Tuesday, 07 January 2025
  1.  Home
  2. Prof. Riffat Mazhar
  3. Bohran Dar Bohran

Bohran Dar Bohran

بُحران دَر بُحران

رَبِ لَم یَزل کا فرمان " میں کسی قوم کی حالت اُس وقت تک نہیں بدلتا جب تک خود اُسے اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ ہو"(مفہوم)۔ اِسی فرمان کو شعری قالب میں ڈھالتے ہوئے اقبال نے فرمایا

خُدا نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی

نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا

ہم مگر وہ قوم کہ جو اپنی حالت بدلنے کے لیے مطلق تیار نہیں۔ جب کوئی وبا گھیرتی ہے تو ہمارا زور اذانوں اور دعاؤں پر ہوتا ہے، دواؤں پر ہرگز نہیں جبکہ دُعائیں بھی اُسی وقت مستجاب ہوتی ہیں جب انسان خود کوشش کرے۔ قوم کو تو رکھیں ایک طرف، خود حکمرانوں کو بھی ملک کا خیال نہ عوام کا۔ صرف غریبوں کی ہمدردی میں "ٹَسوے بہانے" کے سوا حکومت کا دامن خالی۔ جب سے یہ حکومت "مسلط" ہوئی ہے، ڈھنگ کا کوئی ایک کام بھی نظر نہیں آیا۔ اقوامِ متحدہ میں بڑھکیں لگانے والے اب کشمیر کو فراموش کر چکے۔ بھارت کی دَراندازی پر کبھی کبھار وزارتِ خارجہ کا ٹوٹاپھوٹا بیان نظر آجاتا ہے یا پھر خانِ اعظم کا مودی کو "ہٹلر" کہنا۔ اب کشمیر کو تو بھول ہی جائیں کہ حکمرانوں کی نظر میں وہ قصہَ پارینہ بن چکا۔

کورونا کی وَبا تو جنوری میں ہی چین کے شہر ووہان میں پھیل چکی تھی اور کچھ ہی عرصہ بعد ہمارا پڑوسی ایران بھی اِس کا شکار ہوگیا لیکن چین اور ایران کے درمیان سینڈوِچ بنے پاکستان کے حکمران اِس وَبا سے بچنے کے لیے حفاظتی انتظامات کی بجائے اپوزیشن پر آگ کے گولے برساتے اور طنز کے نشتر چلاتے نظر آرہے تھے۔ جب پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیاتو حکمرانوں نے مطلق پرواہ نہ کی۔ پھر ایران سے زائرین دھڑادھڑ پاکستان میں داخل ہونے لگے تو اُنہیں قرنطینہ میں رکھنے کی بجائے شُتربے مہار کر دیا گیا۔ یہ کام دَرآمد شدہ مشیروں اور وزیروں نے سرانجام دیا۔ کورونا وائرس آہستہ آہستہ پھیلتا رہا اور "نیرو" چین کی بانسری بجاتا رہا۔ شاید اُس کا ٹارگٹ کبھی کورونا تھا ہی نہیں، وہ تو احتساب کے نام پراپوزیشن کوختم کرنے کے لیے آیا تاکہ "گلیاں ہو جان سُنجیاں وِچ مرزا یار پھرے"۔

سندھ حکومت نے اِس وَبا کا بھلے تاخیر سے ہی لیکن ادراک تو کیا اور حفاظتی اقدامات میں جُت گئی جس پر خانِ اعظم نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ پیپلزپارٹی اور تحریکِ انصاف میں لفظی گولہ باری شروع ہو گئی۔ شروع شروع میں سندھ حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ مرکز کے قدم سے قدم ملا کر چلے لیکن خانِ اعظم کو تو مِل بیٹھ کر کھانے کی عادت ہی نہیں۔ اللہ بھلا کرے سندھ کے وزیرِاعلیٰ مرادعلی شاہ کا جو مرکز کی شدیدترین مخالفت کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں مکمل طور پر خانِ اعظم کے قبضہَ قدرت میں ہیں اِس لیے وہاں ہر پالیسی اُنہی کی ہدایت کے مطابق ترتیب دی جاتی ہے۔

میاں شہبازشریف لندن سے واپس آئے تو طرح طرح کی کہانیاں گھڑی گئیں اور اُنہیں قابو کرنے کے لیے منصوبے تیار ہونے لگے اورحکومت نے اپنی "نیبی تلوار" کو صیقل کرنا شروع کر دیا۔ لال حویلی والے نے میڈیا پر بیٹھ کر باربار یہ اعلان کیا کہ عید کے بعد شہبازشریف کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ چیئرمین نیب سے سوال ہے کہ کیا شیخ رشید نیب کا ترجمان ہے؟ ۔ اگر نہیں تو اُسے مصدقہ اطلاعات کون پہنچاتا ہے؟ ۔ ایسا کیوں ہے کہ کسی بھی شخص کی گرفتاری سے پہلے حکومتی وزیرمشیر اُس کی گرفتاری کی اطلاع دے دیتے ہیں؟ ۔ کیا احتساب اِسی کا نام ہے؟ ۔ پروگرام کے مطابق عید کے بعد میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 2 جون کو طلب کر لیا گیالیکن میاں صاحب نیب عدالت جانے کی بجائے کسی محفوظ جگہ پر چھُپ گئے اور اگلے دن لاہور ہائیکورٹ سے 17 جون تک عبوری ضمانت منظور کروا لی۔ پھر بھی شرم گھول کر پی جانے والی نیب نے اُنہیں 9 جون کو طلب کر لیا حالانکہ میاں شہباز شریف نیب کوباربار درخواست کر چکے تھے کہ وہ کینسر کے مریض ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے وہ نیب آفس نہیں آسکتے کیونکہ نیب کے کئی اہلکار بھی کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں اِس لیے اُنہیں سوالنامہ بھیج دیا جائے یا ویڈیولنک پر انکوائری کر لی جائے لیکن نیب کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ میاں شہباز شریف 9 جون کو نیب آفس میں پیش ہوئے، اُن سے ڈیڑھ گھنٹے تک انکوائری ہوئی اور اب وہ کوروناوائرس میں مبتلا ہو کر قرنطینہ میں ہیں۔ یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ میاں شہباز شریف کوروناوائرس نیب آفس سے لائے یا کہیں اور سے لیکن کیا نیب کا کینسر کے مریض کے ساتھ یہ رویہ درست تھا؟ ۔

کورونا وائرس اپنی تمامتر تباہ کاریوں کے ساتھ پاکستان پر مسلط ہو چکا لیکن خانِ اعظم اب بھی لاک ڈاوَن کے خلاف تقریریں فرما رہے ہیں۔ اُن کے فرمودات کا سارا زور اِس بات پر کہ لاک ڈاوَن سے غریب بھوکے مر جائیں گے حالانکہ پاکستانی قوم اتنی مخیر کہ تاریخِ پاکستان میں آج تک کوئی بھوک سے نہیں مَر ا۔ غریبوں کی ہمدردی میں "اشکبار" خانِ اعظم کی ہمدردی موجودہ بجٹ میں کھُل کر سامنے آگئی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا مظلوم ترین طبقہ سفیدپوش تنخواہ دار ہے اور لَبِ گور پینشنر۔ بجٹ سے چند دن پہلے یہ شوشہ چھوڑا گیا کہ آئی ایم ایف نے تنخواہوں میں 20 فیصد کٹوتی کا مطالبہ کر دیا ہے لیکن خانِ اعظم اِس پر ڈٹ کر کھڑے ہو گئے ہیں۔ ہمارا ماتھا تو اُسی وقت ٹھَنکا کہ اب تنخواہ دار اور پینشنرز کو کچھ نہیں ملنے والا۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خودکشی کو ترجیح دینے والے خانِ اعظم سے سوال ہے کہ اُنہوں نے تو خودکُشی نہیں کی، کیا اب پندرہ بیس ہزار تنخواہ اور پینشن لینے والے خودکُشی کر لیں۔ ریاستِ مدینہ کے دعویدار سے سوال ہے کہ اگر تمامتر حکومتی سہولیات اور ذاتی گھرکے باوجود "دو افراد" کا 2 لاکھ تنخواہ میں گزارہ نہیں ہوتا تو اُن سے کئی گنا کم تنخواہ اور پینشن پانے والوں کا گزارہ کیسے ہوگا؟ ۔ حضورِاکرمﷺ کا فرمان ہے "تم میں سے ہر ایک راعی ہے جس سے روزِ قیامت اُس کی بھیڑوں کا حساب ضرور لیا جائے گا"۔ کیا خانِ اعظم کو روزِ محشر اپنی پُرسش کا کچھ خیال نہیں؟۔

بجٹ تقریر میں حماداظہر فرما رہے تھے کہ موجودہ بجٹ میں کوئی نیاٹیکس نہیں لگایا گیا۔ سوال یہ ہے کہ پہلے سے مسلط کردہ ٹیکسز کیا کم تھے جو عوام پر ٹیکسز کا مذید بوجھ ڈالا جاتا؟ ۔ اگر حکمران پہلے سے مسلط کردہ ٹیکسز میں کمی کرتے تو کہہ سکتے تھے کہ نہ صرف کوئی نیا ٹیکس لگایا گیا بلکہ کمی بھی کی گئی۔ مہنگائی کے ہاتھوں عوام کی زندگی اجیرن ہے اور حکومت بڑے فخر سے کہہ رہی ہے کہ اُس نے عوامی خون کا آخری قطرہ نہیں نچوڑا۔ یہ واحد بجٹ تقریر تھی جس پر اپوزیشن کو بجٹ تقریر کی کاپیاں تک مہیا نہیں کی گئیں۔ اپوزیشن تو حسبِ سابق شور مچاتی ہوئی بجٹ تقریر سے واک آوَٹ کر گئی لیکن اپنے پیچھے یہ سوال چھوڑ گئی کہ کیا اُس کا یہ رویہ درست تھا؟ ۔ کیا اُسے فرینڈلی اپوزیشن نہیں کہا جائے گا جو جب بھی کوئی ایسا موقع آتا ہے تو حکمرانوں پر تنقید کرنے کی بجائے واک آوَٹ کر جاتی ہے؟ ۔ شنید ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان یہ طے پا چکا کہ بجٹ سیشن میں اپوزیشن کٹوتی کی تحریکیں ضرور پیش کرے گی لیکن پھر خود ہی واپس لے لے گی۔ اِس پر جمعیت علمائے اسلام نے شدید احتجاج بھی کیا اور یہاں تک کہہ دیا کہ اصل اپوزیشن صرف جمعیت علمائے اسلام ہے۔ جب یہ حالت ہو تو پھر خیر کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں بسنے کے مترادف۔

Check Also

Afghanistan Ki Kahani

By Khalid Mahmood Faisal