Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hussnain Nisar
  4. Ik Dilkash Shehar Ka Safar

Ik Dilkash Shehar Ka Safar

اک دلکش شہر کا سفر

جہاز نے مسقط کے ہوائی اڈے پر اترنے کیلئے پر تولے تو میری نظر نیچے عمارتوں پر پڑی، زیادہ تر عمارتیں سفید رنگ کی تھیں، کچھ مٹیالے اور باقی زردی مائل۔ کسی بھی ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے میں سب سے پہلے یہی نوٹ کرتا ہوں کہ کہیں مکانات کی چھت پر نیلی ٹنکیاں تو نہیں، اِس سے شہر کے مزاج اور غربت کا کچھ اندازہ ہو جاتا ہے۔ مسقط شہر کو دیکھ کر پہلا احساس یہی ہوا کہ یہ ٹھنڈے مزاج کا شہر ہے، لوگ شانت ہیں، عمارتوں کا طرز تعمیر ایسا ہے جیسے صحرا میں مکانات بنے ہوں۔

دبئی کے برعکس یہاں بلند و بالا عمارتیں نہیں ہیں، یوں لگتا ہے جیسے پورا شہر سوچ سمجھ کر ڈیزائن کیا گیا ہو، اور حقیقت بھی یہی ہے، شہر کی مقامی حکومت عمارتوں کے رنگ و روغن اور اُن کی بلندی کے بارے میں خاصی سختی کرتی ہے، اسی لیے پورے شہر میں آپ کو اجلے اور کھلے پن کا احساس ہوتا ہے۔ اِس کی دوسری وجہ کم آبادی اور وسیع رقبہ ہے۔ مسقط کی جتنی آبادی ہے، اُس سے زیادہ بچے ہم ہر سال پیدا کرتے ہیں، اور پچپن لاکھ کی اِس آبادی میں سے بھی نصف لوگ خارجی ہیں، انگریزی میں جنہیں یہاں ex-pat کہتے ہیں۔

ہم ہوائی اڈے سے باہر نکلے تو محبی قمر ریاض نے ہمارا استقبال کیا، اِس نوجوان، کی انتظامی صلاحیتیں حیرت انگیز ہیں، یوں لگتا ہے جیسے اِس نے مینجمنٹ گرو Peter Drucker کی تمام کتابیں گھول کر پی رکھی ہیں، یہ تن تنہا ایسی بڑی تقریبات کا انعقاد کرواتا ہے جس کیلئے کمپنیاں باقاعدہ ایونٹ مینجمنٹ فرم کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔ اُس پر طرہ یہ کہ اِس شخص کی حس مزاح کمال کی ہے، ہر جملے میں کوئی نہ کوئی ایسا چٹکلہ چھوڑتا ہے کہ محفل میں قہقہے بکھر جاتے ہیں۔

قمر ریاض کے ساتھ امیر حمزہ بھی ہمیں ائیر پورٹ پر لینے آئے، یہ بنیادی طور پر پاکستانی ہیں اور عمان کی وزارت مذہبی امور میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں، انہوں نے عربی چوغہ پہن رکھا تھا، عمان کا یہ قومی لباس ہے جسے دشداش، کہتے ہیں، یہ سعودیوں کے لباس سے ذرا سا مختلف ہے۔ امیر حمزہ نے پنجابی میں میرا حال احوال پوچھا۔ زندگی میں پہلی مرتبہ میں نے کسی شخص کو عربی لباس میں پنجابی بولتے ہوئے دیکھا، بے حد لطف آیا۔ یار طرحدار گل نوخیز اختر اور اجمل شاہ دین میرے ہمسفر تھے۔

نوخیز نے جب یہ عربی لباس دیکھا تو چھوٹتے ہی پوچھا کہ اِس کے نیچے بھی کچھ پہنتے ہیں یا نہیں؟ امیر حمزہ زیر لب مسکرائے اور بتایا کہ یہ پہننے والے کی مرضی ہے کہ نیچے کچھ پہنا جائے یا نہیں۔ نوخیز کی اِس جواب سے تسلی نہیں ہوئی اور موصوف اگلے تین دن تک یہی کھوج لگانے کی کوشش کرتے رہے۔ بالآخر تیسرے دن ایک عمانی نے نوخیز کو اپنی ٹانگوں سے چوغہ سرکا کر دکھایا کہ نیچے ٹراؤزر پہنا ہے۔ اللہ جانے نوخیز مطمئن ہوا یا نہیں، وہ عمانی البتہ بعد میں کافی دیر تک انہیں ڈھونڈتا رہا۔

عُمان کے لوگ سلطان قابوس کا بہت احترام کرتے ہیں، وہ پچاس برس تک عمان کے حکمران رہے، ایک طرح سے وہ جدید عمان کے بانی ہیں۔ خیر اندیش آمر کی اگر کوئی مثال ممکن ہے تو وہ سلطان قابوس کی ہے۔ عمان میں جمہوریت کا تو کوئی تصور نہیں البتہ ایک ہومیو پیتھک قسم کی اسمبلی ضرور ہے جہاں نمائندے منتخب ہو کر آتے ہیں تاہم کابینہ اور دیگر حکومتی تقرریاں سلطان ہی کرتا ہے۔

