Wednesday, 25 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaigham Qadeer
  4. Mukhtalif Rangon Wali Billian

Mukhtalif Rangon Wali Billian

مختلف رنگوں والی بلیاں

کیا آپ کو پتا ہے ماداؤں میں دونوں ایکس کروموسومز کا اظہار نہیں ہوتا جبکہ نر میں ایکس اور وائے دونوں کا ہوتا ہے، اور اسی وجہ سے بلیاں مختلف رنگت والی کھال رکھتی ہیں۔ ہوتا یوں ہے کہ ہمارا جینیاتی کوڈ ہر خلئے میں ڈی این اے کی شکل میں موجود ہوتا ہے اور یہ ڈی این اے ہمارے تمام خلئیوں میں مختلف طرح کی پیکنگ کے ساتھ موجود ہوتا ہے اسے ہم کروموسوم کا نام دیتے ہیں۔ ان کروموسومز میں دو کروموسوم ایسے ہوتے ہیں جو کہ جنس کا تعین کرتے ہیں۔

دو ایکس ہوں تو مادہ اور ایک ایکس اور وائے ہو تو نر، نر میں دونوں کروموسومز برابر کا اظہار رکھتے ہیں۔ لیکن ماداؤں میں یہی صورتحال یکسر مختلف ہوتی ہے ان میں ایک نامعلوم مظہر کی وجہ سے دو ایکس کروموسومز میں سے ایک کروموسوم ان ایکٹو ہو جاتا ہے۔ اس ان ایکٹیویشن کی وجہ سے صرف ایک ایکس کروموسوم اظہار کی صلاحیت رکھتا ہے، اور تمام ممالیہ جانوروں میں ایسا ہوتا ہے۔ اب بلیوں میں یہ ایکس کروموسوم رنگ کا بھی تعین کرتے ہیں۔

بعض اوقات دونوں کروموسوم مختلف رنگت رکھتے ہیں اور دونوں ہی ان رنگت والی الیلز کا اظہار کرا دیتے ہیں۔ الیل آپ وہ جگہ سمجھ لیں جہاں کسی خاص خصائص کے جینز موجود ہوتے ہیں۔ جبکہ جین ڈی این اے کا وہ حصہ ہے جو کہ خصائص میں تبدیل ہوتا ہے۔ یہ ایکس کروموسوم تب ان ایکٹو ہوتے ہیں جب ماں کے پیٹ میں صرف نئے بچے کے آٹھ خلئے بنے ہوتے ہیں اور اس مقام پہ کسی بھی دوسرے خلئے کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کونسا ایکس ان ایکٹو ہوگا۔ یہ محض ایک اتفاق پہ ہی چلتے ہیں۔

مثال کے طور پہ میری بلی کے دونوں ایکس کروموسوم مختلف رنگ رکھتے ہیں تو ایسے میں اگر آٹھ خلئیوں میں سے ایک خلئیہ بھی کالے رنگ والے ایکس کی بجائے سفید یا بھورے رنگ والے ایکس کا اظہار کردے تو اس خلئے سے بعد میں اربوں نئے بننے والے خلئے باقی کے سات خلئیوں سے بننے والے اربوں خلئیوں سے مختلف رنگ رکھیں گے۔ اسی وجہ سے ان کی جلد کا رنگ مختلف ہوتا ہے۔

ان بلیوں کو پوری دنیا میں خوش قسمتی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے اور ان کے ساتھ کئی کہانیاں بھی منسلک ہیں کہ کیسے یہ بلیاں پیسہ، خوش قسمتی وغیرہ گھر میں لاتی ہیں۔ خیر یہ بات تو محض ایک خوش فہمی ہی ہے۔ لیکن بلیوں کی جنیٹکس کافی دلچسپ ہے اور ان میں اس رنگت کے اظہار کی وجہ بنتی ہے۔ اسی طرح مختلف طرح کی رنگت کے اظہار والا میکنزم مختلف جانداروں نے ایڈاپٹ کیا ہے جس کے کئی فوائد ہیں جیسے زہبرا اپنی رنگت سے چکماء دیتے ہیں تو وہیں سنڈیاں وارننگ۔

بلیوں میں یہ رنگت ایک جینیاتی تغیر کی وجہ سے آتی ہے اور چونکہ صرف مادائیں دو ایکس کروموسوم رکھتی ہیں تو اس لئے ان کے نر بہت کم ایسی رنگت رکھتے ہیں۔ اور جو نر رکھتے ہیں وہ دو ایکس کروموسومز کی وجہ سے infertile ہوتے ہیں۔ ماداؤں میں ہونے والے اس مظہر کا ہمیں ابھی تک بہت کم علم ہے کہ آخر وہ کونسی وجوہات ہیں جو ایسا کراتی ہیں۔ لیکن آپ ایک چھوٹی سی پوسٹ میں آدھی جنیٹکس سیکھ گئے ہیں۔

Check Also

Khoobsurat Qeemti Libas Aik Junoon

By Saira Kanwal