Tuesday, 07 January 2025
  1.  Home
  2. Gul e Nokhaiz Akhtar
  3. Mohsin Bhatti, Naam He Kafi Hai

Mohsin Bhatti, Naam He Kafi Hai

محسن بھٹی، نام ہی کافی ہے

گذشتہ دنوں ایک عظیم الشان شادی کی تقریب تھی۔ معروف فوڈ ایکسپرٹ اور اینکر پرسن محسن بھٹی صاحب کا حکم ہوا کہ ہر حال میں آنا ہے۔ اپنی شادی کے بعد میرا شادی کی تقاریب سے دل ہی اُٹھ گیا ہے اس لیے کوشش کرتا ہوں ایسی تقاریب میں نہ ہی جاؤں لیکن محسن بھٹی صاحب میں ایک خصوصیت ہے۔ یہ اتنی محبت اور لاڈ سے بات کرتے ہیں کہ مجھے یقین ہے ساڑھے تین منٹ کی گفتگو کے بعد یہ کسی کو خوشی خوشی زہر کھانے پر بھی آمادہ کرسکتے ہیں۔

تقریب میں پہنچا تو وہاں دل خوش ہوگیا۔ اتنے بڑے ہال میں بھٹی صاحب نے بالکل کونے کی ایک ٹیبل منتخب کی ہوئی تھی جہاں وہ قاسم علی شاہ صاحب کے ساتھ براجمان تھے۔ یہاں کچھ ہی دیر میں خلیل الرحمن قمر اور کچھ اور دوست بھی آگئے۔ اس کے بعد نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز۔ قہقہوں کا ایک طوفان تھا جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔

بھٹی صاحب کو یہ ملکہ حاصل ہے کہ کرارا جملہ پھینکتے ہیں اور لطیفہ سنائیں تو پنچ لائن اتنے جاندار طریقے سے ادا کرتے ہیں کہ تباہی مچ جاتی ہے۔ پوری محفل میں بھٹی صاحب چھائے رہے۔ عام لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بھٹی صاحب صرف فوڈ ایکسپرٹ ہیں لیکن قبلہ کمال کی حس مزاح رکھتے ہیں اور جن لوگوں کو بھٹی صاحب کی قربت نصیب ہے وہ خوش نصیب ہیں کہ روز اپنی ٹینشن اور ڈپریشن کو جوتے مار کر بھگانے میں کامیاب رہتے ہیں۔

میں احتیاطاً بتا رہا ہوں کہ اگر آپ کا ہاسا بلاوجہ خطا ہوجاتا ہے تو محسن بھٹی صاحب کی سنگت سے پرہیز فرمائیں، یہ آپ کو کچھ ایسا سنا سکتے ہیں کہ ہنستے ہنستے دس بارہ منٹ کے لیے آپ کی وفات ہوسکتی ہے۔ یاروں کے یار، کی صحیح تعریف پر اگر کوئی فٹ بیٹھتا ہے تووہ محسن بھٹی صاحب ہیں۔ ان کے اندر منافقت نہیں، دو نمبری نہیں اور تلخی نہیں۔ مجھے ویسے بھی ہنسنے ہنسانے والے، قہقہے لگانے والے لوگ بہت پسند ہیں، اداس نسلیں کی بجائے میں اداس نس لیں، پر یقین رکھتاہوں۔

محسن بھٹی جہاں ہوتے ہیں محفل کو گل وگلزار بنا دیتے ہیں۔ ایسے رونقی بندے رشتے داروں میں بھی بڑی پسندیدہ شخصیت شمار ہوتے ہیں ورنہ میں نے وہ لوگ بھی دیکھے ہیں جوکسی تقریب میں تشریف لائیں تو اندر قدم رکھتے ہی کسی رشتہ دار کی دبی دبی سی آواز آتی ہے "او آگئی جے کھچ"۔

About Gul e Nokhaiz Akhtar

Gul Nokhaiz Akhtar is a Pakistani columnist and writer for various TV shows. He is the author of 12 books and writer of over 2000 TV scripts and plays.

Check Also

Nojawano Ko Boorha Hone Dain

By Qurratulain Shoaib