Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Mujeeb Ur Rehman/
  4. Kamyabi Ka Formula

Kamyabi Ka Formula

کامیابی کا فارمولہ

اس دنیا میں آج تک کوئی کامیاب نہیں ہوا جب تک اس نے اپنی سوچ، کارکرگی، توانائی اور خوشی کو اس حد تک پختہ نہیں کر لیا کہ یہ تمام چیزیں اس کی فطرت ثانیہ بن جائیں۔ کامیابی ہتھیلی پہ سرسوں جمانے جیسی ہی ہے، یہ آپ کی توقع کے مطابق بھی ہو سکتی اور توقع کے برعکس بھی۔ کامیاب ہونا چند گھنٹوں، چند دنوں یا چند ہفتوں کا فارمولا بھی نہیں کہ ادھر آپ نے بیج بویا اور دوسرے دن اس سے پودا نکل آیا پھر راتوں رات وہ ایک تناور درخت بن گیا اور اس پر پھل آنا شروع ہوگیا۔

کامیابی ایک مکمل پراسیس ہے جو بتدریج اپنی منازل طے کرتا ہے۔ یہ چند ہفتوں یا چند دنوں کی کہانی نہیں یہ ایک ایسی تپسیا ہے جس میں سے انسان کو لازمی گزرنا پڑتا ہے۔ مجھ سے اکثر نوجوان دوران گفتگو پوچھتے ہیں کہ کامیابی کا فارمولہ کیا ہے اور کس طرح کامیابی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے تو میں انہیں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ کامیابی کا ایک ہی فارمولا ہے اور وہ ہے مسلسل محنت۔ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں اور قدرت کا نظام ایسا نہیں ہے کہ آپ محنت کریں اور وہ آپ کی محنت کا پھل نہ دے، پھل ملتا ہے لیکن دیر یا سویر یہ سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔

مسئلہ یہ ہے کہ ہم جب کوئی کام شروع کرتے ہیں تو اس کے جلد نتائج نہ ملیں تو ہم گھبرا جاتے ہیں پھر جب یہ گھبراہٹ شروع ہوتی ہے تو معاملہ خراب ہو جاتا ہے۔ اس سے آپ غیر متزلزل ہو جاتے ہیں اور کام کا تسلسل ٹوٹ جاتا ہے۔ ایک سادہ سا گر یہ ہے کہ جو کام، جو پروجیکٹ، جو کاروبار آپ نے شروع کیا ہے اس پر مسلسل کام کرتے رہیں۔ غیر مستقل مزاج جلد ناکامی کا سامنا کرتے ہیں۔ جبکہ مستقل مزاج اپنے محاذ پر ڈٹے رہتے ہیں اور دیر سے ہی سہی انہیں یقینی اور پائیدار کامیابی مل ہی جاتی ہے۔

اس لیے آپ زندگی کے کسی موڑ پر بھی ہیں کسی بھی کرائسس سے گزر رہے ہیں یا آپ نے کوئی نیا کام شروع کر رکھا ہے اس پر مکمل بھروسہ کرکے ڈٹ جائیے۔ ولولہ، حوصلہ، ہمت اور عزم مجتمع رکھیے، آپ دیکھیں گے کہ کس قدر جلدی آپ کو اس کا پھل مل جائے گا۔

Check Also

Mezban Aur Mehman

By Javed Chaudhry