn e Adam
میں، ابن آدم
سائنس اور ادب کو ہمیشہ سے ایک دوسرے کی ضد مانا جاتا ہے کیوں کہ سائنس اس چیز کو تسلیم کرتی ہے جس کا مشاہدہ اور تجربہ کرتی ہے جبکہ ادب اس شے پر بھی اعتقاد رکھتا ہے جو اس کی آنکھوں کے سامنے نہیں ہے۔ کوئی سائنس دان صاحب تخیل ہو سکتا ہے لیکن جب ہم سائنس کو بطور علم دیکھتے ہیں تو وہ وجود کو چھو کر دیکھتی ہے اور پھر اسے تسلیم کرتی ہے۔ ادب کسی چیز کو چھوتا نہیں ہے بلکہ اسے محسوس کر لیتا ہے۔
مزید آگے بڑھیں تو سائنس دان کسی ادیب اور شاعر کو نہیں مانتے اور نہ ہی ان کے تخیل کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہیں۔ بھلی بات کروں تو ادیب اور شاعر بھی سائنس دان سے کنی کترا کر نکل جاتے ہیں۔ افلاطون نے شاعری کو ناپسند کیا اور تخیل کو مکر اور جھوٹ قرار دیا لیکن یہ ایک الگ بحث ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ تخیل جھوٹ ہو اور اسے کوئی اکتسابی چیز قرار دے۔ یہ ایک فطری سی چیز معلوم ہوتی ہے جس سے کسی فلسفی اور سائنس دان کا کبھی بھی واسطہ پڑ سکتا ہے۔
راقم نے "میں، ابن آدم" کتاب کے ورق الٹنے شروع کیے تو پھر اسے ایک نشست میں ختم کرنا کچھ ضروری سا لگا۔ اس کے مصنف ذیشان شاہد ہیں جو کہ گورنمنٹ اسلامیہ پوسٹ گریجوایٹ کالج سانگلہ ہل میں بائیولوجی کے پروفیسر ہیں۔ موصوف کا تعلق داتا کی نگری سے ہے اور صاحب علم ہیں۔ سب سے پہلی چیز جو کسی قاری کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے وہ کسی کہانی، افسانے، ناول یا کتاب کا عنوان ہے۔
مذکورہ کتاب کا عنوان کافی جاندار معلوم پڑتا ہے اور اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ کتاب کے سمندر میں بلا خوف و خطر کود پڑنا چاہئیے۔ جب قاری پہلی چھلانگ لگاتا ہے تو اسے کچھ بکھری، الجھی، حیران کن اور متجسس کہانیاں ملتی ہیں۔ انہیں ہم افسانہ کہیں یا مختصر کہانی لیکن یہ فلسفے سے بھری پڑی ہیں اور ایک عام قاری ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتا۔
ذیشان کی کہانیاں کچھ غور کرنے کے بعد سمجھ میں آتی ہیں۔ ان کے کرداروں سے آپ کی ملاقات پہلی ہی سہی لیکن پھر بھی سبھی کردار مانوس مانوس سے لگتے ہیں۔ ان کا تعلق سائنس کے شعبہ سے وابستہ تو ہے لیکن انہوں نے سائنسی نقطہ نظر کو بھی ادب میں داخل کرنے کی کوشش کی ہے جس میں وہ کامیاب نظر آتے ہیں۔ سائنس فلسفہ سے نکلا ہوا ایک علم ہے اور اسی بناء پر وہ اپنے اندر فلسفےکو سمیٹے ہوئے ہے۔
یہی فلسفیانہ رنگ ذیشان شاہد کی کہانیوں میں سر اٹھاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ فلسفہ لفظی طور پر تو ہمیں عقل و دانش کے دائرے سے باہر نہیں نکلنے دیتا لیکن اصطلاحی طور پر یہ ہر ذی روح کو کون، کب، کیا اور کیسے کی طرف دھکیل دیتا ہے۔ استفہام اور تجسس کسی خاص طبقے کی میراث نہیں ہوتے بلکہ خدا کی عطاء ٹھہرتے ہیں۔ یہی خدا کی عطاء انہیں زمانہ طالب علمی میں نصیب ہوئی۔
