وزیراعظم کا "امر بالمعروف"اور مولانا کا"نہی عن المنکر"جلسہ
عزت مآب جناب وزیر اعظم عمران خان کی آتش بیانی جاری ہے لیکن "لاوا فشانی" میں کمی آرہی ہے۔ آسمان سے ہم کلام شعلوں کی لپک جھپک قدرے مدھم پڑنے لگی ہے۔ آتش فشاں کے سینے میں لاوے میں ڈھلتے کیمیائی اجزائے ترکیبی کی حدت اور شدّت تو موجود ہے لیکِن جوش و خروش مدھم پڑ گیا ہے جو آتشیں لاوے کو دہانے تک لاتا اور فوارے کی صورت اگلتا ہے۔
خان صاحب کی بدن بولی میں بھی آہوئے تتاری جیسی طراری اور طرحداری نہیں رہی جو مدتوں جوانان قوم کا لہو گرماتی اور حسینان وطن کے دل گدگداتی رہی۔ تاریخ پر نظر رکھنے والے لوگ پیچھے پلٹ کر دیکھتے ہیں تو کتنے ہی وزرائے اعظم خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بے مہر ہواؤں کا رزق ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ لیکِن اْن میں ایک بھی ایسا نہیں جو خان اعظم کی طرح یوں صحرائی بگولوں کی زد میں آئے، ورق بوسیدہ کی طرح یوں پارہ پارہ ہو رہا ہو۔ شکستگی کی ایسی قابل رحم جان کنی کسی نے نہیں دیکھی۔
برس ہا برس اپنے حریفوں کی دستاریں اچھالنے، انکے گریبان نوچنے، انکے لباس پر سیاہی تھوپنے، انکی پیشانیاں نوع بہ نوع الزامات سے داغنے، انہیں آخری درجے کی تحقیر اور تذلیل میں لتھڑے القابات دینے، انہیں جیلوں میں ڈالنے، انکی بہو بیٹیوں کو خوئے انتقام کا نشانہ بنانے، انکے گھر نیلام کرنے، ہر قومی ادارے کو انکے تعاقب میں لگا دینے اور اپنے زیر اثر میڈیا کو اْنکی کردار کْشی کیلئے وقف کر دینے کے طویل سلسلے کو اب خان صاحب نے قرآنی حکم "امربالمعروف" کا تقاضا قرار دے دیا ہے۔
ہم بھی کیا کم فہم لوگ ہیں جو خان صاحب کے اس "جہاد" کو عدم رواداری کا بزدلانہ رویہ، غیرجمہوری سوچ کا آمرانہ طرز عمل اور طفلان کوچہ و بازار کا کھلنڈراپن قرار دیتے رہے۔ اب کھلاکے خان صاحب کے نزدیک یہ سب قرآنی حکم "امر بالمعروف" کا تقاضا تھا جس کی تلقین اللہ تعالیٰ نے فرمائی ہے۔ سو بجا طور پر خان صاحب خود کو نیکی، پارسائی، خیر، حق، سچائی اور صراط مستقیم کی ارفع علامت خیال کرتے اور جذبہ ایمانی کی حدوں کو چھوتا یقین کامل رکھتے ہیں جو خان صاحب کے اس مرتبہ و مقام کے منکر ہیں۔ انکی حیثیت کم و بیش وہی ہے جو پیغمبروں پر ایمان نہ لانے والوں کی ہوتی ہے۔
کم از کم میرے علم میں نہیں کہ کسی پیغمبر نے بھی اپنے منکرین کی آنے والی نسلوں کو بددعا دی ہو اور کہا ہو کہ تمہارے بچے سکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کر سکیں گے۔ تمہارے بچوں سے کوئی شادی نہیں کریگا۔ تم کسی تقریب میں جا نہیں سکو گے۔ تم اچھوت بن کر رہ جاؤ گے۔ خان صاحب صدق دل سے سمجھتے ہیں کہ جو سیاستدان حلقہ بگوش تحریک انصاف ہوئے، وہ در اصل حلقہ کفر و شرک سے نکل کر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ہیں۔ اب اگر کوئی تحریک انصاف سے مایوس ہو کر اس سے رشتہ توڑتا ہے تو وہ "ارتداد" کا ارتکاب کرتا اور "مرتد" ہو جاتا ہے۔
