Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaigham Qadeer
  4. Khushion Ka Taluq Hamari Genes Se Hai

Khushion Ka Taluq Hamari Genes Se Hai

خوشیوں کا تعلق ہماری جینز سےہے

ہماری زندگی میں موجود 40% تک خوشیوں کا تعین ہمارے جینز کرتے ہیں۔ خوشیوں کا تعین ہمارا ماحول کرتا ہے لیکن ان پہ ہمارے جینز کا بھی بہت زیادہ عمل دخل ہے۔ یہ بات کافی حیران کن اور جنرلائزڈ ہو سکتی ہے لیکن خوشیوں پہ ہماری جنیٹکس کا بہت زیادہ عمل دخل ہوتا ہے۔ ہم اپنے ارد گرد دیکھیں تو ہمیں کچھ لوگ حد سے زیادہ خوش دکھائی دیتے ہیں اور ان کا پورا گھرانہ بھی خوش باش دکھائی دیتا ہے تو ایسے میں اس بات کا کیا یہ مطلب نکلتا ہے کہ ہماری خوشیوں کا تعین جنیٹکس کرتی ہیں؟

جی ہاں!

حالیہ ریسرچ اینالیسز سے ہمیں یہ پتا چلا ہے کہ ہماری خوشیوں کا 40% ہمارے جینز کنٹرول کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے ہماری خوشیوں کا تعین ہوتا ہے لیکن سوال پیدا ہوتا ہے کہ خوشی کا تعین کیسے کیا جا سکتا ہے؟

ماہرین نفسیات کے مطابق خوشی کا تعین تین بنیادی فیکٹر کرتے ہیں۔

1۔ زندگی سے اطمینان۔

مطمئن زندگی خوشیوں کی طرف اٹھا پہلا قدم ہو سکتی ہے ایک انسان اپنے حال، ماضی اور مستقبل سے اگر راضی ہے تو وہ ایک خوشحال زندگی گزار سکتا ہے۔ لیکن ہمارا ماضی ہمارے مستقبل پہ بہت اثر انداز ہوتا ہے۔ جیسے اگر ایک شخص کسی قسم کے ٹراما سے گزر چکا ہے تو وہ اسی ڈر میں رہے گا کہ اسی خوشیوں کو کوئی چیز کھا نہ جائے کیونکہ وہ اپنے ماضی سے ڈرا ہوتا ہے۔ ایسے میں ماضی کے تلخ تجربات ہمارے مستقبل کی سمت کو بری طرح سے متاثر کر سکتے ہیں۔

2۔ اپنے کام میں مگن رہنا۔

پیار ہو یا آفس کی نوکری اگر آپ اپنے کام میں مکمل دلجمعی کیساتھ مگن رہتے ہیں تو آپ خوش رہیں گے وہیں وہ کام جن کو کرنے پہ آپ خود دل سے راضی نہیں ان کو کرنے کے دوران آپ اپنی توجہ کھو دینے کی وجہ سے پریشانیوں میں ہی گھرے رہیں گے سو اپنے کاموں میں مگن رہنا اور پورے دل کیساتھ ان کو کرنا، خواہ وہ بیوی کی خدمت ہو یا آفس کی نوکری، ہمیں خوش رکھ سکتے ہیں۔

3۔ زندگی میں کوئی مقصد رکھنا۔

آپ عموماََ دیکھیں گے کہ زیادہ تر لوگ اپنی زندگی کا کوئی واضح مقصد نہیں رکھتے اور زیادہ تر لوگ ناخوش بھی ہوتے ہیں۔ اگر آپ ناخوش لوگوں کی فہرست نکالیں تو ان میں ان لوگوں کی تعداد حد سے زیادہ ہو گی جو کہ اپنی زندگی میں کوئی واضح مقصد نہیں رکھتے اور یہی لوگ خوشیوں کے سفر میں مات کھا جاتے ہیں۔ کیونکہ خوشیوں کا سفر تب ہی شروع ہوتا ہے جب آپ زندگی میں کوئی مثبت سمت رکھیں اگر آپ کوئی سمت ہی نہیں رکھتے تو آپ کا ناخوش رہنا بنتا ہے۔

