Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hussnain Nisar
  4. Pathar Ka Zamana

Pathar Ka Zamana

پتھر کا زمانہ

اگر کسی دن ہم نیند سے بیدار ہوں اور پتا چلے کہ ہم مہذب دنیا کی آخری انسانی نسل ہیں اور آج کے بعد دنیا کی مادی اور سائنسی ترقی نہ صرف رُک جائے گی بلکہ اسے ریورس گئیر لگ جائے گا اور کچھ ہی عرصے میں زمین ویسی ہو جائےگی جیسی آج سے دو لاکھ سال پہلے تھی، تو ہمارا ردعمل کیا ہوگا؟

پہلے اِس بات کا تصور کرتے ہیں کہ زمین اپنی اصل حالت، کی طرف واپس کیسے جائے گی۔ ظاہر ہے کہ تمام کارخانے اور دفاتر بند ہوجائیں گے، گاڑیاں، ہوائی جہاز، کمپیوٹر، مشینیں، بجلی اور تیل سے چلنے والی تمام اشیا ناکارہ ہوجائیں گی، کھانے کے طور طریقےبدل جائیں گے، لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنا جلنا کم ہوجائے گا، کرہ ارض پر خاموشی چھا جائے گی اور اِس کی حالت کچھ کچھ ویسی ہوجائےگی جیسی کوویڈ کے دنوں میں تھی۔ لیکن ہم اِس سے بھی پیچھے جائیں گے اور اُس وقت تک چلتے جائیں گے جب تک ہمیں زمین اُس حالت میں واپس نہیں ملتی جیسی دو لاکھ سال پہلے تھی۔

اُس وقت انسان بھی جانوروں کی طرح غاروں میں رہتا تھا اور انہی کی طرح شکار کرکے کھاتا تھا، انسان نے زبان بھی ایجاد نہیں کی تھی، تو کیا ہم کہہ سکتے ہیں کہ اُس وقت کا انسان آج کے مقابلے میں زیادہ بہتر حالت، میں تھا؟ یا ایسے کہئے کہ اگر ہمیں پتا چل جائے کہ آج کے بعد ہمیں دو لاکھ سال پہلے کے انسان کی طرح رہنا ہوگا، بغیر کسی سائنسی اور مادی ترقی کے، تو کیا یہ سودا برا ہوگا؟ ممکن ہے کچھ لوگوں کو پتھر کے زمانے کی زندگی کے بارے میں سوچ کرہی جھرجھری آجائے مگر سچ پوچھیں تو یہ سودا گھاٹے کا نہیں ہوگا۔ چلئے اِس مفروضے کی پڑتال کرکے دیکھتے ہیں۔

ترقی یافتہ زندگی کے جو دو بڑے فائدے ہمیں نظر آتے ہیں اِن میں سے ایک جہاز کا سفر ہے اور دوسرا میڈیکل سائنس کی ترقی۔ جہاز کی بدولت انسان نے زمین کا چپہ چپہ دیکھ لیاہے، اِس ایجاد کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا کہ انسان خدا کی اِس خوبصورت تخلیق کو دیکھ پاتا۔ اسی طرح میڈیکل سائنس معجزے کا دوسرا نام ہے، اگر اِس میدان میں ترقی نہ ہوتی تو انسان بھی جانوروں کی طرح چھوٹی چھوٹی بیماریوں کا شکار ہوکر مرجاتا۔

ترقی یافتہ زندگی کا ایک پہلو فنون لطیفہ بھی ہے، مصوری، مجسمہ سازی، شاعری، موسیقی، کہانی، ڈرامہ، رقص، ظاہر ہے کہ پتھر کے زمانے کا انسان اِن تمام باتوں سے نا آشنا تھا سو ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ مہذب دنیا کم از کم اِن تین باتوں کی وجہ سے پتھر کے زمانےسے بہتر ہے۔ لیکن سوال تویہ ہے کہ انسان نے اِس ترقی کی جو قیمت ادا کی وہ کیا تھی؟ اگر ہم یہ فرض کرلیں کہ انسان اپنی دائمی مسرت کی خاطر سب کچھ کرتا ہے تو کیا اِن چیزوں کی بدولت اسے دائمی مسرت حاصل ہوگئی؟ اگرانسان وہ سب کچھ نہ کرتا جو اُس نے گزشتہ دو لاکھ برسوں میں کیا تو شاید اُس کے لئےدائمی مسرت کا حصول اتنا مشکل نہ ہوتا جتنا آج ہے۔