پورے عمان کی مساجد میں جمعے کا ایک ہی خطبہ پڑھا جاتا ہے اور کسی قسم کی انتہا پسندی کی اجازت نہیں، یہاں شراب خانے بھی ہیں اور نائٹ کلب بھی، مساجد بھی اور مندر، گرجے اور گوردوارے بھی۔ عورتیں مکمل حجاب میں بھی گھومتی ہیں اور اسکرٹ پہن کر بھی، لیکن کسی کا اسلام خطرے میں نہیں پڑتا۔ عمان کو آپ خلیجی ممالک کا ناروے کہہ سکتے ہیں، جس طرح ناروے نے یورپ میں اپنی غیر جانبداری برقرار رکھی ہوئی ہے اسی طرح عمان نے بھی یہی کوشش کی ہے کہ علاقائی تنازعات سے خود کو پرے رکھے۔

حالانکہ عمان کے ساتھ یمن کی سرحد ہے جہاں جنگ چھڑی ہے مگر عمان نے نہایت دانشمندی سے خود کو یمن کی جنگ سے دور رکھا ہوا ہے۔ اسی طرح قطر کے بائیکاٹ کی بھی عمان نے حمایت نہیں کی تھی۔ پاکستان کے ساتھ عمان کے تعلقات بہت اچھے ہیں، بلوچ بڑی تعداد میں یہاں آباد ہیں، عمان کی فوج میں ہماری نیوی کے افسران شامل ہیں اور باہمی تعاون بہت زیادہ ہے۔

اگلے روز ہمارا صلالہ جانے کا پروگرام تھا، یہ شہر مسقط کی طرح بڑا تو نہیں البتہ یہاں عمان کی سب سے بڑی تجارتی بندرگاہ ہے۔ صلالہ دیکھ کر مجھے کچھ مایوسی ہوئی، شہر سمندر کے کنارے آباد ہے اور اِس کے کچھ حصے خوبصورت بھی ہیں مگر ایسا کوئی حسن نہیں جسے دیکھ کر انسان دنگ رہ جائے۔ وادی درباط شہر سے چند میل کے فاصلے پر ہے، یہ ایک خوبصورت مقام ہے جہاں آبشار اور چشمے ہیں اور چاروں طرف چھوٹی چھوٹی پہاڑیاں ہیں، آج کل بارشوں کا موسم ہے تو یہ پہاڑ سر سبز نظر آتے ہیں، اسی موسم میں سیاحوں کی بڑی تعداد صلالہ میں نظر آتی ہے۔

خدا کو جان دینی ہے، بلوچستان کے ساحل اِس سے کہیں زیادہ خوبصورت ہیں مگر وہاں شاید کوئی مقامی سیاح بھی نہیں جاتا اور یہاں صلالہ میں ہم نے لوگوں کا اژدھام دیکھا۔ صلالہ کے بارے میں سنا تھا کہ یہاں شداد کی بنائی ہوئی جنت اور سامری جادوگر کا محل بھی ہے مگر اِس بارے میں لوگوں نے بتایا کہ اِس میں فسانہ زیادہ اور حقیقت کم ہے۔ مجھے ذاتی طور پر سامری کا محل دیکھنے کا تجسس تھا مگر پھر یہ سوچ کر ارادہ ملتوی کر دیا کہ اپنے پاکستان میں بہت سے سامری ہیں، چند ایک سے سلام دعا بھی ہے، کسی دن اُن کا گھر دیکھ آؤں گا۔

عمان جیسے ملکوں کا ماڈل ہمیں بہت پسند آتا ہے مگر ہم بھول جاتے ہیں کہ یہ ماڈل اِس لیے کامیاب ہے کہ یہاں تیل کی دولت ہے اور مقامی آبادی فقط ستائیس لاکھ ہے جبکہ ہماری آبادی بائیس کروڑ ہے اور کُل برآمدات رو پیٹ کر تیس ارب ڈالر کی ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے کسی شخص کے گھر میں دو درجن افراد رہتے ہوں اور اُن میں سے ایک کمانے والا اور باقی نکمے ہوں اور وہ اپنے اُس ہمسائے کو حسرت بھری نگاہ سے دیکھے جو تیل کے کنوؤں کا مالک ہو اور اُس کا ایک ہی بچہ ہو جس کی اُس نے پرورش کرنی ہو۔ عمان ہمارا ایسا ہی ہمسایہ ہے۔ اگلی منزل اسپین ہے، دیکھتے ہیں وہاں پردہ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔

Check Also

Khushaal Zindagi Jeene Ke Asaan Formulae

By Sadiq Anwar Mian