Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Virginia Ki Sardiyan

Virginia Ki Sardiyan

ورجینیا کی سردیاں

ایک وہ دور تھا کہ کراچی میں ہیٹ ویو ہو، طوفان آئے، بارش شہر کو ڈبو دے لیکن دفتر سے چھٹی نہیں مل سکتی تھی۔ صحافی ہونے کا تاوان ادا کرنا پڑتا تھا۔ واشنگٹن آنے کے بعد وائس آف امریکا کی ملازمت میں بھی یہی سلسلہ تھا۔ نوکری چھوٹی تو اوبر چلائی۔ رات رات بھر سواریاں اٹھائیں۔ بارش، طوفائی ہوائیں، برفباری، سب سڑکوں پر دیکھی۔ جتنا خراب موسم ہو، اوبر ڈرائیو کو اتنے اچھے پیسے ملتے ہیں۔

مر بھر کے، پڑھ پڑھا کے، ڈبل شفٹیں لگاکر ٹیچنگ لائسنس لے لیا۔ نیا کرئیر شروع ہوا۔ ٹھکانے کی جاب مل گئی۔ سب سے زیادہ مزے چھٹیوں کے ہیں۔ گرمیوں میں دو سوا دو مہینے، سردیوں میں دو ہفتے، ایسٹر پر ایک ہفتے کا اسپرنگ بریک۔ نیشنل ہالی ڈیز الگ۔ اس پر سنو ڈے کے عنوان سے مزید چھٹی مل جائے تو کیا کہنا۔

سترہ دن کی ونٹر ویکیشنز کے بعد پیر کو اسکول کھلنے تھے۔ لیکن برفانی طوفان کی جے ہو، چھٹی کا اعلان ہوگیا ہے۔ بیوی چائے بنا لائی ہے۔ میں نے مونگ پھلی کا پیکٹ کھول کر نیٹ فلکس لگا لیا ہے۔

بیٹا ورک فرام ہوم کرتا ہے۔ بیٹی سبسٹی ٹیوٹ ٹیچر کی جاب کرتی ہے۔ یونیورسٹی سے جب وقت ملے، ٹیچنگ اسائنمنٹ پر چلی جاتی ہے۔ گزشتہ سال بیوی نے بھی پرانی جاب چھوڑی اور ہماری دیکھا دیکھی اسکول میں ملازمت کرلی۔ اب چھٹی کے دن سب ساتھ بیٹھ کر مزے اڑاتے ہیں۔

یہاں ابھی اتوار کی شام چل رہی ہے۔ پیش گوئی درست ہوئی تو برفباری میں دو تین گھنٹے ہیں۔ میں نے باہر کا ایک چکر لگایا۔ چند ضروری چیزیں لینی تھیں۔ سڑکوں پر طوفان سے پہلے کی خاموشی تھی۔ نمک بچھایا جاچکا تھا۔ سڑکیں صاف کرنے والی اکا دکا گاڑیاں کھڑی تھیں۔ میں نے واپس آکر گاڑی کے وائپر کھڑے کردیے۔ ایسا نہ کریں تو برف اوپر جم جاتی ہے۔ بعد میں مسئلہ کرتی ہے۔

ڈیڑھ سال پہلے جب میں جارجیا میں ایک لوکل نیوز چینل میں کام کررہا تھا تو مختلف قسم کا ماحول تھا۔ نیشنل چینلوں کے برعکس وہاں برہکنگ نیوز صرف موسم کی خرابی ہوتی تھی۔ وہاں ٹورنیڈوز بہت آتے ہیں۔ ذرا موسم بگڑتا تو ویدر رپورٹرز کی مصیبت آجاتی۔ ان میں سے ایک مسلسل اسٹوڈیو میں لائیو ہوجاتا اور باقی شہر میں دھکے کھاتے پھرتے۔ امریکا میں 800 سے زیادہ لوکل ٹی وی چینل ہیں۔ وہ سب موسم اور کرائم کی خبروں پر چلتے ہیں۔

ورجینیا میں کبھی کبھار ہی ٹورنیڈو آتے ہیں۔ برف سال میں دو تین بار پڑتی ہے۔ کینیڈا اور اسکینڈے نیویا والا حال نہیں ہے۔ اس لیے جب برفباری ہوتی ہے تو انتظامیہ الرٹ ہوجاتی ہے۔ عوام کو ہزار نصیحتیں کرتی ہے کہ خراب موسم میں باہر نہ نکلو۔ اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالو۔

اس بار طوفان بھی تگڑا والا آیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس یعنی یہاں کا محکمہ موسمیات کہتا ہے، یہ دس سال کا سب سے بڑا طوفان ہے۔ ہزاروں پروازیں منسوخ اور ہزاروں ملتوی ہوچکی ہیں۔ کئی شہروں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہے۔ بس یہی چیز اچھی نہیں۔ ہم نے اپنے گھر میں گیس کا کنکشن نہیں لیا۔ کھانا الیکٹرک اوون پر پکتا ہے۔ گیزر اور ہیٹر بجلی پر چلتے ہیں۔ بجلی نہ گئی تو سب اچھا ہے۔ بجلی بند ہوئی تو ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan