Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Phulan Da Sehra

Phulan Da Sehra

پُھلاں دا سہرہ

واپڈا کالونی سے نکلتے ہی مغربی دیوار کے بعد رن وے شروع ہو جاتا جہاں ہم اکثر واک کے لئے نکل جاتے۔ جس دن کسی جہاز نے اترنا ہوتا تو راستے میں غلام رسول چوکیدار مل جاتا جو اپنی سہراب کی سائیکل چلاتے ہوئے رن وے کو کلئیر کروا رہا ہوتا۔ رن وے کے اطراف کانٹے دار تاروں کی معمولی سی باڑ تھی جو انسان اور حیوان آسانی سے پار کر لیتے۔

غلام رسول بتاتا کہ آج کہاں سے فلائٹ آ یا جا رہی ہے۔ کبھی کبھار ہم ائیرپورٹ کی عمارت تک چلے جاتے جو دو تین کمروں اور ایک برآمدے پر مشتمل سادہ سی عمارت تھی جس کے اندر واحد دکان ڈی آئی خان کے مشہور قدیمی سوہن حلوے والوں کی تھی اور فلائٹ کے وقت دو تین گھنٹوں کے لئے کھلتی۔ ائیرپورٹ کی پارکنگ میں ایک آدھ ٹیکسی اور دو تین سائیکل رکشا موجود ہوتے۔ کچھ لوگ سائیکل پر بھی اپنے پیاروں کو لینے آئے ہوتے۔

کبھی کبھار شام کو واپڈا کالونی سے ڈیرہ شہر نکل جاتے۔ توپاں والا بازار سے چوگلہ تک مارچ کرتے، کتابوں کی دکان کھنگالتے، محلہ روشن چراغ میں اپنے دوست کو ملتے یا زیر تعمیر اسٹیٹ لائف پلازہ چلے جاتے جو کہ ایک سات منزلہ عمارت تھی اور اس وقت ڈی آئی خاں کی سب سے بلند عمارت بننے جا رہی تھی۔ کسی دن بس اسٹینڈ سے مشروق میں دریائے سندھ کو نکل جاتے جہاں مڈوے ہوٹل پر بیٹھ کر سندھ کے پانیوں کو سمندر کی طرف جاتا دیکھتے رہتے۔

سامنے ایس ایس جہلم بحری جہاز کھڑا ہوتا عہد رفتہ کی یاد دلاتا جب دریا پر پل موجود نہیں تھا تو ایس ایس جہلم کی ڈیرہ اور بھکر دریا خان کے درمیان دریائے سندھ پر حکومت تھی۔ میں اس جہاز کو دیر تک دیکھتا رہتا اور سوچتا کہ اس نے کس کس ضرورت مند کو دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے پہنچایا ہوگا۔ کبھی کبھی ہمارے ساتھ نہر کے منصوبے پر کام کرنے والے فارنرز بھی مڈوے کی شام انجوائے کرتے۔

یوں تو امریکیوں کے لئے الگ رہائشیں مختص تھیں لیکن وہ کالونی میں اکثر واک کرتے مل جاتے۔ ان میں سے ہمارے ڈیزائن ہیڈ مسٹر کارلوس بہت اچھے شخص تھے۔ انہیں یہ علاقہ بہت پسند تھا اور وہ نہر بننے کے بعد یہاں زمین لے کر کاشتکار بننے کے خواب دیکھتے رہتے۔ اکثر سائٹ وزٹ میں وہ زمینوں اور فصلوں کو دیکھ کر اپنی اس خواہش کا اظہار کرتے۔ دوسری دلچسپ شخصیت جان سٹاوٹ تھے جو نہر کی کنسٹرکشن کے ہیڈ تھے اور زندہ دل انسان تھے خوب گپ شپ لگاتے۔ البتہ کنسٹرکشن پراجیکٹ مینیجر مسٹر ڈیوڈ بوگن ایک خاموش شخص تھے۔

ویک اینڈ پر اگر کوئی گاڑی کسی فارنر کو لے کر اسلام آباد جا رہی ہوتی تو میرے مزے ہو جاتے اور میں اس میں سوار ہو کر کندیاں اتر جاتا۔ تاہم راستے میں"ڈھکی" سٹاپ پر ہر فارنر ضرور اترتا اور ڈھکی کی قسم قسم کی تازہ کھجوروں سے گاڑی کی ڈگی بھرتا۔ ڈھکی میں کھجوروں کے باغ اگست میں جوبن پر ہوتے اور ہر قسم کی کجھوریں اور ڈوکوں کے سڑک کے اطراف ڈھیر لگے ہوتے۔ کالونی سے نکل کر چند کلومیٹر بعد سڑک ساتھ نہر شروع ہوجاتی جو اگلے ستر اسی کلومیٹر سڑک کے ساتھ ساتھ ہی چلتی ہوئی چشمہ بیراج تک آتی۔ سوموار کو واپسی ہوتی تو چشمہ بیراج سے سنگھر گاؤں تک سڑک کے اطراف سبزہ ہی سبزہ اور نہر ہوتی۔

یہ تھا اس وقت کا ڈیرہ جسے علاقے والے "پھلاں دا سہرہ" کہتے، جہاں امن تھا، سکون اور احترام تھا۔ چشمہ رائٹ بنک کینال یا سی آر بی سی کے تیسرے مرحلے کی تعمیر ہو رہی تھی اور یہ میرے کیرئیر کا دوسرا پراجیکٹ تھا۔ ہماری ٹیم سائٹ کیمپ آفس ڈیرہ میں تعنیات تھی (2000-1998)۔

Check Also

Aalmi Siasat 2024, Tanz o Mazah Ko Roshni Mein

By Muhammad Salahuddin