Hazrat Umar Aur Khashiat e Elahi
حضرت عمرؓ اور خشیت الہی
جو دل خشوع وخضوع اورخوف خداوندی سے خالی ہے۔ اس کی حقیقت ایک گوشت کے لوتھڑے سے زیادہ نہیں، حضرت عمرؓ خشوع وخضوع کے ساتھ رات بھر نمازیں پڑھتے، صبح ہونے کے قریب گھر والوں کو جگاتے اور یہ آیت پڑھتے، وَأْمُرْ أَهْلَكَ بِالصَّلَاةِ وَاصْطَبِرْ عَلَيْهَا، (سورہ طہ: 132) نماز میں عموماً ایسی سورتیں پڑھتے جن میں قیامت کا ذکر یا خدا کی عظمت کا جلال کا بیان ہوتا اور اس قدر متاثر ہوتے کہ روتے روتے ہچکی بندھ جاتی۔
حضرت عبد اللہ بن شدادؓ کا بیان ہے کہ میں باوجود یکہ پچھلی صف میں رہتا تھا۔ لیکن حضرت عمرؓ یہ آیت اِنَّمَا اَشکُوْبِثَیْ وَحُزْنِیْ۔ پڑھکر اس زور سے روتے تھے کہ میں رونے کی آواز سنتا تھا۔ (بخاری کتاب الصلاہ) حضرت امام حسنؓ کا بیان ہے کہ ایک دفعہ حضرت عمرؓ نماز پڑھ رہے تھے، جب اس پر پہنچے، اِنَّ عَذابَ ربک لواقع مالہ من دافع "یہ تیرے رب کا عذاب یقینی ہو کر رہنے والا ہے، اس کو کوئی دفع کرنے والا نہیں"تو بہت متاثر ہوئے اور روتے روتے آنکھیں سوج گئیں۔
اسی طرح ایک دفعہ اس آیت پر، وَإِذَا أُلْقُوا مِنْهَا مَكَانًا ضَيِّقًا مُقَرَّنِينَ دَعَوْا هُنَالِكَ ثُبُورًا۔ (الفرقان:14) اس قدرخضوع وخشوع طاری ہوا کہ اگر کوئی ان کے حال سے ناواقف شخص دیکھ لیتا تو یہ سمجھتا کہ اسی حالت میں روح پرواز کر جائے گی، رقت قلب اور عبرت پذیری کا یہ عالم تھا کہ ایک روز صبح کی نماز میں سورۂ یوسف شروع کی اور جب اس آیت پر پہنچے وَابیَضَّتْ عَیْنَاہُ مِنَ الْحُزْنِ فَھُوَ کَظِیْمٌ، (سورہ یوسف) تو زارو قطار رونے لگے، یہاں تک کہ قرآن مجید ختم کرکے رکوع پر مجبور ہو گئے۔ (کنز العمال ج 5: 224)
قیامت کے مواخذہ سے بہت ڈرتے تھے اور ہر وقت اس کا خیال رہتا تھا، صحیح بخاری میں ہے کہ ایک دفعہ ایک صحابی سے کہا کہ "تم کو یہ پسند ہے کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اسلام لائے، ہجرت کی، جہاد اور نیک اعمال کیے، اس کے بدلہ میں دوزخ سے بچ جائیں اور عذاب وثواب برابر ہو جائے، بولے خدا کی قسم نہیں، ہم نے آپ ﷺ کے بعد بھی روزے رکھے۔
نمازیں پڑھیں، بہت سے نیک کام کیے اورہمارے ہاتھ پر بہت سے لوگ اسلام لائے ہم کو ان اعمال سے بڑی بڑی توقعات ہیں، حضرت عمرؓ نے فرمایا، اس ذات کی قسم، جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ مجھے تو یہی غنیمت معلوم ہوتا ہے کہ عذاب سے بچ جائیں اور نیکی اور بدی برابر ہو جائیں۔ (بخاری باب ایام الجاہلیہ) ایک بار راہ میں پڑا ایک تنکا اٹھا لیا اور کہا کاش میں بھی خش وخاشاک ہوتا۔
کاش، کاش میں پیدا ہی نہ کیا جاتا، کاش میری ماں مجھے نہ جنتی۔ (کنز العمال جلد 6: 224) غرض حضرت عمرؓ کا دل ہر لمحہ خوف خداوندی سے لرزاں وترساں رہتا تھا، آپ فرماتے کہ اگر آسمان سے ندا آئے کہ ایک آدمی کے سوا تمام دنیا کے لوگ جنتی ہیں، تب بھی مواخذہ کا خوف زائل نہ ہوگا کہ شاید وہ بد قسمت انسان میں ہی ہوں۔ (کنز العمال جلد 6: 224)
اسلام کے اس بطل جلیل کی خدمات کو اللہ تبارک و تعالی عطا فرمائے۔ اور ہمیں بھی حضرت عمر رضی اللہ ہو تعالئ عنہ کی طرح خوف خدا اور خشیت الہی نصیب فرمائے آمین یا رب العالمین