Friday, 18 October 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Dr. Claire Pamment

Dr. Claire Pamment

ڈاکٹر کلیر پامنٹ

ڈاکٹر کلیر پیمنٹ کا تعلق انگلینڈ سے ہے لیکن انھوں نے کئی سال پاکستان میں گزارے ہیں۔ وہ ورلڈ تھیٹر پڑھاتی ہیں لیکن ان کی ڈاکٹریٹ کا موضوع بے حد اہم اور انوکھا تھا، یعنی اس طبقے کی پرفارمنسز جو مارجنلائز ہے، جسے اہمیت نہیں دی جاتی، جسے اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاسکتا۔

ان کا پی ایچ ڈی کا مقالہ کامک پرفارمنس ان پاکستان، دا بھانڈ 2017 میں شائع ہوا اور اسے علمی حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی۔ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ کتاب ابھی تک پاکستان میں شائع نہیں ہوئی۔ کل کلیر نے ہمیں بتایا کہ نیشنل بک فاونڈیشن اسے شائع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

میں کلیر سے اس وقت واقف ہوا جب پہلی بار جناب سرمد صہبائی کے گھر گیا۔ وہ ان کی اہلیہ ہیں۔

کلیر نے کیمبرج یونیورسٹی سے بی اے، گولڈ اسمتھس کالج سے ایم اے اور لندن یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا۔ اپنی تحقیق مکمل ہونے کے بعد بھی پاکستان میں رہیں اور لاہور میں پڑھاتی رہیں۔ لیکن پھر انھیں دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک، ژیل یونیورسٹی میں ملازمت مل گئی اور وہ امریکا آگئیں۔ کچھ عرصے بعد ولیم اینڈ میری کالج سے پیشکش ہوئی تو ہماری ورجینیا منتقل ہوگئیں۔ ولیم اینڈ میری کالج امریکا میں اعلی تعلیم کا دوسرا سب سے قدیم ادارہ ہے۔ یہ 1693 میں قائم کیا گیا تھا۔

میں دوستوں سے ملتا ہوں تو انھیں کوئی نہ کوئی کتاب پیش کرتا ہوں۔ عام طور پر اپنی کتاب۔ لیکن میں نے سوچا کہ کلیر کو اردو کہاں آتی ہوگی۔ میں ان کے لیے کتاب می ہیجڑہ می لکشمی لے گیا۔ اس کی مصنف لکشمی نرائن تری پاٹھی سے میں کراچی میں مل چکا تھا جہاں وہ لٹریچر فیسٹول کی مہمان تھی۔ اس سے کتاب پر دستخط بھی کروائے تھے۔

کلیر سے مل کر پہلی حیرانی یہ ہوئی کہ انھیں اردو بہت اچھی آتی ہے۔ دوسری بار انھوں نے یہ کہہ کر حیران کیا کہ لکشمی سے ان کی دوستی ہے اور وہ ان کے گھر آچکی ہے۔ بلکہ کلیر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لکشمی نے مودی کی پارٹی جوائن کرلی ہے۔ ہیجڑوں سے یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ کسی مذہب یا سیاسی نظریے کی تبلیغ کریں گے۔

کلیر ڈاکومنٹری تھیٹر تیسری دھن اور ایک فلم ودھائی بھی بناچکی ہیں۔ ان کی دوسری کتاب بدھائی حال میں شائع ہوئی ہے۔ وہ آج کل پاکستان میں تیسری جنس اور ہم جنس پرستوں کی پرفارمنسز پر کام کررہی ہیں۔ ان کی اگلی کتاب کا عنوان خواجہ سرا پرفارمنسز ان پاکستان ہوگا۔

Check Also

Elfi

By Azhar Hussain Bhatti