Friday, 15 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Imran Ali Shah
  4. Patang Bazi Aik Jaan Leva Shoq

Patang Bazi Aik Jaan Leva Shoq

پتنگ بازی ایک جان لیوا شوق

کھیل کود اور دیگر مشاغل سے لطف اندوز ہونا، انسان کی فطرت میں شامل ہے، اور اگر یہ مشاغل نہ ہوں تو شاید لوگ گھٹن کا شکار ہو کر ذہنی بیماریوں کا شکار ہو جائیں، مگر کسی کا کھیل کود و مشغلہ اس وقت تک قابل قبول ہے جب تک کہ وہ جانداروں اور انسانی زندگیوں کے لیے نقصان دہ ثابت نہ ہو۔ ارض وطن کے طول و عرض میں لوگ ایسے بیسیویں مشاغل اپنائے ہوئے ہیں جو کہ کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہیں، اپنی خوشی کے حصول کی خاطر، کتوں کی لڑائی، مرغوں کی لڑائی، ریچھ کتوں کی لڑائی، کروا کر ان پر بھاری جوئے بازی کرنا تشویش ناک حد تک بڑھتا جارہا ہے۔

اس سے جہاں ایک طرف بے زبان جانوروں کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا جاتا ہے تو دوسری جانب اس قسم کے بیہودہ کھیل کو دیکھنے سے شدت پسندی اور خون بہا جیسے منفی رویے فروغ پاتے ہیں، پاکستان میں بات صرف یہاں تک نہیں رکتی بلکہ، ہر سال سردیوں کے موسم میں ٹھنڈ سے محفوظ رہنے کی غرض سے سائبیریا سے اڑ کر جنوبی ایشیا آنے والے مہمان پرندے بھی شکار کا شوقین افراد کا نشانہ بن جاتے ہیں، ہرن اور تلور کا شکار بھی ایک قابلِ مذمت شوق ہے، اس سے بڑھ کر ہر سال بسنت کے موسم میں پتنگ بازی جیسا مہلک کھیل عام لوگوں کے لیے وبال جان بن جاتا ہے۔

پتنگ ایک دھاگے کی مدد سے اڑان بھرنے والا مصنوعی پرندہ ہے۔ اس کی اڑان کے لیے ضروری قوت اس کے پروں کے اوپر اور نیچے کی جانب ہوا کے دباؤ پر منحصر ہے۔ پتنگ کے اوپری جانب کم دباؤ اور نیچے کی جانب زیادہ دباؤ کی وجہ سے پتنگ اڑتا ہے۔ یہ کھیل سب سے زیادہ جاپان اور چین میں معروف ہے، جاپان کے ہگاشیومی شیگا شہر میں ہر مئی کے چوتھے اتوار کو پتنگوں کا تہوار منایا جاتا ہے۔ پتنگوں کی چند ایک اقسام ہوا سے بھی وزن دار ہوتے ہیں، انھیں اڑان بھرنے کے لیے ہوا کے جھونکوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ پتنگ اکثر کھیلوں کے زمرہ میں آتا ہے۔ لیکن ان کا استعمال کئی میدانوں میں ہوتا ہے۔ بات اگر پتنگ بازی کی تاریخ کے حوالے سے کی جائے تو، 2800 سال پہلے چین میں پتنگ اڑانے کی تاریخ ملتی ہے۔

پتنگ بازی ایک وقت تک بہت اچھی تفریح سمجھا جاتا تھا، مگر تب تک کہ جب اس میں ڈور کی دھاتی تاروں اور سادہ ڈور پر شیشے کا مانجھا استعمال نہیں ہوا کرتا تھا، مگر اب یہ ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جس کی وجہ سے ہر سال کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ یہ صرف وہی لوگ نہیں ہوتے جو پتنگ بازی کا شوق پورا کرتے ہوئے جان کی بازی ہارتے ہیں بلکہ ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر ایسے افراد ہوتے ہیں جنہیں پتنگ بازی کا کوئی شوق نہیں ہوتا نہ ہی وہ اس قاتل کھیل کا طریقہ جانتے ہیں بلکہ وہ ویسے ہی کسی آوارہ ڈور کی زد میں آ کر بے دردی سے جان دے دیتے ہیں یعنی پتنگ بازی ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی اپنا نقصا ن کم جبکہ دوسروں کا زیادہ نقصان کر دیتے ہیں۔

