Muhabbat Ke Taalon Ki Kahani
محبت کے تالوں کی کہانی
یورپ میں میں جہاں بھی گیا وہاں اکثر پلوں کے آس پاس ڈھیروں تالے لگے دیکھے، ابھی تریوی فوارے کے آس پاس بھی تالوں کا ڈھیر تھا۔ معلوم ہوا کہ ہماری "سرکاروں" کی طرح تالہ سرکار بھی ایک کہانی ہے۔ یورپ اور دنیا بھر میں، لوگ پلوں، باڑوں، اور یادگاروں پر "محبت کے تالے" لگاتے ہیں تاکہ اپنی محبت کو امر کر سکیں۔ اس روایت میں ایک جوڑا اپنے نام یا ابتدائی حروف کو ایک تالے پر لکھتا ہے، اسے کسی عوامی جگہ پر بند کر دیتا ہے، اور پھر چابی کو اکثر پاس کے پانی میں پھینک دیتا ہے، جو کہ ٹوٹ نہ سکنے والی انمٹ محبت کی علامت ہے۔
محبت کے تالوں کا افسانہ سربیا کے ایک گاؤں سے شروع ہوتا ہے۔ پہلی عالمی جنگ سے پہلے، ایک نوجوان جوڑا، جو گہری محبت میں تھا، ہر رات موست لجوباوی (محبت کے پل) پر ملا کرتا تھا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ جب مرد جنگ پر گیا تو وہ کسی اور سے محبت کر بیٹھا، جس کے نتیجے میں وہ نوجوان عورت دلبرداشتہ ہوکر مر گئی۔ قصبے کی دیگر خواتین، اپنی محبتوں کی حفاظت کی امید میں، پل پر اپنے اور اپنے عاشقوں کے ناموں کے ساتھ تالے لگانے لگیں اور چابیاں دریا میں پھینک دیتیں۔ اس رسم کے زریعے توقع کی جاتی ہے کہ محبوب ان کے ساتھ اب ہمیشہ کے لیے بندھ چکا ہے اور اب اس تالے کو کوئی نہیں توڑ سکتا کیونکہ اس کی چابی بھی گم کر دی جاتی ہے۔
یہ روایت وقت کے ساتھ کمزور پڑ گئی، یہاں تک کہ سربیائی شاعرہ دیسانکا مکسیمووچ نے ایک نظم کے ذریعہ اس کہانی کو دوبارہ زندہ کیا، جس نے موست لجوباوی پر دوبارہ محبت کے تالوں کی روایت کو بھڑکا دیا۔ تاہم، محبت کے تالوں کی جدید موج کی روایت کو عموماً اطالوی مصنف فیدریکو موکیا کی کتاب "آئی وانٹ یو" سے منسوب کیا جاتا ہے، جس میں ایک جوڑے کو روم کے پونٹے ملویو پل پر ایک محبت کا تالہ لگاتے دکھایا گیا ہے۔ کتاب اور اس کے فلمی تدوین نے اس عمل کو مقبول بنا دیا، جس کے نتیجے میں یہ دنیا بھر کے شہروں میں اپنایا گیا، حالانکہ اصل روایت پیرس میں شروع نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی یہ محبت کے تالوں کے عالمی پھیلاؤ سے متعلق تھی۔
تاہم یہ تالوں والی کہانی ایک وزن دار کہانی ہے۔ مثال کے طور پر، پیرس میں پونٹ دیز آرٹس کے پل کے تالوں کو ہٹانا پڑا جب اس کی باڑ کا ایک حصہ 45 ٹن تالوں کے وزن کی وجہ سے گر گیا تھا۔ محبت کے تالوں کی یہ توہماتی روایت عالمی سطح پر پھیل گئی ہے، نیویارک کے بروکلن برج سے لے کر جرمنی کے کولون میں ہوہنزولرن برج تک، اور اب ایشیا میں بھی کئی جگہ مختلف نشانیوں پر یہ تالے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کہانی کی رومانوی اپیل کے باوجود، تالوں کا انبار لگنے کے باعث بہت سی شہری حکومتوں کو انہیں ہٹانے اور لوگوں کو اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے متبادل طریقے تلاش کرنے پر مجبور کیا ہے۔