Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Basharat Hamid/
  4. Kuch Karobari Tips

Kuch Karobari Tips

کچھ کاروباری ٹپس

کاروبارعام طور پر دو طرح کا ہوتا ہے۔ ایک میں آپ کوئی پراڈکٹ خود تیار کرتے ہیں یا مارکیٹ سے خرید کر اسے سیل کرتے ہیں۔ اس میں آپکی اپنی کم یا زیادہ انویسٹمنٹ بھی شامل ہوتی ہے اور کاروبار کسی وجہ سے بند کرنا پڑ جائے تو آپکے پاس سٹاک کی صورت میں کچھ نہ کچھ راس مال موجود ہوتا ہے۔

دوسری صورت یہ ہوتی ہے کہ آپ مارکیٹ میں ‌ ہنرمند افراد کی ٹیم کے ساتھ کوئی سروسز مہیا کرتے ہیں۔ وہ کسی بھی قسم کی ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر فری لانس یا پھر لوکل مارکیٹ میں آپ خود کوئی ہنر سیکھ کر یا کچھ تجربہ کار لوگوں ‌کو ہائر کرکے اپنی سروسز کی مارکیٹنگ کریں ‌اور آرڈر لے کر پوری ذمہ داری کے ساتھ انہیں ‌مکمل کریں۔ شروع میں ‌آپ اپنی پروفائل بنانے کے لئے بہت کم ریٹ پر سروسز دیں ‌پھر جب چند کسٹمرز آپ سے کام کروا چکیں ‌تو آگے اسی کام کی بنیاد پر اپنے کام کی تشہیر کریں۔ آپ کے کام سے مطمئن کسٹمرز فری میں آپکی تشہیر کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔

کسی بھی کسٹمر کی جانب سے شکایت کا بروقت ازالہ ایک ایسا کام ہے۔ جو لوگوں ‌کو آپ کا گرویدہ بنا سکتا ہے۔ ہمارے ہاں ‌اکثر کاروباری حضرات کسٹمر کی چھوٹی موٹی شکایت پر مناسب ریسپانس نہیں دیتے اور اسے اگنور کر دیتے ہیں، جبکہ ایسا کرنا ایک مطمئن کسٹمر کو ناراض کسٹمر میں تبدیل کر سکتا ہے۔ اور کسی کے بارے اچھی رائے عوام میں پھیلتے تو پھر بھی وقت لگتا ہے لیکن بری رائے بہت تیزی سے پھیل جاتی ہے۔ اگر کوئی آپ سے خریدی ہوئی شے واپس کرنے آیا ہے تو خوش دلی سے واپس لیں۔ بہت سے بڑے کاروباری لوگ بھی بیچی ہوئی شے واپس لینے سے انکاری ہو جاتے ہیں۔ یہ صحیح طریقہ نہیں ‌ہے۔

اکثر نوکری پیشہ لوگ یہ پوچھتے ہیں ‌کہ کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن سمجھ نہیں ‌آتا کیا کیا جائے۔ اس کا بہترین جواب یہ ہے کہ اپنی طبعیت اور ذوق کے مطابق شعبے کا انتخاب کریں اور ممکن ہو تو اس شعبے کے کاروبار میں کچھ عرصہ جاب کرکے چاہے کم تنخواہ پر ہی کیوں ‌نہ ہو مطلوبہ تجربہ حاصل کریں۔ پھر نیک نیت کے ساتھ اللہ پر توکل رکھتے ہوئے اپنے کام کا آغاز کریں۔ اگر اپنے شوق کی کاروبار میں ڈھال لیا جائے تو اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں ہے۔ کسی بھی بندے کے لئے دوسرے کو کاروبار کی لائن کا مشورہ دینا آسان نہیں کیونکہ ہر بندہ مختلف مزاج کا ہے۔ اس لئے اپنے مزاج کے مطابق ہی لائن کا انتخاب کرنا چاہیئے۔

مارکیٹ میں ‌تعارف ہوتے شروع میں کچھ وقت لگے گا۔۔ اس کے بعد آپ کے کسٹمرز ہی آپ کی ایڈورٹائزمنٹ کرنے لگ جائیں گے، لیکن شرط یہی ہے کہ کسی بھی کسٹمر کو چھوٹا سمجھ کر نظرانداز نہ کریں اور اس کی تسلی اور اطمینان کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اسے عزت دیں اور اس کو اپنی پراڈکٹ سیل کرتے یا سروسز دیتے وقت کچھ اپنی طرف سے بطور گفٹ مزید کام کرکے دیں۔ اس کا کام کرتے وقت خود کو اس کی جگہ محسوس کرکے کام کریں کہ اگر آپ کو یہ کام کروانا پڑے تو آپ کس معیار کا کروانا پسند کریں ‌گے۔

اگر کوئی کسٹمر شکایت لے کر آتا ہے تو اس میں یہ مت سوچیں کہ مجھے کتنے پیسوں کا نقصان ہوگا، بلکہ اس کسٹمر کے مسئلے کو نیک نیتی کے ساتھ حل کروانے میں جت جائیں۔ اگر ایک شکایت پر کچھ اپنی جیب سے خرچ ہو بھی جائے تو یہ کمی کسی اور طرف سے پوری ہو جائے گی، لیکن اگر پیسوں کے چکر میں کسٹمر کا اعتماد زائل ہوگیا تو یہ نقصان کبھی پورا نہیں ‌ہو سکے گا۔

کاروبار میں ‌پیسہ کمانا کبھی ٹارگٹ نہ بنائیں بلکہ لوگوں کی خدمت کے جذبے سے انکے کام کرکے ان کا اطمینان اور دعائیں حاصل کرنے کے ارادے سے کام کریں پیسہ ثانوی شے ہے یہ خود بخود آتا جائے گا۔

Check Also

Pyara Herry

By Saira Kanwal