Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nadeem Khohara
  4. Elon Musk

Elon Musk

ایلون مسک

ٹرمپ کے پیچھے مضحکہ خیز انداز میں جو شخص ہوا میں جمپ لگاتا نظر آ رہا ہے۔ یہ اس وقت دنیا کا امیر ترین، طاقتور ترین اور کسی حد تک متنازعہ ترین انسان ہے۔ ایسا انسان جس کے بارے میں آئندہ دہائیوں میں دنیا بھر کے نصاب میں پڑھایا جائے گا۔ انسانی تاریخ اسے کبھی، کسی صورت فراموش نہیں کر سکے گی۔

اندازہ کیجیے، ہفتے کے ایک دن وہ امریکی الیکشن میں ٹرمپ کے لیے ووٹ مانگ رہا ہے تو اسی ہفتے وہ دنیا کو بغیر اسٹئیرنگ، بغیر پیڈل، بغیر ڈرائیور مکمل آٹومیٹک سائیبر کیب متعارف کروا رہا ہے۔ ایسی گاڑی جو مستقبل میں وہیکلز کا نقشہ بدل دے گی۔ ایسے روبوٹ متعارف کروا رہا ہے کہ گھروں میں ملازموں کی طرح کام کیا کریں گے اور اسی ہفتے کے اختتام پر عین اس وقت جب میں یہ سطور لکھ رہا ہوں وہ انسانی تاریخ کا اب تک کا طاقتور ترین راکٹ اسٹارشپ خلاء میں بھیج رہا ہے۔ جس کے لائیو مناظر آپ انٹرنیٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔ ایک طرف سیاست کی سمت متعین کرنے میں لگا ہے تو دوسری طرف ہمارے رہن سہن کو ہمیشہ بدلنے میں۔ تیسری طرف انسان کو چاند سے بھی آگے مریخ تک لے جانے میں۔۔

یہ کہنا ہرگز غلط نہ ہوگا کہ اب تک کی معلوم انسانی تاریخ میں یہ واحد انسان ہے جو ٹیکنالوجی کی مدد سے انسانیت کا پورا رخ ہی بدلنے جا رہا ہے۔ اس فہرست میں بل گیٹس سے زکر برگ تک اور بے شمار نام لیے جا سکتے ہیں لیکن سب اپنے اپنے دائروں میں گھوم رہے ہیں۔ لیکن یہ وہ حضرت ہیں جن کی بدولت ہمارے آسمان کا نقشہ جسے ہم ہزاروں سال سے دیکھتے آ رہے ہیں، ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا۔ اس وقت خلاء میں تیرتے ایکٹو سیٹلائٹس میں سے دو تہائی اس اکیلے شخص کی کمپنی اسٹار لنک کے ہیں۔

اس کی دوڑ صرف سڑک یا خلاء تک محدود نہیں۔ نیورالنک کے ذریعے یہ ہمارے دماغوں تک رسائی حاصل کرنے والا ہے۔ ایسی چپس تیار کر رہا ہے جو ہمارے جسمانی افعال تک بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ان کی مدد سے نسیان، فالج سمیت دیگر بے شمار لاعلاج دماغی بیماریوں کا علاج ممکن ہو جائے گا۔

اسے چیلنج ملا کہ سو دنوں میں سو میگاواٹ گرڈ اسکیل بیٹری تیار کرو ورنہ بجلی مفت دینا پڑے گی۔ اس نے کر دکھایا۔ سو دنوں میں دنیا کی سب سے بڑی گرڈ اسکیل بیٹری بنا کر بجلی آسٹریلیا کے سسٹم میں شامل کر دی۔ آج وہ ایسے سولر پینلز بھی ایجاد کر چکا ہے جو دن کے ساتھ ساتھ رات کو چاند کی روشنی میں بھی بجلی پیدا کریں اور یہ گیم تھرو ٹیکنالوجی توانائی کی فیلڈ میں نیا انقلاب لانے کو ہے۔

اور تو اور اس نے سوشل میڈیا میں بھی اپنے انمٹ نقوش چھوڑے۔ آزادی اظہار رائے کے حامی ان بھائی صاحب کو ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا پر پابندیاں نظر آئیں تو چوالیس ارب ڈالر سے پورا پلیٹ فارم ہی خرید لیا۔ نہ صرف خرید لیا بلکہ اس مائیکرو بلاگنگ فورم کی ہئیت ہی تبدیل کرکے رکھ دی۔ محض چند ماہ میں ٹوئیٹر کو ایکس بنا کے اس پر موجود ڈیٹا اور فیچرز کو میٹا، یوٹیوب، کے مقابلے میں لے آیا۔ آج دنیا کی اربوں لوگ ایکس پر ان تبدیلیوں کے اثرات واضح طور پر محسوس کر سکتے ہیں۔

