Monday, 10 February 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Imagination

Imagination

امیجی نیشن

آپ شادی شدہ ہیں اور بیوی کے وفادار۔ اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں۔ دوسرے بچوں سے شفقت سے پیش آتے ہیں۔ خاندان اور معاشرے میں نیک نام ہیں۔ لڑکیوں سے دوستیاں نہیں ہیں۔ دفتر میں کبھی کسی کو ہراساں نہیں کیا۔

اب اگر رات کو آنکھیں موندنے کے بعد آپ کو دیپکا یا کیٹ ونسلے یا کسی اور دلربا کا خیال آجائے تو کوئی گناہ نہیں ملے گا۔ بیوی بے وفائی کا طعنہ نہیں دے گی۔ معاشرہ عزت کرنا نہیں چھوڑے گا۔ دیپکا یا کیٹ ونسلے یا خوابوں کی رانی ہراساں کرنے کا الزام نہیں لگائے گی۔

آپ خواب دیکھتے رہیں، بیوی کے ساتھ سوتے رہیں۔ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

آپ محب وطن شہری ہیں اور قومی شناختی کارڈ بنوا رکھا ہے۔ ہر سال پورا انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ چودہ اگست کو گھر پر سبز ہلالی پرچم یا جھنڈیاں لگاتے ہیں۔ تئیس مارچ کو ٹی وی پر فوجی پریڈ دیکھتے ہیں۔ سینما میں فلم سے پہلے قومی ترانہ بجتا ہے تو احترام میں ضرور کھڑے ہوتے ہیں۔

اب اگر آپ امریکا یا یورپ کے کسی خوشحال اور پرسکون قصبے میں گھر بنانے کا خیال دل میں لائیں گے تو یہ غداری نہیں ہوگی۔ آپ پر ملک دشمنی کا الزام نہیں لگے گا۔ کسی تھانے میں رپٹ نہیں لکھوائی جائے گی۔ عدالت جائیداد ضبط کرنے کا حکم نہیں سنائے گی۔

آپ پیرس کے حسین محلوں کو دھیان میں لاتے رہیں اور لوڈشیڈنگ کے دوران پیٹ کھجاتے رہیں۔ کوئی مقدمہ نہیں ہوگا۔

آپ پیدائشی مسلمان ہیں اور ہر جمعے کو نماز پڑھنے مسجد جاتے ہیں۔ رمضان میں اہلخانہ اور دوستوں کی دیکھا دیکھی روزے رکھتے ہیں۔ چھوٹی عید پر نئے کپڑے بناتے ہیں، بقرعید پر قربانی کرتے ہیں۔ شیعہ ہیں تو محرم میں مجلس ماتم نذر نیاز کا اہتمام کرتے ہیں۔ سنی ہیں تو ذوق و شوق سے جشن میلاد النبی مناتے ہیں۔

اب اگر کسی بھلے وقت آپ مذہب اور ماضی کی ہستیوں کے تقدس کو فراموش کرکے عقلیت پسندی کے افکار پر سوچ بچار کرلیں گے تو توہین کا پرچہ نہیں کٹ جائے گا۔ نکاح باطل نہیں ہوجائے گا۔ آپ کا سماجی بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا۔ ہنود و یہود کا ایجنٹ ہونے کا الزام نہیں لگے گا۔

آپ نمازیں ادا کرتے رہیں اور رچرڈ ڈاکنز کی کتابیں پڑھتے رہیں، کوئی بلوہ نہیں ہوگا۔

انسان اس لیے اشرف المخلوقات ہے کہ اس کے پاس امیجی نیشن کی قوت ہے۔ دنیا کی ساری ترقی اس قوت متخیلہ کی بدولت ہوئی ہے۔ آپ بھی اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے یعنی اشرف المخلوقات نہیں بن سکتے، جب تک اپنی اس قوت کو بیدار نہیں کرتے۔

امیجی نیشن کے بغیر آپ اپنے ماحول کے غلام ہیں۔ ایسے لائبریرین ہیں جو پڑھنا نہیں جانتا۔ ایسے مرسڈیز کے مالک ہیں جو ڈرائیونگ نہیں جانتا۔ آپ علی بابا کے بھائی قاسم ہیں جو سونے چاندی اور جواہرات کے ذخیرے میں مرگیا لیکن دروازہ نہیں کھول سکا۔

Check Also

1035 Din Baad

By Najam Wali Khan