Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khansa Saeed
  4. Pardesi Sabir Mard

Pardesi Sabir Mard

پردیسی صابر مرد

پردیس میں سات سمندر پار اپنی خوبصورت جوان بیویوں کو چھوڑ کر جانے والوں کا دل اُنہیں بار بار روکتا ہے۔ کون ہوگا جو جوان محبت کو چھوڑ کر جانا چاہے گا۔ پیاری سی ہنسی ہنسنے والے توتلی زبان میں چھوٹے چھوٹے ٹوٹے ہوئے لفظ ادا کرنے والے بچوں کو چھوڑ کر پردیس روزی کمانے جانے والے مردوں جیسا دل صرف مرد ذات ہی رکھتی ہے اتنی مضبوطی اور بہادری صرف مرد کے کردار میں پائی جاتی ہے۔

پردیس میں پہروں بھوکا رہ کر اپنی بیوی، اپنے بچوں، اپنے ماں باپ، اپنے بہن بھائیوں کے لیے شب و روز محنت کرنے والا مرد ہی تو ہوتا ہے جو اپنی جوانی اپنے جذبات اپنی خواہشات کو مار کر اُن سب چیزوں کو پس پشت ڈال کر "میرے لوگ میرے گھر والے خوشحال زندگی گزاریں" صرف اس کلیے کو سامنے رکھ کر اپنی صحت کی پرواہ کیے بغیر دن رات کام کام اور صرف کام کرتا ہے۔

ایک گھر میں جوان بہنوں کی شادیاں، اُن کے جہیز بنانے میں اپنی جوانی سے بے پرواہ اپنی شادی کی عمر میں اپنی شادی کی فکر کیے بغیر اپنی جوانی قربان کرنے والے بھائی ہمارے معاشرے کے بڑے "صابر مرد" ہیں۔

موسم کی تمازت کی پرواہ کیے بغیر کہ جس کو شدید گرمی میں گرمی نہیں لگتی بہت سردی میں جو سردی نہیں لگتی، اولاد کا پیٹ پالنے کی خاطر جو ہر مشکل سے مشکل کام میں ہمہ وقت محنت کرتا رہتا ہے وہ باپ ہے معاشرے کا ایک شفیق مرد کہ جس کی شفقت کے سائے میں بچے پلتے ہیں۔

اپنی بیوی سے محبت کرنے والا، بیوی کی عزت کرنے والا، اپنی بیوی کی ہر ضرورت، ہر خواہش ہر خواب پورا کرنے والا شوہر ایک مرد ہے کہ جس کے ساتھ ہوتے بیوی اپنے آپ کو سب سے زیادہ مضبوط پر سکون محسوس کرتی ہے۔

ان سارے رشتوں میں جڑے مرد اور ان رشتوں کے علاوہ ہمارے ارد گرد رہنے والے نیک کردار کے اچھی تربیت کے حامل مرد ہمارے معاشرے کا ہماری دنیا کا حسن ہیں۔

معاشرے کے اچھے اور بہترین تربیت یافتہ مرد ہی تو معاشرے کو خوبصورت اور کامل بناتے ہیں ان کرداروں کی خوبصورتی کے ساتھ ہی معاشرے کی خوبصورتی ہے۔ اگر یہ کردار بدصورتی اور بدی کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہوں تو معاشرہ تعفن زدہ ہے زندگیاں عذاب اور اجیرن ہیں مرد اچھے اور نیک ہیں تو زندگیاں حسین ہیں یہ دنیا حسین ہے۔

اگرچہ وجودِ زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ تو نیک پاکیزہ اور رحم دل شفیق مردوں کے وجود سے بھی یہ کائنات محبت کے نغمے گنگناتی ہے اُنہیں کی سنگت میں ایک عورت ہنستی مسکراتی کھلکھلاتی زندگی کو مزید حسین بناتی ہے۔

Check Also

Ye Dunya Magar Bohat Zalim Hai

By Nusrat Javed