Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Jawairia Sajid
  4. Ahsan Qadam

Ahsan Qadam

احسن قدم

اس وقت بلاشبہ پنجاب گورنمنٹ کا سب سے بڑا کارنامہ انکروچمنٹ کے خلاف بلا تفریق بہت بڑا آپریشن ہے۔ بازاروں کی تو شکل ہی بدل گئی ہے وہ بازار جہاں سے پیدل چلنا دشوار ہو چکا تھا۔ ان بازراوں کی روشن اور کھلی سڑکیں اور ایک ہی سمٹری میں بورڈ بازاروں کو اور ہی شکل دے رہے ہیں۔

ہمارے شہر میں ماڈل ٹاون بی اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں بھی بڑے پیمانے پہ تجاوزات گرانے کا آپریشن شروع ہو چکا ہے۔

نواب سر صادق محمد خان عباسی صاحب کی ٹاون پلاننگ کے تحت ہمارے علاقے ماڈل ٹاون بی میں ایک کنال کی کٹنگ کے گھر تھے جن کی فرنٹ روڈ 60 فٹ اور بیک روڈ 30 فٹ کی تفویض کی گئی تھی۔ ہر گھر کے فرنٹ پہ دس فٹ کا ایریا کچن گارڈن اور سوریج کی پائپ لائن کے لیے مختض کیا گیا اور یہ کہ گھر کے مالکان اپنے گھر کے فرنٹ پہ گارڈن کے ذمہ دار ہیں۔

وقت گزرنے کے ساتھ اپنے گھروں کے فرنٹ پہ کچن گارڈن کی زمین کو پہلے کچھ اضافہ کرکے باڑھ لگا کے کور کیا گیا پھر اسں میں لوہے کے جنگلے لگا کے گیٹ لگا دیے گئے اور پھر سیمنٹ کی مضبوط دیواریں بنا کے اندرونی حصہ مکمل طور پہ اپنے گھروں میں شامل کر لیا گیا کسی نے یہاں واش روم بنا لیے کسی نے سیڑھیاں اٹھا دیں غرض نا جائز قبضہ اور پھر اس پہ مکمل حق ملکیت۔

غضب خدا کا 60 فٹ کی سڑک پہ دونوں جانب سے بیس بیس فٹ پہ گھر مالکان کا قبضہ اور روڈ صرف 20 فٹ کی جس پہ ایک گاڑی کھڑی ہو تو دوسری کا گزرنا مشکل ہو جائے۔

ہمارے علاقے میں تین چار دن سے یہ آپریشن زور شور سے شروع ہو چکا ہے تمام لوگ اس کے بارے میں مکمل آگاہ تھے پندرہ بیس دن پہلے باقائدہ اعلانات کروائے گئے تھے کہ تجاویزات خود ختم کر دیں ورنہ حکومت کی طرف سے گرا دی جائیں گی۔

وڈیوز دیکھ کے افسوس بھی ہوتا ہے دل دکھتا ہے کہ کس طرح لوگوں کے گھروں کے گیٹ اکھاڑے جا رہے ہیں گیراج گر رہے ہیں برآمدے اکھڑ رہے ہیں۔ لیکن سچ بات یہ ہے کہ یہ ناجائز قبضہ ہے۔ ہمارے لوگوں میں سے اب جائز ناجائز کا فرق ختم ہوگیا ہے لوگ چور بھی ہیں سینہ زور بھی اور اس پہ شرمندہ بھی بالکل نہیں ہیں بلکہ خود کو مظلوم سمجھ رہے ہیں اور حکومت کو ظالم۔

بندہ پوچھے آپ لوگوں کو شرم نہیں آتی ناجائز قبضے کرتے؟ اور جب حکومت مستقل انتباہ کر رہی ہے تو پہلے ہی خود سے کیوں نا ہٹا لیں تجاوزات؟

اس آپریشن کو جاری رہنا چاہیے اور تجاوزات ہٹانے کے بعد آئندہ کے لیے ایسی حکمت عملی بنانی چاہیے کہ حکومتیں آئیں یا جائیں لوگ سرکاری زمین پہ ناجائز قبضے کرکے اپنے گھروں میں شامل نا کر سکیں۔

اعلانات سب حکومتوں نے کیے مگر اس بات پہ عمل یہ حکومت کرکے دیکھا رہی ہے۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan