Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Noor Hussain Afzal/
  4. Dunya Ki 10 Mehngi Tareen Emaraat

Dunya Ki 10 Mehngi Tareen Emaraat

دنیا کی 10 مہنگی ترین عمارات

دنیا میں خوبصورت عمارات کی کمی نہیں جو دیکھنے میں شان و شوکت کا عظیم شاہکار ہیں۔ مگر ان میں سب سے مہنگی ترین تعمیرات کون سی ہیں؟ اس پر امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر نے اپنی ایک رپورٹ جاری ہے جس میں دنیا کی مہنگی ترین تعمیر ہونے والی عمارات کا ذکر کیا گیا ہے۔

کچھ سال یا دہائیوں پہلے تعمیر ہونے والی عمارات کی لاگت کو موجودہ دور کی افراط زر کو پیش نظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں موجود 10 مہنگی ترین عمارات کو منتخب کیا گیا ہے جن میں حیران کن طور پر سعودی عرب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ اس رپورٹ کی تفصیل پیش خدمت ہے۔

(10) وائنن لاس ویگاس، امریکا

وائنن لاس ویگاس کو دنیا کے چند بہترین ہوٹلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور ہر ریٹنگ ایجنسی نے اسے فائیو اسٹار رینگ دے رکھی ہے۔ اس عمارت کی تعمیر پر 3.3 ارب ڈالرز خرچ ہوا۔

9۔ فریڈم ٹاور، نیویارک

4 ارب ڈالرز سے تعمیر ہونے والی اس عمارت کو ون ٹریڈ سینٹر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ ٹاور اس مقام پر تعمیر ہوا جہاں نائن الیون کے حملے ہوئے تھے اور اسے 2014 میں کھولا گیا۔ یہ نیویارک کی سب سے لمبی عمارت ہے۔

8۔ دی کاسموپولیٹن، لاس ویگاس

یہ امریکا کا سب سے مہنگا کیسنو ریزورٹ ہے جس کی تعمیر پر 4.1 ارب ڈالرز خرچ ہوا، 2 کاسموپولیٹن ٹاور میں 3 ہزار کمرے ہیں جبکہ دو کلب بھی اس کا حصہ ہیں۔

7۔ آسٹریلین پارلیمنٹ، کینبرا

یہ اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر ہے جس کی تعمیر 1988 میں ایک ارب آسٹریلین ڈالرز سے ہوئی تھی، آج کے افراط زر کا حساب کیا جائے تو یہ رقم 4.2 ارب امریکی ڈالر بنتی ہے۔ اس عمارت میں 4700 کمرے ہیں اور یہاں بجلی کے لیے شمسی توانائی کو استعمال کیا جاتا ہے۔

6۔ ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا، سنگاپور

ایشیاء میں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے والی چند اہم ترین جگہوں میں سے ایک اس ریزورٹ میں یونیورسل اسٹوڈیوز پارک، ایک ایڈونچر واٹر پارک اور دنیا کی سب سے بڑی بحری مطالعہ گاہ بھی ہے۔ اس کی تعمیر پر 5.4 ارب ڈالر خرچ ہوا اور اس میں 10 ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔

5۔ ایمریٹس پیلس، ابوظبہی

راقم الحروف نے اس پیلس کا چھ مرتبہ وزٹ کیا ہے۔ اور یہ صدارتی محل کے قریب واقع ہیں۔ یہ تعمیر ہونے والا دنیا کا مہنگا ترین لگژری ہوٹل ہے جس کی تعمیر پر 6 ارب ڈالرز کا خرچ ہوا، یہ ہوٹل 2006 میں کھولا گیا تھا جس کا مقصد پوری دنیا کے سامنے عربی ثقافت کو پیش کرنا تھا۔ اس ہوٹل کی انتظامیہ اور اسٹاف بہت زیادہ ملنسار اور انتہائی تربیت یافتہ ہیں۔

4۔ مرینہ بے سینڈز، سنگاپور

سنگاپور کا یہ مقبول ریزورٹ تعمیر کے لحاظ سے دنیا کا مہنگا ترین ریزورٹ ہے۔ 8 ارب ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ریزورٹ دنیا بھر کے سیاحوں میں بہت مقبولیت رکھتا ہے جس کی وجہ اس کا حیرت انگیز اسکائی پارک اور انفینٹی پول ہے جو اس کی چھت پر موجود ہے۔

3۔ ٹوکاماک ریکٹر، فرانس

یہ اس فہرست میں شامل واحد سائنسی تحقیقی مقام ہے جو فرانس کے علاقے Cadarache میں موجود ہے۔ 14 ارب ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ریکٹر طاقتور مقناطیسی میدانوں کو تشکیل دیکر مختلف تجربات کے لیے تعمیر کیا گیا۔

2۔ ابراج البیت، مکہ

یہ کلاک ٹاور مکہ مکرمہ میں ایک دہائی تک تعمیری مراحل سے گزرنے کے بعد 2012 میں کھولا گیا۔ اس کلاک ٹاور کی تعمیر پر 15 ارب ڈالرز خرچ ہوا اور اس کے حصے میں دنیا کے بلند ترین کلاک ٹاور سمیت کئی اعزاز آتے ہیں۔

1۔ مسجد الحرام

دنیا کا سب سے مقدس مقام جس کی تعمیر و توسیع پر سعودی حکومت نے اتنا خرچہ کیا ہے کہ یہ دنیا کا مہنگا ترین تعمیراتی مقام بھی بن چکا ہے۔ اس کی توسیع کے لیے اتنے زیادہ منصوبوں پر کام ہوا ہے کہ ان کی درست لاگت کا بالکل ٹھیک تخمینہ لگانا ممکن نہیں تاہم پھر بھی یہ کم از کم 30 ارب ڈالرز سے زائد ہے۔ یہ مسجد 88 ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں مزید 40 لاکھ اسکوائر فٹ توسیع کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

اللہ تعالی سعودی حکمرانوں کو حرمین شریفین کی اس عظیم خدمت پر جزائے خیر عطا فرمائے۔

Check Also

Aalmi Youm e Azadi e Sahafat

By Gul Bakhshalvi