Dawakhana
دواخانہ
سائنس کی ترقی کے ساتھ علاج کے جدید طریقے دریافت ہورہے ہیں لیکن ہماری ریاست اپنی مردانہ کمزوری دور کرنے کیلئے پچھلے ستر سالوں سے وہی ایک نسخہ استعمال کررہی ہے، جسے"دیسی ویاگرہ" کہتے ہیں۔ یہ دیسی ویاگرہ مختلف اجزاء کو ملاکر تیار کیاجاتا ہے۔ یہ ویاگرہ آئی۔ ایم۔ ایف کے معجون قرض، امریکی عرق ڈالری اور چینی جڑی بوٹیوں کو ملاکر تیار کیاجاتا ہے اور پھر طاقتور محلول بنانے کیلئے اس میں عربی سانڈے کا تیل ملادیا جاتا ہے۔
اس دوائی سے وقتی فائدہ ضرور ہوتا ہے اور مریض کچھ عرصہ کیلئے جوانی کے مزے لوٹتا ہے لیکن اس نسخے کے زیادہ استعمال سے گردے اور جگر بہت جلد ناکارہ ہوجاتے ہیں اور مریض موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔ جب دیسی ویاگرہ کا اثر کم ہوجاتا ہے تو دواخانہ کچھ اور نسخے بیچنا شروع کردیتا ہے۔ ان میں اسلامی چورن، مسلم امہ پھکی، دافع انڈیا معجون اور امریکہ مردہ باد مصالحہ شامل ہیں۔
دواخانہ میں حکیم کا تقرر پانچ سال کیلئے کیا جاتا ہے لیکن اکثر نسخہ جات کی ناکامی کیوجہ سے مالک اسے وقت سے پہلے رخصت کردیتا ہے۔ حکیم اپنی ناکامی کیوجہ مالک کو قرار دیتا ہے لیکن مالک ساری ذمہ داری حکیم پر ڈال کر اس کو موجب سزا قرار دیتا ہے۔
حکیم چارج سنبھالنے کے بعد اپنے معاونین کا تقرر کرتا ہے۔ کچھ کو ہاون دستے میں نسخہ کوٹنے کیلئے رکھا جاتا ہے اور کچھ بھیک منگے (دواخانے کی اصطلاح میں انہیں وزیر کہتے ہیں) معجون قرض اور امریکی عرق ڈالری وغیرہ اکٹھے کرنے کیلئے مقرر کئے جاتے ہیں۔ کچھ لوگوں کی ڈیوٹی نسخہ بیچنے اور اسکی مارکیٹنگ پر ہوتی ہے۔
ماشااللہ ابھی دواخانے میں نئے حکیم کو کام کرتے ہوئے ایک سال ہونوالا ہے۔ یہ حکیم صاحب پہلے بھی سولہ مہینے دواخانہ چلاچکے ہیں۔ بوجہ بیماری کچھ عرصہ رخصت پر رہے اور نگران حکیم دواخانہ چلاتا رہا۔ چینی جڑی بوٹیوں اور سعودی عرب سے روحانی علاج کے بعد انکو کافی افاقہ ہوا ہے اور دوبارہ جانفشانی سے دواخانہ چلارہے ہیں۔
اب ایک نئی رسہ کشی چلے گی۔ پرانے حکیم اس کے طریقہ علاج پرواویلا کریں گے اور اسکے نسخوں سے مریضوں کی اموات اور ہونیوالے نقصان کی نشاندہی کریں گے اور مالک سے استدعا کریں گے کہ اسے ہٹاکر انہیں لگایا جائے۔ حالانکہ نیا نسخہ کسی کے پاس نہیں، جو نیا حکیم بیچ رہا ہے، پرانے حکیموں نے بھی یہی بیچاہوتا ہے لیکن پرانا حکیم یہی دعوی کرتا ہے کہ میں کوئی نیا نسخہ لاٶں گا جس سے ساری بیماریاں ختم ہوجائیں گی۔
لیکن جب نسخہ جات سے مریض خراب ہونے لگتے ہیں تو مالک کو حکیم ہٹانے کا فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔ مالک کی نظریں پھرتی دیکھ کر حکیم کے اپنے ساتھی بھی اس کے طریقہ علاج پر سوال اٹھاکر اس سے علیحدہ ہوجاتے ہیں اور حکیم کا دھڑن تختہ ہوجاتا ہے اور مریضوں کو ہونیوالے نقصان کے جرم میں معزول حکیم پر مقدمہ چلایا جاتا ہے اور اسے پابندسلاسل کردیا جاتا ہے اور پھر نئے حکیم کا تقرر کردیا جاتا ہے۔
بہرحال جس طرح علاج سے مریض ٹھیک ہویا نہ ہو، ڈاکٹر کی دیہاڑی ضرور لگ جاتی ہے اسی طرح حکیم کے علاج سے چاہے مریض شفایاب نہ ہوں لیکن پھر بھی حکیم اور اس کے ساتھی دیہاڑی ضرور لگالیتے ہیں۔ کچھ عرصہ سزا کاٹنے کے بعد آخرکار معزول حکیم کو معافی مل جاتی ہے اور اس کے سارے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں اور وہ دوبارہ تقرری کیلئے پھر امیدوار بن جاتا ہے اپنے پرانے نسخے نئی پیکنگ میں بیچنے کیلئے۔