ایک جگہ پر وہ لکھتے ہیں، "میں دنیا کو بتاؤں گا کہ وہ ستاروں کی جو صورت تصور کیے بیٹھے ہیں حقیقتاً ویسی نہیں ہے۔ "گویا وہ اپنی کہانیوں میں ستاروں کی اصلی صورت سے آگاہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کئی طرح کی معمولی اور عام فہم علامتوں کا استعمال کرنے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔ ان کی کہانیاں فکر و فن سے خالی نہیں ہیں بلکہ ایسی کہانیاں آج کے دور میں خال خال ہی نظر آتی ہیں کہ جن میں ہر سو قاری کو فلسفہ ہی فلسفہ نظر آتا ہو۔
بہت جلد وہ افسانے میں ایک الگ پہچان قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ استفہام اور فکر ان کے خمیر میں شامل ہے جس کی بدولت وہ اپنے ہی سوالوں کے جواب ڈھونڈ پانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ ان کے افسانوں میں ہر رنگ موجود ہے۔ آفاقی عنصر نمایاں ہے اور فطرت کی بو سطر بہ سطر رچی ہوئی ہے۔ ان کی کہانیوں میں ایک ذات سے دوسری، تیسری اور پھر چوتھی ذات تک کا سفر بغیر کسی چھڑی اور آسرے کے طے کیا گیا ہے۔
کہانیوں کے علاوہ مذکورہ کتاب "ذیشان" کے اقوال سے بھری ہوئی ہے یہ اقوال بڑے معنی خیز ہیں۔ اقوال زندگی کا نچوڑ اور تجربات سے حاصل ہوتے ہیں۔ اقوال کا تعلق ہمیشہ دانا اور بزرگ لوگوں سے جوڑا جاتا ہے۔ لیکن اس دانائی اور بزرگی کا عمر سے کوئی تعلق اور واسطہ نہیں ہوتا۔ کم عمری کے باوجود بزرگی کی باتیں کرنا ناممکن تو نہیں لیکن ایک مشکل امر ضرور ہے۔ زندگی کے تجربات اور تلخ حقائق آپ کو پری میچورٹی کی طرف لے جاتے ہیں۔
خود آگاہی اور خدا شناسی گویا زندگی کا مقصد ہے اور اسی زندگی کے کچھ کھٹے میٹھے تجربات اور تلخ ترین حقائق آپ کو ایک کم عمر بزرگ بنا دیتے ہیں۔ ذیشان کے اقوال میں موت سے محبت، قبرستان سے انس، فنا کا سفر، روح کی حقیقت، عقل اور علم کا رشتہ، مذہبی پاگل پن، کوگوں کے دوہرے رویہ جات، خاموشی اور وحشت، فطرت سے لگاؤ، حب الوطنی، ایجادات، علم و جہل، انکار اور یقین، ذلت اور عزت، تکبر اور احساس کمتری، سائنس اور فلسفہ جیسے حقائق سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔ ان کے کچھ اقوال قارئین کے پیش خدمت ہیں۔
1۔ حقیقت ہمیشہ اپنے ہمراہ ذمہ داری کا احساس لاتی ہے۔ اگر یہ حقیقت تلخ ہو تو اس کو زائل کرنے کا خیال دامن گیر ہوتا ہے اور اگر خوشگوار ہو تو یہ سوچ جنم لیتی ہے کہ اسے زائل ہونے سے بچایا جائے اور یہ دونوں صورتیں احساس ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہیں۔
2۔ مذہبی پاگل پن کی بھینٹ چڑھنے والا ہر نومولود کلی کے مانند ہے جو اپنی خوشبو کو ایک مقدس احساس کی طرح اپنے سینے میں چھپائے رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔
3۔ مجھے نفرت ہے ان لوگوں سے جو کچھ نہ ہوتے ہوئے لوگوں کے سامنے دیوتائی روپ میں ظاہر ہوتے ہیں اور شدید نفرت ہے ان لوگوں سے جو دیوتائی اوصاف رکھتے ہوئے عوام کے کسی کام نہیں آتے۔
4۔ نیند کو موت سے تشبیہہ دی جاتی ہے مگر موت نیند سے بہتر ہے۔ نیند میں انسان کے وجود اور حواس پر پردے پڑ جاتے ہیں اور موت ان پردوں کو بھی کھول دیتی ہے جو ایک بیدار انسان کے حواس پر مسلط کر دیے گئے ہیں۔
5۔ جب انسان اپنی خاموشی سے وحشت زدہ ہوتا ہے تو زبان کھولتا ہے۔
6۔ کسی نظریے کو ذہنوں سے محو کرنا چاہو تو اسے لوگوں میں عام کر دو۔
7۔ ہر خوبصورت چیز خود پسند ہوتی ہے اور جب وہ خود پسندی کھو دیتی ہے تو فطرت کے حسن کا مظہر بن جاتی ہے۔