یہ نقصان ایسے ہوتے ہیں جن کا کبھی ازالہ نہیں ہو سکتا۔ پتنگ بازی کے نتیجے میں مالی نقصان شاید ہی کہیں ہوتا ہے اس میں اکثر و بیشتر جانی نقصان ہی ہوتا ہے۔ پتنگ باز خود بھی خطرے میں رہتے ہیں کبھی چھت سے گرنے کا خطرہ اور کبھی بجلی کے تاروں سے کرنٹ وغیرہ کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے اس لیے ایسا کھیل جس میں جان کا خطرہ ہر دم لاحق ہو کسی صورت جائز نہیں ہو سکتا۔ اس خونی کھیل نے بہت سی معصوم زندگیوں کے چراغ گل کیے ہیں۔

اب تک ملک میں ہزاروں بچے، بوڑھے خواتین اور نوجوان گلے پر پتنگ کی دھاتی ڈور پھرنے پر جہان فانی سے کوچ کر چکے ہیں، پنجاب میں لاہور فیصل آباد، ملتان، گجرانوالہ گجرات اور سیالکوٹ میں سب سے زیادہ پتنگ بازی کی جاتی ہے۔

ملک میں بارہا قانون ساز اسمبلیوں نے اس قاتل کھیل پر عارضی پابندی عائد کی مگر وہ کارگر ثابت نہ ہو سکی، یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ، اس اہم ترین معاملے میں لوگوں کا رویہ نہایت غیر ذمہ دارانہ ہے، وہ اس مہلک کھیل کو چھوڑنا ہی نہیں چاہتے، دھاتی ڈور کا استعمال جہاں دوسرے لوگوں کے لیے جان لیوا ہے، تو دوسری جانب پتنگ بازی کرنے والوں کو بھی بارہا شدید چوٹیں پہنچتی ہیں، ان ہاتھ کٹ جاتے ہیں، ان گھر میں موجود معصوم بچے زخمی ہو جاتے ہیں۔

حال ہی میں فیصل آباد میں ایک نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے سڑک پر دم توڑ گیا، اس مکروہ اور انسانی جانوں کے قاتل کھیل کو ملک سے مکمل طور پر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا وقت آ چکا ہے، اب اس مہلک شوق سے وابستہ لوگوں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی طور بھی نہیں دی جاسکتی۔

پتنگ بازی محض جانی خطرات کا موجب نہیں بلکہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹیچ کمپنی کے مطابق دھاتی ڈور کا استعمال بجلی کے ترسیلی نظام کیلئے بھی خطرے کا سبب بن رہا ہے۔ پتنگ بازی سے جانی حادثات کی اطلاعات تو اتر سے ملتی رہتی ہیں۔ ایسے حادثات میں اکثر افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان گنوا د یتے ہیں مگر اس خونیں کھیل کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے کوئی مؤثر عملی کار روائی نہیں کی جاتی۔

حکام کی ذمہ داری ہے کہ اس خطرناک کھیل کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں پولیس کو زیادہ متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کام کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کیلئے پولیس کی نگرانی کی قابلیت کو بڑھایا جانا بھی ضروری ہے۔ ڈرون کیمرے اس کام میں خاصے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ پتنگ بازی کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیلئے فضائی نگرانی کے کم خرچ جدید آلات سے مدد لی جائے تو پولیس نہ صرف پتنگ بازی کے مرتکب افراد کی لوکیشن کا بہ آسانی پتہ چلا سکتی ہے بلکہ ویڈیو اور تصویری شہادتیں بھی مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں معاون و مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

عوام الناس میں یہ مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے کہ، پتنگ بازوں اور پتنگ سازی کی صنعت سے وابستہ لوگوں کو کڑی سے کڑی سزاء دی جائے تاکہ، مزید قیمتی انسانی جانوں کو اس کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے، یقیناً صوبائی اور وفاقی حکومتیں اس قبیح کھیل کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرکے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گی، پروردگار عالم پاکستان کو سلامت رکھے۔

About Syed Imran Ali Shah

Syed Imran Ali Shah, a highly accomplished journalist, columnist, and article writer with over a decade of experience in the dynamic realm of journalism. Known for his insightful and thought-provoking pieces, he has become a respected voice in the field, covering a wide spectrum of topics ranging from social and political issues to human rights, climate change, environmental concerns, and economic trends.

Check Also

23 Saal

By Javed Chaudhry