Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Farangi Hujjaj

Farangi Hujjaj

فرنگی حجاج

کیا آپ جانتے ہیں کہ کتنے یورپی سیاحوں نے بھیس بدل کر مکہ کا سفر کیا اور مسلمانوں کے ساتھ حج انجام دیا؟

میں نے تین سال پہلے اپنے کتابوں کے گروپ میں جان لوئی برکھارٹ اور رچرڈ برٹن کے سفرناموں کا ذکر کیا تھا۔ بلکہ برکھارٹ کے سفرنامے کا اردو ترجمہ اور برٹن کا انگریزی سفرنامہ شئیر بھی کیا تھا۔

برکھارٹ کے سفرنامے کا ترجمہ مولوی سید علی شبیر نے کیا جو حیدرآباد دکن کی عدالت عالیہ کے منتظم تھے۔ چند دن پہلے مجھے معلوم ہوا کہ انھوں نے صرف برکھارٹ نہیں بلکہ بھیس بدل کر حج کرنے والے دوسرے یورپی سیاحوں پر بھی خاصا کام کیا تھا۔

انھوں نے اس سلسلے کا پہلا مضمون فرنگی حجاج کے عنوان سے لکھا جو حیدرآباد دکن کے رسالے افسر میں نومبر 1900ء میں شائع ہوا۔ یہ مضمون چودھویں صدی اور شاید ایک دو اور رسالوں نے بھی نقل کیا۔ اس کے بیس بائیس سال بعد انھوں نے اس مضمون کو آپ ڈیٹ کیا اور ماہنامہ ترقی میں کئی قسطیں چھاپیں۔ وہ رسالہ بند ہوا تو ایک دو سال بعد ماہنامہ ترجمان میں مضامین لکھے۔ وہ بھی مرحوم ہوگیا تو مجلہ مکتبہ میں کئی سیاحوں کا احوال رقم کیا۔

مجھے تمام مضامین نہیں مل سکے لیکن ڈھونڈ ڈھانڈ کے دس قسطیں نکال لی ہیں جن میں 9 فرنگی سیاحوں کا ذکر ہے۔ ان میں برکھارٹ شامل ہے لیکن رچرڈ برٹن کی قسط اگر لکھی تھی تو موجود نہیں۔ بہرحال مجھے برٹن کے سفرنامے کا اردو ترجمہ دارالمصطفی مل گیا ہے جو پہلے شئیر نہیں کرسکا تھا۔ ان اقساط میں ولیم گفرڈ پیلگریو کا نام بھی موجود نہیں لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ اس نے بھیس بدل کر نجد کا سفر تو کیا لیکن حج نہیں کیا۔ دراصل وہ نپولین کا جاسوس تھا۔

مولوی صاحب کا جو آخری مضمون میں نے دیکھا، وہ جون 1931 میں شائع ہوا۔ اس کے دو سال بعد لیڈی ایولن کوبالڈ حج کرنے والی اولین یورپی خاتون بنیں۔ انھوں نے اسلام قبول کرلیا تھا۔ ان کا سفرنامہ اردو میں حج زینب کے نام سے چھپا۔ معلوم نہیں انھیں فرنگی سیاح کہا جاسکتا ہے یا نہیں۔

میں نے گروپ میں گوگل ڈرائیو کے ایک فولڈر کا لنک شئیر کیا ہے جس میں رچرڈ برٹن کی دارالمصطفی، ایولن کوبالڈ کی حج زینب، برکھارٹ کا سفرنامہ حجاز اور پیلگریو کی حالات نجد والاحسا کے علاوہ ماہنامہ ترقی اور مجلہ مکتبہ کے وہ پانچ پانچ شمارے جمع کردیے ہیں، جن میں مولوی صاحب کے تفصیلی مضامین چھپے۔

میرے پاس کئی فرنگی حاجیوں کے انگریزی سفرنامے بھی موجود ہیں لیکن شاید انھیں شئیر کرنے کی ضرورت نہیں۔

گزشتہ سال مارچ میں دا حج اینڈ دا آرٹس آف پلگریمیج کے عنوان سے ایک اہم کتاب شائع ہوئی ہے۔ اس میں پروفیسر جان لوپ کا 45 صفحات کا دلچسپ مضمون ٹریولرز ان ڈس گائیز، یورپینز ان مکہ اینڈ مدینہ 1500-1930 شامل ہے۔ مولوی علی شبیر یہ مضمون دیکھ لیتے تو پھڑک اٹھتے۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali