Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khadija Bari
  4. Suna Hai Ke, Aur Hamare Rishtedar

Suna Hai Ke, Aur Hamare Rishtedar

سنا ہے کہ، اور ہمارے رشتے دار

ارشد صاحب کو کم پیشاب آنے کی شکایت ہوئی تو انہوں نے سوچا لگے ہاتھ ٹیسٹ کروا لیں۔ کہیں شوگر اور بلڈ پریشر کے باعث یہ عارضہ بڑھ نہ جائے۔ وہاں اتفاقاََ ایک رشتہ دار سے ملاقات ہوگئی۔ اگلے دن خیریت دریافت کرنے کے لئے آنے والے فون کچھ یوں تھے۔

سنا ہے ارشد کا پیشاب بند ہوگیا ہے، فیس بک پر ایک حکیم صاحب کے پیج پر پڑھا تھا کہ گردوں کے مریض کو خربوزہ اور اس کے بیج کھلاؤ اور بھکڑے کا جوشاندہ پلاؤ۔

جی، آپ کا فکر مند ہونے کا اور اتنا خیال رکھنے کا بہت بہت شکریہ، لیکن اللہ نہ کرے ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

اچھا بہن، چلو شکر ہے۔ لیکن پھر بھی یہ ٹوٹکے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں، گردوں کا تھوڑا سا مسئلہ بھی اس سے حل ہو جاتا ہے اور گردوں کی صفائی بھی ہو جاتی ہے، کوئی بھی کر لے یہ ٹوٹکا تو، نقصان نہیں ہے اس کا۔

جی ٹھیک۔ اللہ حافظ۔

جو بیماری لاحق ہی نہ تھی اسی کے علاج پر اصرار تھا وہ سوچتی ہی رہ گئیں۔

ہیلو، اسلام علیکم۔

سنا ہے بھائی کی طبیعت کافی خراب ہے گردوں کا انفیکشن ہوگیا ہے، اللہ کسی دشمن کو بھی ایسی بیماری نہ دے، آپ فوراً سے پہلے ڈاکٹر کو دکھائیں۔ بس آپ کو اللہ برے دن دیکھنے سے بچائے۔

جی وہ آپ کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔ آپ کے بھائی ماشاءاللہ بالکل ٹھیک ہیں۔ وہ تو احتیاطً ماہانہ چیک اپ کروانے گئے تھے۔

اچھاااا، اللہ کرے ایسا ہی ہو بہن۔ بس سن کے دل ہول گیا تھا۔

ہیلو، ارشد بھائی کی طبیعت کا معلوم ہوا تھا سنا ہے گردوں پر ورم آگئی ہے۔ محلے کے ڈاکٹر نے غلط دوائی دے دی جس کی وجہ سے گردوں پر اثر ہوگیا ہے۔

نہیں ایسی کوئی بات۔

ساجد بتا رہے تھے کہ کریٹینائن اور یوریا بہت بڑھ گیا ہے۔ چلنا پھرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ سنا ہے ایمبولینس آئی تھی ارشد بھائی سے تو اٹھا بھی نہیں جا رہا تھا۔

جی ی ی ی۔

بیگم ارشد کے پاس کوئی جواب نہ تھا انہوں نے کال ہی کاٹ دی۔ ابھی موبائل رکھ کر مڑی ہی تھیں کہ پھر کال آ گئی۔

اسلام علیکم، ارشد بھائی اب کیسے ہیں سنا ہے ہاسپٹل ایڈمٹ تھے۔ ڈائیلیسز بتایا ہے ڈاکٹر نے۔ کوئی طاقت کی دوا لے لی تھی کیا ارشد بھائی نے؟ جو اچانک گردے فیل ہوگئے۔

نہیں جی اللہ نہ کرے کبھی یہ مرحلہ آئے، ارشد صاحب تو خیر خیریت سے ہیں اور آفس گئے ہوئے ہیں۔

بہن!میرا تو دل ڈوب گیا تھا سن کر ہی، بہت خطرناک مسئلہ ہوتا ہے گردوں کا تو۔

عذرا کی نند کی جیٹھانی کے بھائی کے دوست کے بیٹے کا اسی تکلیف میں انتقال ہوا، آپ بھائی جان کو پستے کھلاؤ۔ انجیر پانی میں بھگو کے نہار منہ دو، دم کیا ہوا پانی پلاؤ اور ساتھ ساتھ روحانی علاج بھی کرواؤ۔ ہائے ایک میاں کا ہی سہارا ہوتا ہے بس، کوئی کسی کا نہیں، بیوہ اور یتیم کو کوئی نہیں پوچھتا آج کل۔

بیگم ارشد کے ہاتھ سے موبائل گرتے گرتے بچا، انہوں نے موبائل سوئچ آف کیا کہ اس سے زیادہ سننے کی ان میں تاب نہ تھی اور کھانا بنانے کے لئے کچن کا رخ کرنے لگیں تو کلاک پر نظر پڑی، نو بج چکے تھے۔ متواتر فون کالز کی وجہ سے ان کا کافی وقت ضائع ہوگیا تھا نماز بھی نہ پڑھی تھی، آج ڈنر کا باہر جا کر کرنے کا دل ہی دل میں پلان کرتے ہوئے وہ وضو کرنے چلی گئیں۔

Check Also

Elon Musk Ka Vision

By Muhammad Saqib