Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. The Plot

The Plot

دا پلاٹ

اس بار تین دن کا یعنی لونگ ویک اینڈ تھا تو میں نے جین کورلٹز کا ناول دا پلاٹ نمٹادیا۔ اس میں ناول کے اندر ناول ہے اور ایک کہانی کے کردار دوسری کہانی میں موجود ہیں۔

اس کا مرکزی کردار جیک ایک ناولسٹ ہے جس کا پہلا ناول کسی حد تک مقبول ہوا لیکن اس کے بعد وہ رائٹرز بلاک کا شکار ہوگیا۔ گزارہ کرنے کے لیے اس نے ایک کالج میں لٹریچر پڑھانا شروع کردیا (یہاں مجھے کنکشن محسوس ہوا)۔

کالج میں جیک کو ایک طالب علم ایونز نے بتایا کہ اس نے ایک کہانی کا پلاٹ سوچا ہے جس پر لکھا جانے والا ناول بیسٹ سیلر ثابت ہوگا۔ اس نے جیک کو پلاٹ سنایا کہ ایک عورت کی بیٹی کا انتقال ہوگیا اور اس نے بیٹی کی شناخت اختیار کرلی۔ جیک کو احساس ہوا کہ پلاٹ میں جان ہے۔

کئی سال گزر گئے لیکن ایونز کا ناول سامنے نہیں آیا۔ جیک نے اسے تلاش کرنا چاہا تو معلوم ہوا کہ اس کا انتقال ہوچکا ہے۔

جیک کو خیال آیا کہ وہ ایونز کے پلاٹ پر ناول لکھ سکتا ہے۔ چنانچہ اس نے ناول لکھا اور وہ واقعی بیسٹ سیلر بن گیا۔ اسے ایک فلم کے لیے منتخب کرلیا گیا۔ جیک سیلی بریٹی رائٹر بن گیا۔ ایک تقریب میں اس کی ملاقات ٹی وی پروڈیوسر اینا ولیمز سے ہوئی اور دونوں میں قربتیں شروع ہوگئیں۔ کچھ عرصے بعد دونوں نے شادی کرلی۔

اسی اثنا میں جیک کو پراسرار پیغامات ملنے لگے۔ پیغام بھیجنے والے نے لکھا کہ وہ جیک کی حرکت سے واقف ہے کہ اس نے پلاٹ چوری کیا ہے۔ جیک پریشانی میں مبتلا ہوگیا۔ اسے خیال آیا کہ ایونز کے اہلخانہ کو تلاش کرنا چاہیے۔ وہ اس کے آبائی شہر پہنچا تو انکشاف ہوا کہ ایونز کا پلاٹ اس کے گھر کی کہانی پر مبنی تھا۔ اس کی بہن نے اپنی بیٹی کے انتقال کے بعد اس کی شناخت اپنالی تھی۔

اس کے بعد کی کہانی انسپکٹر جمشید یا عمران سیریز جیسی پیچ در پیچ ہے۔ جیک بدنام ہوجاتا ہے کیونکہ اس کے سرقے کی بات کھل جاتی ہے۔ اس پر ایونز کی بہن کی تلاش کی دھن سوار ہوجاتی ہے۔ وہ ہر اس جگہ جاتا ہے جہاں اس عورت کا سراغ ملنے کا امکان تھا۔ لیکن اختتام یوں ہوتا ہے کہ جیک کی بیوی اینا ولیمز اسے زہر دے دیتی ہے۔ وہ اس کے مرنے سے پہلے اعتراف کرتی ہے کہ وہی ایونز کی بہن ہے۔ اسی نے اپنے والدین، بیٹی اور ایونز کو قتل کیا تھا۔

دا پلاٹ 2021 میں شائع ہوا اور نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلرز لسٹ میں شامل رہا۔ سنا ہے کہ اس پر منی سیریز بن رہی ہے۔ لیکن اس سے پہلے ہی جین کورلٹز نے ناول کا سیکوئل لکھ دیا ہے اور اس کا عنوان بھی دا سیکوئل رکھا ہے۔ میں نے اسے تھینکس گیونگ کے لونگ اینڈ پر پڑھنے کے لیے آرڈر کردیا ہے۔

Check Also

Samajhdar Hukumran

By Muhammad Zeashan Butt