Kaya Koi Hijra Imam e Kaba Ban Sakta Hai
کیا کوئی ہیجڑہ امام کعبہ بن سکتا ہے
کیا کوئی ہیجڑہ امام کعبہ بن سکتا ہے؟ نجف کا آیت اللہ العظمی بن سکتا ہے؟ بعض لوگ ہیجڑہ لفظ کو بطور گالی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ شرمناک حرکت ہوتی ہے۔ تیسری صنف کے افراد خود کو فخر سے ہیجڑہ کہتے ہیں اور یہ مثبت لفظ ہے۔ بہرحال مذہبی طبقہ اس لفظ پر برا ہی مانتا ہے اور میرے سوالات بھی کچھ لوگوں کے لیے اشتعال کا سبب ہوسکتے ہیں۔
مسیحی دنیا میں کمال کا ٹیمپرامنٹ ہے۔ مغربی ادیب اور فلمساز ہر طرح کے سوالات اٹھاتے رہتے ہیں۔ ڈین براون کی رابرٹ لینگڈن سیریز اس کی مثال ہے جس کا ناول ڈا ونچی کوڈ کیتھولک مسیحیوں کے لیے قابل اعتراض ہونے کے باوجود بہت مقبول ہوا اور اس پر شاندار فلم بھی بنائی گئی۔ ناول میں یہ خیال پیش کیا گیا کہ مصلوب ہونے سے پہلے حضرت عیسیؑ نے میری میگڈالین کے ساتھ تعلقات قائم کیے تھے جس سے ان کی اولاد ہوئی تھی۔
یہاں مجھے اسی سیریز کا ناول اینجلز اینڈ ڈیمنز یاد آرہا ہے جس میں ویٹی کن کی سیٹنگ اور کارڈینلز کے کردار ہیں۔ فلم ٹو پوپس نے بھی ویٹی کن کے اندر جھانکنے کا موقع دیا تھا جس میں پوپ بینڈیکٹ کی ریٹائرمنٹ اور پوپ فرانسس کا انتخاب دکھایا گیا۔
وہ چیزیں سب کو زیادہ اچھی لگتی ہیں جو ان کے لیے ریلیٹ ایبل ہوں۔ مجھے ویٹی کن سے متعلق فلمیں اس لیے اچھی لگتی ہیں کہ میں 2014 میں وہاں گیا تھا اور سینٹ پیٹرز اسکوائر، مرکزی گرجاگھر اور عجائب گھر دیکھ چکا ہوں۔
آنکھوں میں وہ سب مناظر اس لیے گھوم رہے ہیں کہ آج فلم کونکلیو دیکھی ہے اور اس کے سحر میں جکڑا ہوا ہوں۔ بظاہر یہ ایک پوپ کے انتقال پر نئے پوپ کے انتخاب کی کہانی ہے۔ اس موقع پر ہونے والی سیاست اور پس پردہ کہانیوں میں کئی ٹوئسٹ ہیں۔ لیکن آخری جھٹکا زور کا ہے اور تب وہی سوالات ذہن میں پیدا ہوتے ہیں جو میں نے اوپر کیے ہیں۔
ڈا ونچی کوڈ کی طرح کونکلیو بھی ایک ناول پر مبنی ہے۔ برطانوی ادیب رابرٹ ہیرس کا یہ ناول 2016 میں چھپا۔ ہیرس پہلے ایک صحافی تھے اور یہ بھی میرے لیے ریلیٹ ایبل ہے، لیکن پھر انھوں نے ہسٹوریکل فکشن لکھنا شروع کیا اور اس میں بہت کامیاب ہوئے۔ ان کے پہلے ہی ناول فادرلینڈ نے فروخت کے ریکارڈ توڑے اور اس پر ایچ بی او نے فلم بھی بنائی۔ یہ ناول اس متبادل یا ممکنہ تاریخ پر مبنی ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کو فتح مل گئی تھی۔
فلم کوکلیو گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کی جاچکی ہے اور مجھے یقین ہے کہ آسکرکے لیے بھی نامزد ہوجائے گی۔