اس کی اینٹری مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ذرا دیر سے ہوئی۔ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ یہی وہ شخص ہے جو چیٹ جی پی ٹی جیسے گیم چیننگ جنریٹو اے آئی ٹولز کو متعارف کروانے والی کمپنی "اوپن اے آئی" کے شریک بانیوں میں سے ہے۔ دنیا کا پہلا آن لائن بینک سسٹم، پے پال اس کی ہی بنائی کمپنیوں سے تشکیل پایا۔

یہ محترم ایک بیان سے کاروباروں کی کایا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پوری اسٹاک ایکسچینج متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈیجیٹل کرنسی مارکیٹ بھی اس کے اثر سے نہ بچ سکی۔ ایک دن اعلان کیا کہ کرپٹو مائننگ ماحول کے لیے مضر ہے۔ کرپٹو کرنسی کے دام اچانک ہزاروں ڈالرز گر گئے۔ راتوں رات اس نے کروڑوں کوائن خرید لیے۔ چند دن بعد بیان داغ دیا کہ کرپٹو ہی کرنسی کا مستقبل ہے۔ کرنسی کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان پر اور حضرت کو بیٹھے بٹھائے اربوں کا منافع۔۔

ہائپر لوپ ٹرینیں، ڈرائیور لیس الیکٹرک کارز، اولمپس روبوٹ، اسپیس ایکس راکٹس، ٹیسلا انرجی، نیورالنک چپس، ایکس سوشل میڈیا، اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ۔۔ ہر شعبے میں جھنڈے گاڑ رہا ہے۔ سیاست، مذہب، معیشت، معاشرت، مستقبل کون کون سا شعبہ نہیں جو اس فرد واحد کی وجہ سے ہمیشہ کے لیے بدل نہیں رہا؟

یہ شخص سوشل میڈیا پر میمز بنا بنا کے شئیر کرتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ ارب پتی نہیں گلی کی نکڑ پر تھڑے پر بیٹھا لونڈا ہے۔ اسٹیج پر حرکتیں کرتا کسی سستے ٹک ٹاکر کی مانند معلوم پڑتا ہے اور کوئی اسٹارٹ آپ لانچ کرتے یا پوڈ کاسٹ کرتے دنیا کا ڈیسنٹ ترین شخص دکھائی دینے لگتا ہے۔

یہ انجینئر ایلون مسک ہے۔ جس نے ابتدائی تعلیم میں کبھی اچھے مارکس نہیں لیے تھے۔ دس سال کی عمر میں ہم جماعتیوں کی مار کی وجہ سے ہسپتال داخل ہوا۔ وہاں سے ڈسچارج ہوتے ہی باپ نے ایک بار پھر پیٹ ڈالا کہ تمہاری جیسے نکمے کی وجہ سے مجھے ایک گھنٹہ ہسپتال انتظار کرنا پڑا۔ تم "ورتھ لیس" یعنی کسی کام کے نہیں۔ تمہاری کوئی قدرو قیمت نہیں۔

آج یہ ورتھ لیس انسان دنیا کا امیر ترین شخص ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ اگلے دو سے تین سال میں یہ انسانی تاریخ کا پہلا ٹریلین ڈالر مین بن جائے گا۔ محض امیر ترین ہی نہیں ایسا شخص جس کو تاریخ کبھی بھی کسی صورت نہ بھلا سکے گی نہ نظر انداز کر سکے گی۔ انسان تو کیا روبوٹ تک اسے بابائے ٹیکنالوجی کے نام سے اپنی تعلیم کا حصہ بنائیں گے۔

اسٹیج پر ایک کلاؤن کی مانند چھلانگیں لگاتا یہ انجینئر ہمارے ہاں کے انجینئرز کی مانند ڈگریاں لے کر سڑکوں پر یا پھر یوٹیوب پر بابوں کو غلط ثابت کرتا نظر نہیں آتا بلکہ اپنے عمل اور سوچ سے دنیا کو بتا رہا ہے کہ اس کے علاؤہ باقی سب ٹیکنالوجی والے بابے تو "شے ای کوئی نئی۔۔ "

ایلون مسک کے تمام پراجیکٹس پر الگ سے تحاریر لکھ رہا ہوں۔ چند قابل اعتراض حرکتوں کو چھوڑ کر محنت، ویژن اور لگن میں ایسے لوگ ہمارے رول ماڈل ہونے چاہییں۔

نوجوانوں کو انہیں پڑھنا اور ان کے بارے میں جاننا چاہیے۔ کیونکہ کل کو یہ شخص اور اس کے پراجیکٹس ہماری اور آئندہ نسلوں کی زندگی کا رخ یکسر تبدیل کرنے والے ہیں۔

آپ ایلون مسک کے بارے میں کیا جانتے ہیں اور اس کے کام کو کس نظر سے لیتے ہیں۔ کمنٹس میں ضرور بتائیے گا۔

Check Also

Dr. Shoaib Nigrami

By Anwar Ahmad