یہ سوال بے معنی ہے کہ خان صاحب نے یہ کیسے جان لیا کہ بائیس کروڑ انسانوں کے انبوہ بے کراں میں صرف وہی نیکی، حق، سچائی اور پارسائی کا مجسمہ ہیں اور جو اْنکے دستِ مبارک پر بیعت نہیں کرتا یا بیعت کر کے اسے فسخ کر دیتا ہے وہ گردن زدنی ہے۔ ایسے شرانگیز سوالات حجت بازی اور فتنہ سازی کے زمرے میں آتے ہیں۔ معلوم ہونا چاہئے کہ جب خان صاحب خود ایسا سمجھتے اور ببانگ دہل ایک "برانڈ" ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں تو پھر کسی اور دلیل کی کیا حاجت رہ جاتی ہے۔ ایسے بدگمان، خان صاحب کے اقوال اور دعووں کی
مین میخ نکالنے کے بجائے، اْن کی زندگی کے نشیب و فراز پر ہی ایک چھلچھلاتی ہوئی نظر ڈال لیں تو انہیں بخوبی اندازہ ہو جائے گا اگر خان صاحب خود کو مجسمہ خیر اور دوسروں کو "شیطان مجسم" خیال کرتے ہیں تو اس میں بڑی حد تک حق بجانب ہیں۔
خان صاحب کے دل و دماغ میں یہ بات بھی رچ بس چکی ہے کہ 2018کے انتخابات میں پوری قوم وارفتگی کے عالم میں اٹھ کھڑی ہوئی تھی اور اْن کا دامن ووٹوں سے مالا مال کر دیا تھا اس لئے صرف وہی پاکستانی عوام کی نمائندگی کا استحقاق رکھتے ہیں۔ اگرچہ اعداد و شمار کی تصویر کچھ اور کہتی ہے۔ 2018میں ساڑھے دس کروڑ کے لگ بھگ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے پانچ کروڑ اکتیس لاکھ تئیس ہزار سات سو تینتس (53123733) نے ووٹ کا حق استعمال کیا تھا۔ عین گنتی کے وقت ناگہانی طور پر آر۔ ٹی۔ ایس کی حرکت قلب بند ہو جانے اور خان صاحب کی اْمنگوں کو مادر مشفق کی طرح لوریاں دیتی ہواؤں کے باوجود تحریک انصاف ایک کروڑ انہتر لاکھ تین ہزار سات سو دو (16903702) ووٹ لے سکی جو پول شدہ ووٹوں کا 31.82فی صد تھے۔
باقی 68.18فیصد ووٹ، جو پاکستانی عوام ہی کے تھے، تحریک انصاف کے خلاف کھڑی جماعتوں یا امیدواروں کو ملے۔ "چوروں " کی جماعت مسلم لیگ (ن) نے چہار سمت سے اٹھتی آندھیوں کے باوجود ایک کروڑ انتیس لاکھ چونتیس ہزار پانچ سو نواسی (12934589) ووٹ لئے۔ "ڈاکوؤں" کی جماعت پیپلز پارٹی نے انہتر لاکھ چوبیس ہزار تین سو چھپن (6924356)ووٹ لئے۔ صرف چوروں اور ڈاکوؤں کے ووٹ جمع کر لئے جائیں تو وہ خان صاحب کے ووٹوں پر بھاری ہیں۔ گویا ناسازگار موسموں کے باوجود عوام نے خان صاحب کی نسبت چوروں اور ڈاکوؤں کو زیادہ لائق اعتماد جانا۔
خان صاحب کے 31.82فیصد کے مقابلے میں ان دونوں کے ووٹ 37.38فیصد بنتے ہیں۔ لیکن "امر بالمعروف" کے پرچم بردار سربکف سپاہ کے نزدیک اس طرح کے اعداد و شمار بے معنی ہوتے ہیں۔ وہ اپنے آپ مانے، اپنے ترازو، اپنے اوزان، اپنے عقیدے، اپنے نظریے، اپنا استدلال، اپنا فلسفہ، اپنا اسلوب، اپنا لہجہ، اپنی زبان اور اپنا بیانیہ رکھتے ہیں۔ اْن کی عدالت میں کسی وکیل، کسی، اپیل، کسی دلیل کا گزر نہیں۔