آج اِس مسرت کے لئے اسے جس قدر کٹھن محنت کرنا پڑتی ہے اور جس مقابلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ دو لاکھ سال پہلے مفقود تھا۔ پہلے انسان نے قدرتی طرز زندگی کو چھوڑا، پھرزرعی انقلاب برپا کیا جس سےجائیداد اور ملکیت کا تصور وجود میں آیا، اُس کے بعد صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھی جس سے شخصی آزادی کے تصور نے جنم لیا، اِس تصور نے سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیا جس میں زیادہ سے زیادہ چیزوں کوخریدنا ضروری ہوگیا، اِس کے لئے انتھک محنت لازمی قرار پائی اور اب اِس جہد مسلسل کے بغیر زندہ رہنا محال ہے۔

انسان کے علاوہ زمین پرشاید ہی کوئی دوسری مخلوق ہو جسے محض زندہ رہنے کے لئے اتنا کام کرنا پڑتا ہو، یہ کام کرنا دراصل فطرت کے خلاف ہے، یہی وجہ ہے کہ باقی جاندار محض اپنی خوراک کے لئے تھوڑا بہت تردد کرتے ہیں اور جب انہیں خوراک مل جاتی ہے تو وہ کوئی کام نہیں کرتے، جانداروں کو محنت کرنے کے لئے یا کام کرنے کے لئے بنایا ہی نہیں گیا۔ انسان کا المیہ یہ ہے کہ وہ خوراک کے ذخائر کا ڈھیر بھی لگا لے تو مطمئن نہیں ہوتا، مستقبل کا ان دیکھا خوف اسے جینے نہیں دیتا، یہی وجہ ہے کہ اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچنے کے باوجود انسان کی بے چینی ختم نہیں ہوتی اور خواہشات ختم ہونے کانام نہیں لیتیں۔

موجودہ دور کی ترقی نے ہم سے کمپیٹیشن کی شکل میں جو قیمت وصول کی ہے کیاوہ اُن آسائشوں اور سائنسی ایجادات سے زیادہ نہیں جو آج ہمیں میسر ہیں! اِس ترقی نے جس نظام کو تشکیل دیا ہے وہ نظام کمزور انسانوں کوروند کر آگے بڑھ جاتا ہے، بے شک دو لاکھ سال پہلے بھی فطرت کا یہی قانون تھا جسے ڈارون نے دریافت کیا تھا مگر ستم ظریفی تو یہ ہے کہ باقی انسانیت بھی محفوظ نہیں جو تمام جانداروں کو شکست دے کر یہاں تک پہنچی ہے۔ ایک تو ہم نے کرہ ارض کو رہنے کے قابل نہیں چھوڑا اوردوسری طرف ہم اُس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں اپنی ہی ایجاد ات سے خوفزدہ ہیں اور اُن سے بچاؤ کے طریقے دریافت کرنے کی فکر میں ہیں۔

مگر شاید یہ سب کچھ انسان کے بس میں نہیں تھا، باقی جانداروں کے مقابلے میں انسانی جسم اور عقل و شعور کا ارتقا جس طرح ہوا اُس کے بعد یہ ممکن نہیں تھا کہ انسان دیگر جانوروں کی طرح محض شکار کرکے بیٹھ جاتا اور سارا دن اونگھ کر گزار دیتا۔ اُس کی جبلت نے اسے چین نہیں لینے دیا، ایک دوسرے کی بات کو سمجھنے کے لئے اُس نے اشاروں کنایوں کا سہارا لیا اور پھر رفتہ رفتہ زبان بھی ایجاد کر لی، زبان کی دریافت کے بعد انسان ایک ہی جست میں دیگر جانوروں سے آگے نکل گیا۔

میں سائنسی ایجادات اور جدید ترقی کے قطعی خلاف نہیں ہوں، میں تو صرف یہ سوچتا ہوں کہ پتھر کے زمانے کا انسان، جس کی کوئی ذاتی جائیداد نہیں تھی، کی زندگی ہم سے زیادہ سہل نہیں تھی؟ اگر اِس سوال کا جواب دینے میں ذرا بھی مشکل پیش آئے اور آپ سوچنے میں چند منٹ لگائیں تو سمجھ لیں کہ اُس دور کےانسان کی زندگی آسان تھی۔

اگر اپنی تمام تر عقل و دانش کے باوجود آج کا انسان ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں ناکام ہے جہاں ہر شخص کو برابری اور آزادی کے ساتھ جینے کا موقع میسر نہیں تو اُس سےکہیں بہتر تو پتھرکے زمانے کا انسان تھاجب تمام انسان کم از کم برابر تو تھے۔ زیادہ عقل بھی بعض اوقات بندے کی مت ماردیتی ہے!

Check Also

Asal Muslim

By Muhammad Umair Haidry