1.  Home/
  2. Blog/
  3. Khansa Saeed/
  4. Apne Pas Energy Save Rakhen

Apne Pas Energy Save Rakhen

اپنے پاس انرجی سیو رکھیں

گلاسکو یونیورسٹی کے محققین نے تحقیق کی اور کہا کہ جو انسان دوسرے لوگوں کے منفی اور غلط رویوں کو برداشت کرکے خود کو تھکا رہا ہوتا ہے دراصل وہ اپنی انرجی ضائع کر رہا ہوتا ہے۔ گلاسکو کی نیورو سائنس اور سائیکالوجی انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ منفی لفظ اور رویوں کے سامنے انسان خود جذباتی طور پر بہت نڈھال اور کمزور محسوس کر رہا ہوتا ہے۔

ایسا ہی تو ہے، جب ہم اُن لوگوں سے محبت کر رہے ہوتے ہیں جن کے نزدیک ہمارے جذبات، ہمارے احساسات کی کوئی ویلیو نہیں ہے جو آپ کی محبت کی ہر روز بے قدری کریں ایسے لوگوں کے ساتھ ڈھٹائی سے تعلقات کو بنائے رکھنا دراصل اپنی انرجی ضائع کرنا ہوتا ہے۔

جب ہم لوگ ایسوں کے ساتھ مخلص ہوتے ہیں جو ہر روز ہمارے اخلاص کو شک کی بھینٹ چڑھا کر ہمیں روز ایک نئے کٹہرے میں لا کھڑا کریں اور ہم اُن کو اپنے اخلاص کی ہر روز صفائیاں دیتے ہی چلے جائیں ایسا کرنا دراصل اپنی انرجی کو ضائع کرنا ہوتا ہے۔

جب ہم لوگ ایسے کم ظرف اور احسان فراموش لوگوں کے ساتھ نیکی کر رہے ہوتے ہیں کہ جن سے نیکی کرنے کے بعد ہمیں ہر وقت اُن کے شر سے بھی بچنا پڑتا ہے تو اس طرح کے لوگوں کے ساتھ نیکی کرنا دراصل اپنی انرجی کو ضائع کرنا ہے۔

جب ہم منافقین، حاسدین، چالاک، ٹاکسک لوگوں کی گڈ لسٹ میں شامل ہونے کے لیے روز اپنے آپ کو جذباتی اور ذہنی طور پر تھکا دیں اور وہ ہماری کسی نا کسی بات پر ہر روز ہمیں ریجیکٹ کریں ہمیں ذلیل و رسوا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نا جانے دیں تو ایسوں کے ساتھ جڑے رہنا اپنی انرجی ضائع کرنا ہے۔

تو ایسے لوگوں کو پہلی فرصت میں اپنی زندگی سے نکالئیے اگر نکال نہیں سکتے تو اُن کے ساتھ سمجھ بوجھ کے ساتھ چلیں تا کہ وہ آپ کی ذہنی صحت کو بار بار متاثر نا کریں۔

اپنے پاس انرجی سیو رکھیں ایسے لوگوں کے لیے جو رحم دل ہوں جن سے نیکی کرنا دریا میں ڈالنے کے مترادف نا ہو، بلکہ جن سے نیکی کرنا آپ کے چہرے کو روشن کر دے جن کے ساتھ مخلص بن کر رہنا آپ کو ایک گہرے پچھتاوے میں نا دھکیل دے۔ جن کے ساتھ مہربانی کرنا آپ کو سچ میں دلی اور ذہنی سکون دے ایسے لوگوں سے مل کر ایسوں سے تعلق بنا کر ہماری انرجی ہر روز بوسٹ ہوتی رہے گی۔

Check Also

Qismat Par Inhesar

By Asfar Ayub Khan