خیر کا مجسمہ اور پارسائی کا برانڈ ہونے کے باوجود، خان صاحب عبرت کا قابل رحم نمونہ کیوں دکھائی دے رہے ہیں؟ یہ واقعی ایک اہم سوال ہے۔ ابھی کل کی بات ہے 2012میں پیپلز پارٹی عہد کے وزیراعظم، سید یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کے جرم میں فارغ کر دیا گیا۔ پی۔ پی۔ پی اپنے پاؤں پر کھڑی رہی۔ کوئی حواس باختہ نہ ہوا۔ بڑے تحمل سے راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم چن لیا گیا۔ پی۔ پی۔ پی نے پانچ سال کا عہد حکمرانی مکمل کر لیا۔
2017میں وزیراعظم نواز شریف، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے گناہ کبیرہ کے سبب، عمر بھر کے لئے سیاست بدر کر دیئے گئے۔ ہر طرف سے حملہ آور ہوتی منہ زور آندھیوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کا کوئی ایک رْکن اپنی جگہ سے نہ ہلا۔ کسی کا "دہن" "دہانے" میں نہ بدلا۔ کسی نے کسی کو گالی دی نہ اْسکی آنے والی نسلوں کو کوسنے۔ شاہدخاقان عباسی قائد ایوان چن لئے گئے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنی پانچ سالہ مدت اقتدار مکمل کر لی۔ آج مشکل میں کھڑی تحریک انصاف ایسا کیوں نہیں کر سکتی؟
اسکے دو بڑے اسباب ہیں۔ پہلا یہ کہ پی ٹی آئی کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل نہیں۔ اسکی بیساکھیوں کو دیمک کھا چکی ہے۔ اْنکی اپنی جماعت بند مْٹھی میں ریت کی طرح انکے ہاتھ سے نکلی جا رہی ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ "منکرین" یا "مرتدین" کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اب اس میں مسلم لیگ ن یا پیپلزپارٹی جیسی سکت نہیں رہی کہ وہ اپنا وزیر اعظم چن سکے۔ دوسری اور سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی یا نواز شریف کے متبادل تلاش کر لینا تو ایسا مشکل کام نہ تھا لیکن خان صاحب کا " نعم البدل" کوئی کہاں سے لائے۔ سو لگتا یہ ہے کہ خان صاحب گئے، تو پی ٹی آئی کی حکومت بھی گئی۔
آپ نے دیکھا ہوگا کہ وزیر اعظم عمران خان، ہر روز، صبح وشام طرح طرح کے اجلاس بلا رہے ہیں۔ بنی گالا سے ایک کارواں نکل رہا ہوتا ہے تو دوسرا دروازے پے کھڑا ہوتا ہے۔ لیکِن خان صاحب اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نہیں بلا رہے؟ وجہ؟ صرف یہ کہ وہ "172" کی طلسماتی تعداد کہاں سے لائیں؟ ورنہ اپوزیشن کے شور شرابے کا توڑ یہی تھا کہ خان صاحب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر 172 کی تعداد دکھا دیتے۔ نہ دس لاکھ کا مجمع لگانا پڑتا نہ آئین و قانون سے کھیلنے کی ضرورت محسوس ہوتی۔
اور ایک گزارش اپنے دیرینہ کرم فرما مولانا فضل الرحمن سے جن سے میرا برسوں کا رشتہ ارادت مندی ہے۔ میرا ایک فدیانہ اور عاجزانہ سا مشورہ ہے کہ جس طرح عزت ماب عمران خان نے اپنے جلسے کو "امر بالمعروف" کا نام دیا ہے اسی طرح حضرت، متحدہ اپوزیشن کے جلسے کو "نہی عن المنکر" کا نام دے دیں جو نہایت ہی بر محل اور بامعنی ہوگا۔
"گر قبول افتد زہے عز و شرف"