Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hanif Ahmad Khan
  4. Aeen Se Bekhabar Pakistani Shehri

Aeen Se Bekhabar Pakistani Shehri

آئین سے بے خبر پاکستانی شہری

سب سے پہلے تو ہمیں یہ سمجھنا چاہیے، کہ آئین ہوتا کیا ہے، اور اس کی اہمیت کیا ہے؟

میں آپ کو ایک سٹیج ڈرامے کے مثال سے سمجھاتا ہوں۔ ایک سٹیج ڈرامے میں بنیادی چیزیں کیا ہوتی ہیں؟ ایک سٹیج، ایک موضوع، ایکٹرز اور سکرپٹ۔ سب سے ضروری چیز سکرپٹ ہے۔

سکرپٹ ایکٹرز کو ان کی رولز بتاتا ہے، اور پورے ڈرامے کو ایک تھیم دیتا ہے، اگر سکرپٹ نہ ہو تو پھر یہ سٹیج ایک لکڑی کا ٹکڑا اور ایکٹرز جو ان پر موجود ہیں، وہ صرف ایک ہجوم ہے، وہ ڈرامہ نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ کسی کے پاس ان کا کوئی رول نہیں ہوتا۔ اسی طرح ایک ریاست کو بھی کانسٹیٹیوشن/آئین یعنی سکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے، جو کہ حکومت کے ہر جز کو اس کا رول بتاتا ہے۔

ایک شہری کے کیا حقوق ہونگے، اور سٹیٹ کی کیا ذمہ داریاں ہوگی؟

اس کے علاوہ حکمت عملی کی اصول، وفاقِ پاکستان، صدر، مجلس شوریٰ۔

مجلس شوریٰ کے ارکان، قانون سازی، آرڈیننس، صوبے، صوبائی اسمبلیاں، صوبائی حکومتیں، صوبوں کے درمیان تعلقات، اس کے علاوہ جائداد، مقدمات، قرض لینے کا طریقہ کار۔

نظام عدالت، انتخابات، انتخابی قوانین، ہنگامی احکام، مسلح افواج، ملازمتیں، قبائلی علاقہ جات، اسلامی احکام اور وفاقی شرعی عدالت اور ایسے دیگر ارٹیکلز کے باب پاکستان کے آئین میں موجود ہیں۔

ہم اپنی روزمرہ زندگی میں اگر صابن شیمپو بھی لیتے ہیں تو اس پر سارے معلومات اور ایکسپائری ڈیٹ پڑھتے ہیں۔ نیا فون لینا ہو تو بھی پہلے اسکے بارے میں معلومات لیتے ہیں اور فون لینے کے بعد اس کی یوزر گائیڈ والی کتاب بھی پڑھتے ہیں۔ مگر کسی ملک کے شہری ہونے کے ناطے اس ملک کا آئین پڑھنا ضروری نہیں سمجھتے جو کہ بہت لاپرواہی کی بات ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں آئے روز بدامنی اور مذہبی انتہا پسندی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

اصل وجہ یہی ہے کہ پاکستان کے شہری کو پاکستان کی آئین کا پتہ نہیں۔ نہ صرف ان پڑھ شہری بلکہ اعلی تعلیم یافتہ لوگ بھی اپنے پاکستان کی دستور سے بے خبر ہے۔ ہم آئین اور دستور پاکستان کو عدالت اور وکلا کا شعبہ سمجھتے ہیں۔ اور اس کو پڑھنے یا سمجھنے کی زحمت نہیں کرتے، حالانکہ ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملک کا آئین پڑھیں اور اس کو سمجھیں اور اس سے باخبر ہو۔

آئین پاکستان کا آرٹیکل 20 کہتا ہے، کہ ہر شہری کو اپنے دین پر عمل کرنے، اپنے دینی عبادت گاہیں بنانے، اور اس کو قائم رکھنے کی اجازت ہے، جبکہ اگر آپ یہ بات ایک مسلمان شہری کو کرتے ہے، کہ پاکستان کا قانون ہندو کو مندر بنانے اور اسے قائم رکھنے کی بھرپور اجازت دیتا ہے، اور یہ پاکستان کے آئین میں موجود ہے، اور اگر کوئی ہندوؤں کو یا ان کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچائے گا، تو حکومت اس کی حفاظت کرے گی۔

