Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Technology Bhagwan Hai Sahib

Technology Bhagwan Hai Sahib

ٹیکنالوجی بھگوان ہے صاحب

میں ریڈیو سننے کا شوقین ہوں۔ جی ہاں، اکیسویں صدی میں بھی۔

ہمارے ایک ہی چچا تھے۔ جسمانی طور پر بڑے ہوگئے لیکن ذہنی طور پر ساری عمر بچے رہے۔ بابا نے ستر کی دہائی میں انھیں ایک ریڈیو لاکر دیا جو ایک عرصے تک ان کی کل کائنات بنارہا۔ اس پر چمڑے کا کور چڑھائے رکھتے۔ میں نے ہوش سنبھالتے ہی اس پر سیربین کا میوزک سنا۔

پرائمری اسکول میں تھا تو بی بی سی پر شاہین کلب سنتا تھا۔ ایک بار بابا کی تحریک پر خط لکھا تو سدو بھائی اور ان کے ساتھیوں کی تصویر لندن سے خانیوال آئی۔ وہ میرے پاس آج تک محفوظ ہے۔

میٹرک کے زمانے میں پاکٹ ریڈیو خرید لیا تھا۔ اس پر کرکٹ میچوں کی کمنٹری سنتا۔ میٹرک کے بعد پیسے جمع کرکے خاصا مہنگا ریڈیو خریدا جس کا سائز تو چھوٹا تھا لیکن بارہ بینڈ کا تھا۔ دنیا جہان کے اسٹیشن پکڑ لیتا تھا۔

پھر ایف ایم ریڈیو آیا لیکن معذرت، پاکستان کے ریڈیو اسٹیشن بس ایویں ای ہیں۔ جو مزہ دبئی میں ریڈیو سننے کا آیا، وہ کہیں اور نہیں ملا۔ اس کی ایک وجہ کہہ لیں کہ بولی ووڈ کا میوزک ہے۔ لیکن ان کے میزبان بھی کمال ہوتے ہیں۔ انگریزی کا لہجہ بہت اچھا ہوتا ہے اور ہندی کا تڑکا لگاتے رہتے ہیں۔

دبئی سے پاکستان جانے کے بعد کار میں ریڈیو لگالیتا تھا لیکن بس وقت گزاری کا بہانہ تھا۔

بی بی سی نے بہت پہلے پوڈکاسٹ شروع کردیے تھے۔ میں نے وہ کافی عرصہ سنے۔ موزارٹ اور بیتھوون کی دھنیں سنیں۔ تب تک میرے پاس جو گاڑی تھی، اس میں یو ایس بی کا آپشن نہیں تھا۔ موسیقی کی سی ڈیز گاڑی میں رکھتا تھا۔

جب ہم امریکا آئے تو کسی نے بتایا، واشنگٹن میں بھی ایک انڈین ریڈیو چینل ہے۔ لیکن اس کے مالکان شاید غریب غربا تھے۔ ان کی ٹرانسمشن کبھی سنائی دیتی تھی، کبھی نہیں۔ اب خدا جانے چل رہا ہے یا بند ہوگیا۔

پاکستان میں بھی کئی بار انٹرنیٹ پر دبئی ایف ایم سننے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوا۔ امریکا میں ان ریڈیو چینلوں کی ویب سائٹ تو کھل جاتی ہے لیکن ٹرانسمشن پر پابندی ہے۔ آئکن پر کلک کریں تو ریکارڈنگ آتی ہے کہ رائٹس کی وجہ سے آپ کے ملک میں یہ سہولت دستیاب نہیں۔

آخر وہی کیا جو پاکستان میں ٹوئیٹر تک رسائی کے لیے کیا جاتا ہے۔ فون میں وی پی این ڈاون لوڈ کیا اور سٹی ون زیرو ون سکس کنیکٹ کرلیا۔ پھر کورڈ یا بلو ٹوتھ کے ذریعے گاڑی کے اسپیکر پر لگالیا۔

ٹیکنالوجی بھگوان ہے صاحب۔

Check Also

Benazir Bhutto Shaheed Ki Judai Ka Zakham

By Syed Yusuf Raza Gilani