Tuesday, 26 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mujeeb Ur Rehman
  4. Shadi Aur Hamari Zimmedarian

Shadi Aur Hamari Zimmedarian

شادی اور ہماری ذمہ داریاں

مرد کے لیے شادی صرف سنت نبوی یا افزائش نسل کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ سکون کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے۔ جب آپ کسی خاتون کو بیاہ کر گھر لاتے ہیں تو اس کو اس کی ذمہ داریاں باور کرانے کے ساتھ پہلے یہ دیکھا کریں کہ بطور شوہر آپ کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟

وہ لڑکی جو آپ کے لیے اپنا گھر بار، خاندان، دوست اور شہر چھوڑ کر آئی کیا آپ اسے سکھ، آسودگی اور عزت دینے کے قابل ہیں یا صرف نکاح نامے پر دستخط ہی کیے؟

ایسے بہت سے گھرانے ہیں جہاں بطور شریک حیات خواتین کے ساتھ مثالی سلوک کیا جاتا ہے لیکن ایسے گھرانوں کی بھی کمی نہیں جہاں بیوی کو محض روبوٹ سمجھا جاتا ہے۔ اس کی آرا، اس کی پسند ناپسند اس کے جذبات کا خیال نہیں رکھا جاتا۔

عورت کے جذبات کانچ کی مانند ہوتے ہیں، ذرا سی ٹھیس سے چکنا چور ہوسکتے ہیں۔ اب یہ مرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس آبگینے کو کیسے سنبھالتا ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ بہت سے شوہر حضرات خود تو ہر طرح کی انٹرٹینمنٹ کرتے ہیں ہر جگہ گھومنے پھرتے اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے نکل جاتے ہیں لیکن کبھی بیوی کو ساتھ لے کر نہیں جاتے۔ گھر اور بچوں سے متعلق ان پر ذمہ داریوں کا اس قدر بوجھ ہوتا ہے کہ وہ اپنا آپ بھلا بیٹھتی ہیں۔ اپنی خواہشات اپنے جذبات پر بند باندھتے باندھتے وہ خود بیچاری نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتی ہیں۔

ہمارے یہاں کتنے شوہر حضرات کو پتا ہوتا ہے کہ ان کی شریک حیات کا پسندیدہ رنگ کون سا ہے؟ اسے کھانے میں کیا پسند ہے؟ اسے کون سی خوشبو اور کون سا موسم پسند ہے؟

میں یہ مان ہی نہیں سکتا کہ کسی عورت میں حس جمالیات یا رومان نہ ہو۔ یہ سب کچھ ایک مرد پہ منحصر ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کو کیسے ٹریٹ کرتا ہے۔ میں تو پہلے بھی بارہا کہہ چکا ہوں کہ بطور شوہر اپنی بیوی کا خیال رکھیں، اس کی عزت کریں، اس کو سکھ اور آسودگی دیں، حکم اور آرڈر کے نہیں کیئر کے ذریعے اس کے دل میں جگہ بنائیں، وہ کیا چاہتی ہے، کس طرح خوش رہ سکتی ہے اس بات پہ دھیان دیں، عورت کی نفسیات کو سمجھیں اور پھر اس طرح اسے ٹریٹ کریں۔ پیار خلوص، محبت، اور چاہت کے ذریعے اس کے دل میں اپنا گھر بنائیں، اسے بار بار اس کے خاص ہونے کا اپنے عمل سے احساس دلائیں۔

وہ محض نکاح کے دو بولوں پر آپ کے ہمراہ چل پڑی ہے، مرد کے لیے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوتا لیکن عورت کے لیے خاندان، ماحول، افراد، رسم و رواج اور رہن سہن بدل جاتا ہے۔

اس سارے عمل میں اسے مرد کا مضبوط سہارا درکار ہوتا ہے۔ سلجھے ہوئے اور عقلمند مرد ہمیشہ اپنی بیویوں کی عزت کرتے ہیں، بلا مشروط سکھ کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ وہ چند اقدامات ہیں جو آپ کے گھر میں خوشیاں لا سکتے ہیں۔ ایک بار پہل کرکے تو دیکھیے۔ آپ کو ماحول میں یکسر خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔ ضروری نہیں کہ پہل ہمیشہ عورت کی طرف سے ہو، ایک مرد کو قوام بنایا گیا ہے تو اس کی پہل زیادہ مقدم ہے۔

Check Also

Final Call Ka Nateeja Sifar

By Muhammad Riaz