تو اس مسلمان شہری کو یہ بات بہت عجیب لگے گی اور وہ کہے گا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جوکلمہ پر بنا ہے، اور یہاں پر یہ سب جائز نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر جب بھی ٹی وی کے سامنے بیٹھتے ہیں تو مذہبی انتہا پسندی کے واقعات ملک کے مختلف شہروں میں دیکھنے کو ملتے ہیں، کہ اکثر غیر مذہب لوگوں کی عبادت گاہوں کو جلایا جاتا ہے، اور غیر مسلموں کو مارا جاتا ہے مذہب کے نام پر۔

پھر اگر حکومتی ادارے ان غیر مذہبوں کی عبادت گاہوں یا ان کی بچوں اور خاندان کو بچانے کے لیے میدان میں آتے ہیں، تو وہ بھی تنقید کا نشانہ بنتے ہیں۔ کیونکہ کسی نے آئینِ پاکستان میں اقلیتوں کے بارے میں نہیں پڑھا، کہ وہاں ان کے بارے میں کیا لکھا گیا ہے، اور ان کے بحیثیت پاکستانی کونسے حقوق ہیں؟

غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو جلانا یا غیر مسلم شہریوں پر ظلم کرنا اسلام میں بھی نہیں ہے، اسلام بھی ہر کسی کے ساتھ انصاف اور رواداری سے پیش آنے کا حکم دیتا ہے، لیکن ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نہ تو اپنا دین پڑھتے ہیں اور نہ ہی اپنے ملک کا آئین۔ جسکی وجہ سے فسادات اور بدامنی پھیل رہی ہے۔

اسی طرح اگر میں آئین پاکستان کے ارٹیکل 11 کا ذکر کروں تو وہاں پر یہ لکھا گیا ہے، کہ پاکستان میں غلامی اور زبردستی کی مزدوری کی اجازت نہیں ہے، مطلب کہ کوئی بھی انسان کسی پاکستانی شہری کو غلام نہیں بنا سکتا، نا کسی پاکستانی شہری سے کوئی زبردستی مزدوری کروا سکتا ہے، اگر کوئی ایسا قدم اٹھائے گا، تو وہ آئین کو توڑے گا جو جرم کے مترادف ہوگا، اور حکومت اس کے خلاف کاروائی کرے گی۔

ایسے بہت سارے آرٹیکلز جو پاکستان کے آئین میں بہت ہی شروع میں موجود ہے جس کا عنوان فنڈامینٹل رائٹس ہے جس میں ہمارے بہت سی حقوق لکھے گئے ہیں، مگر ہم ان سے بے خبر ہیں۔

اب پاکستان کا آئین ہمیں کہاں ملے گا؟ کیا یہ صرف اسمبلی اور سینٹ میں موجود ہوتا ہے؟ یا اسے صرف پاکستان کی سیاستدان ہی پڑھ سکتے ہیں۔ یا کوئی عام شہری بھی اسے ہاتھ لگا سکتا ہے پڑھ سکتا ہے اور دیکھ سکتا ہے؟

تو جی ہاں! عام شہری بھی اس آئین پاکستان کو پڑھ سکتا ہے اور یہ پاکستان کی ہر شہری کے لیے ہے اور ان پر لازم ہے کہ آئین پاکستان پڑھے۔ آئین پاکستان کا کتابچہ آپ کو کسی بھی کتابوں والی دکان سے مل سکتا ہے، جس کو اپ لے کر سٹڈی کر سکتے ہیں۔

دونوں زبانوں میں موجود ہیں اردو اور انگلش میں اس کے علاوہ ان لائن بھی موجود ہے، اور اب تو باقاعدہ گوگل پلے سٹور میں کانسٹیٹیوشن آف پاکستان کے نام سے ایک ایپلیکیشن بھی موجود ہے جسے آپ اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کرکے آئین پاکستان کے تمام آرٹیکلز کو دیکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔

Check Also

Mitti Ki Khushbu

By Asad Tahir Jappa