ایسے میں سوال وہیں پہ رہ جاتا ہے کہ کیا خوشیوں کا تعلق کسی ایک مخصوص جین سے ہے؟

تحقیق سے ہمیں یہ بات پتا چلتی ہے کہ ہمارے اندر موجود خود اعتمادی، خود انحصاری اور خوشیوں کا تعلق کسی نا کسی طرح سے ہمارے جینز سے جا ملتا ہے۔ ان میں سے ایک تحقیق سے یہ بھی بات پتا چلتی ہے کہ ایک جین 5-HTTLPR کا زندگی سے خوش رہنے سے گہرا تعلق ہے۔ جن لوگوں میں یہ جین موجود ہوتا ہے ان میں اپنی زندگی مطمئن ہونے کی شرح باقیوں سے زیادہ ملتی ہے۔

اسی طرح ایک اور تحقیق میں تین لاکھ لوگوں کے ڈی این اے میں کچھ ایسی تین مخصوص جگہیں دیکھی گئی ہیں جو کہ اچھی دماغی صحت یا پھر ذہنی تسکین کی وجہ بن رہی تھی۔ سو ان چنیدہ تحقیقات سے ابھی تک یہی اشارہ ملتا ہے کہ ہماری خوشیوں کا تعلق ہمارے جینز کیساتھ کافی حد تک موجود ہے۔

لیکن!

ہمارا ماحول ہماری دماغی صحت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جیسا کہ فرض کریں ایک بچہ کافی صحت مند جینز رکھتا ہے اور یہ اسے خوش رہنے پہ مجبور کرتے ہیں مگر وہیں وہ بچہ بچپن سے ہی ایسی پریشانیوں میں گھرا رہتا ہے اور اپنے گرد ایسا ماحول پاتا ہے جو کہ حد سے زیادہ تلخ ہوتا ہے تو اس میں خوش رہنے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہے گی اور وہ چڑ چڑا ہو جائے گا۔

اسی طرح یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ ایک دوسرے کیساتھ تشکر کا اظہار کرنے میں عار محسوس نہیں کرتے اور رفاعی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ان میں خوش رہنے کا تناسب باقی لوگوں سے زیادہ ہوتا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ بہت سے لوگ جو کہ باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں اور اچھی غذا لیتے ہیں تو وہ بھی زیادہ تر اوقات خوش رہتے ہیں۔

سو خوشیوں کا شارٹ کٹ رفاعی کام کرنا، تشکر کا اظہار، ورزش کرنا اور اچھی غذا ہونا ہے۔ لیکن بعض اوقات ہمارے گرد کچھ لوگ بہت تلخ آ جاتے ہیں ان کا کیا کرنا چاہیے؟ ایسی صورتحال جس میں ہمیں سر درد کرنے والے لوگوں کا سامنا کرنا پڑ جائے جو کہ ہمارے لئے پریشانیاں ہی پریشانیاں لانے کا باعث بنتے ہیں ہمیں ان سے اجتناب برتنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اپنی زندگی سادہ سی سمت میں رکھ کر سکون سے گزاریں۔ کیونکہ ایک خوشحال زندگی لمبی عمر کی ضمانت ہو سکتی ہے۔

رہی بات جینز کی تو ابھی تک کے مطالعے سے ہمیں یہی پتا چلتا ہے کہ جینز کا ہمارے بہیوئرز کیساتھ گہرا تعلق ہے مستقبل میں ہونے والی تحقیقات مزید حقائق آشکار کریں گی اور ہمیں بہتر طریقے سے پتا چل سکے گا کہ آخر وہ کون کونسے جینز ہیں جو ان 40% تک کی خوشیوں کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Check Also

Muqtadra Ki Hakoomati Bandobast Ki Janib Peh Raft

By Nusrat Javed