Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Trump Ya Kamala Harris

Trump Ya Kamala Harris

ٹرمپ یا کاملا ہیرس

آپ پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کو جانتے ہیں۔ وہ قیادت کے اہل نہیں۔ ان پر نظر رکھیں۔ ان لوگوں کی باتیں سنیں جو ان سے خوب واقف ہیں۔ انھوں نے ایک الیکشن کا نتیجہ بدلنے کی کوشش کی اور بدستور جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔ انھوں نے رو [ورسز ویڈ، ابورشن کا عدالتی فیصلہ] بدلنے میں تعاون کیا جس کے بدترین نتائج نکلے۔

ٹرمپ صاحب کی بدعنوانی اور لاقانونیت الیکشن سے کہیں آگے جاتی ہے: جو ہے ان کی مکمل اخلاقیات۔ وہ بے حد جھوٹ بولتے ہیں۔ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو ری پبلکن پارٹی انھیں نہیں روک پائے گی۔ ٹرمپ صاحب حکومت کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کریں گے۔ وہ بہت بڑی تعداد میں امیگرنٹس کو بیدخل کرنے کی ظالمانہ پالیسی اپنائیں گے۔ وہ غریبوں، متوسط طبقے اور آجروں کے لیے تباہی مچائیں گے۔ ایک اور ٹرمپ انتظامیہ ماحول کو نقصان پہنچائے گی، بین الاقوامی اتحادوں کو خراب اور آمروں کو مستحکم کرے گی۔ امریکیوں کو بہتر کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ ووٹ دیجیے۔

یہ آج نیویارک ٹائمز کا اداریہ ہے۔ اس سے اندازہ کرلیں کہ سیاسی درجہ حرارت کس انتہا کو پہنچا ہوا ہے۔کیا ایسے اداریوں اور یکطرفہ تجزیوں سے ووٹرز کا ذہن بدل سکتا ہے؟ میرا خیال ہے، نہیں۔

میں ٹرمپ کا فین نہیں ہوں لیکن مجھے خدشہ ہے کہ ان کے خلاف جس قدر شدت سے مہم چلائی جارہی ہے، انھیں اس کا فائدہ ہورہا ہے۔

سچ یہ ہے کہ ٹرمپ ویسے ہی انسان ہیں جیسے پہلے الیکشن سے پہلے تھے، جیسے پہلے صدر بننے کے بعد تھے، ان کے ووٹرز نے انھیں ان کی تمام اچھائیوں برائیوں سمیت قبول کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

اگر کاملا ہیرس ہاریں تو اس کی وجوہات ہم پہلے ہی جانتے ہیں۔ وہ پرائمریز کے بغیر نامزد ہوئیں۔ یہ اپنی جگہ بڑی وجہ ہے لیکن جس وجہ سے انھیں نامزد کیا گیا، وہ بھی بہت اہم ہے۔ یعنی بائیڈن کا دور حکومت، جس میں وہ اپنے وعدے پورے نہیں کرسکے، عوام کے لیے مہنگائی بڑھی، اور غزہ جنگ نے ان کے خلاف غصے میں اضافہ کیا۔

بدقسمتی سے بائیڈن کو میکسیکو کی سرحد پر ٹرمپ والی پالیسی ہی اختیار کرنا پڑی۔ وہ خواہش کے باوجود اسٹوڈنٹ لونز ختم نہیں کرسکے، اگرچہ کچھ ریلیف دینے کی کوشش کی۔ ٹرمپ کے خلاف مقدمات میں ان کا ہاتھ نہیں تھا، لیکن ری پبلکنز میں اس سے غصہ پیدا ہوا جس کا ردعمل ڈیموکریٹس کو بھگتنا ہے۔

اگر کاملا ہیرس جیت بھی گئیں، مجھے جس کا امکان کم نظر آتا ہے، تب بھی وہ ایک کمزور صدر ہوں گی۔ ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز کو برتری ہے اور وہ شاید الیکشن کے بعد بھی برقرار رہے۔ لیکن اس سے زیادہ اہم سینیٹ کا الیکشن ہے کیونکہ اس میں برتری نہ ہو تو صدر کے نامزد عہدیداروں کی تقرری پھنس جاتی ہے۔ میں مکمل یقین سے پیش گوئی کرسکتا ہوں کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی برتری ختم ہوجائے گی۔ وہ کم از کم تین ایسی نشستیں ہاریں گے جہاں چھ سال سے ڈیموکریٹ سینیٹر تھے۔

اکتیس اکتوبر کو ہیلووین پر سب ڈراونے لباس پہنتے ہیں اور ڈراونی شکلیں بناتے ہیں۔ اس سے پہلے ایک امریکی دوست نے مجھ سے پوچھا، کیا تم ہمارے ساتھ ہیلووین مناو گے۔ میں نے کہا، ضرور مناوں گا جانی۔ لیکن میری مانو تو اس بار اکتیس اکتوبر کے بجائے ہیلووین پانچ نومبر کو منانا۔

Check Also

Khadim Hussain Rizvi

By Muhammad Zeashan Butt