Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Hal Kya Hai?

Hal Kya Hai?

حل کیا ہے؟

ہر شخص کو درخت لگانا چاہیے کیونکہ ان سے زندگی کے لیے ماحول بہتر ہوتا ہے، لیکن یہ بچگانہ خیال ہے کہ زیادہ درخت لگانے سے درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔

امریکی یونیورسٹی ژیل کی 2015 میں شائع ہوئی تحقیق کے مطابق پاکستان میں درختوں کی تعداد 99 کروڑ تھی جبکہ امریکی ریاست ورجینیا میں، جہاں میں رہتا ہوں، 2016 میں درختوں کی تعداد 11 ارب 40 کروڑ تھی۔ یہ ذہن میں رہے کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کے مقابلے میں ورجینیا کی آبادی صرف 87 لاکھ ہے۔

اس قدر فرق کے باوجود ورجینیا بلکہ پورا امریکا مسلسل شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ایک کے بعد ایک ہیٹ ویو آرہی ہے۔ ہر دوسرے دن کاونٹی سے پیغام آتا ہے کہ دن میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں اور باہر نکلتے ہوئے احتیاط کریں۔

درخت جتنے لگاسکتے ہیں، لگاتے رہیں لیکن ہمیں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ معلوم ہونی چاہیے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اصل وجہ فوسل فیولز یعنی تیل، گیس اور کوئلے کا جلنا ہے۔ درخت کاٹے جانے سمیت تمام سرگرمیاں درجہ حرات بڑھنے کی 25 فیصد وجہ ہیں اور صرف فوسل فیولز کا جلنا 75 فیصد۔

ہم جانتے ہیں کہ آگ لگنے سے آکسیجن جلتی ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ اور چند دوسری گیسوں کو گرین ہاوس گیسیں کہا جاتا ہے اور ان کے فضا میں بڑھنے سے درجہ حرات میں اضافہ ہوتا ہے۔

ہم کئی عشروں سے سن رہے ہیں کہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن سب ڈھکوسلا ہے۔ اعدادوشمار اس کی نفی کرتے ہیں۔ سنہ 2000 میں دنیا میں ایک لاکھ 22 ہزار ٹیراواٹ توانائی خرچ کی گئی۔ ایک ٹیراواٹ برابر ہے ایک ملین میگاواٹ کے۔ سنہ 2010 میں ایک لاکھ 52 ہزار اور سنہ 2021 میں ایک لاکھ 76 ہزار ٹیراواٹ توانائی صرف ہوئی۔

حل کیا ہے؟ درخت لگانا حل کی جانب معمولی سا قدم ہے۔ زیادہ آبادی ہوگی تو زیادہ ایندھن خرچ ہوگا۔ آبادی کم ہونی چاہیے۔ کوئلے کا استعمال بند ہونا چاہیے۔ تیل اور گیس کا استعمال کم اور سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کا استعمال زیادہ ہونا چاہیے۔ گاڑیوں اور صنعتوں کو متبادل ایندھن پر منتقل کیا جانا چاہیے۔

عالمی ماحول کو بہتر بنانا اور درجہ حرارت میں کمی کے اقدامات کرنا حکومتوں، خاص طور پر امیر ملکوں کی ذمے داری ہے۔ پاکستان جیسے غریب ملک اور ہمارے آپ کے جیسے عوام کے بس میں کچھ نہیں۔ درخت لگاسکتے ہیں تو ضرور لگائیں تاکہ اس کی چھاوں میں رہیں لیکن کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔

Check Also

Quwat e Iradi Mazboot Banaiye

By Rao Manzar Hayat