Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Golden Globe Awards

Golden Globe Awards

گولڈن گلوب ایوارڈز

وہی ہوا جو میں نے کہا تھا۔ ڈیمی مور نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیت لیا۔ ہاں، میں نے آسکر کی بات کی تھی لیکن اشارے مل گئے ہیں۔ آج انھوں نے بھی کہا کہ 45 سال سے اداکاری کررہی ہوں لیکن پہلا ایوارڈ ملا ہے۔

گولڈن گلوب میں دو شعبوں میں ایوارڈ بانٹے جاتے ہیں۔ ایک ڈراما فلم میں اور ایک کامیڈی یا میوزیکل فلم میں۔ دوسرے ایوارڈ کے لیے بہت سخت مقابلہ تھا۔ اس میں اینجلینا جولی، نکول کڈمین، کیٹ ونسلے اور پامیلا اینڈرسن نامزد تھیں لیکن ایوارڈ آئی ایم اسٹل ہئیر کے لیے فرنینڈا ٹورس نے جیتا۔ وہ دوسری برازیلین اداکارہ ہیں جنھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ پہلی برازیلین کون تھیں؟ ان کی والدہ فرنینڈا مونٹی نیگرو۔

بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین اداکار کے ایوارڈ دا بروٹلسٹ نے جیتے۔ یہ فلم ابھی تک کسی اسٹریمنگ سروس پر نہیں۔ اے ایم سی، جو یہاں کی سب سے بڑی سینما چین ہے، اس پر بھی نہیں۔ چھوٹے سینماوں میں لگی ہوئی ہے۔ وجہ شاید یہ ہے کہ ساڑھے تین گھنٹے کی ہے۔ فلم کی کہانی ایک ہولوکاسٹ سروائیور کی ہے جو ہنگری سے بھاگ کر امریکا پہنچتا ہے اور نئی زندگی شروع کرتا ہے۔

اس فلم کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ایڈرین بروڈی نے جیتا۔ وہ دو عشرے پہلے فلم دا پیانسٹ میں مرکزی کردار ادا کرکے آسکر جیت چکے ہیں۔ یعنی تب بھی ہولوکاسٹ سروائیور بنے تھے۔ انھوں نے آسکر کی تقریب میں جذباتی ہوکر عجیب حرکت کی تھی۔ اسٹیج پر جاکر ہیل بیری کو کس کر ڈالا تھا۔ بعد میں ہیل بیری نے ناراضی کا اظہار کیا کہ بروڈی نے ان کی مرضی کے خلاف زبردستی کس کیا۔ خیر، زیادہ شور نہیں مچا۔

آج ان کے نام کا اعلان ہوا تو وہ پھر جذباتی نظر آئے۔ اسٹیج پر گال گدوت موجود تھیں۔ میں نے سوچا، آج ان کی خیر نہیں۔ انھوں نے خاتون کو گلے تو لگایا لیکن اس سے آگے کچھ کرنے سے باز رہے۔ خود کو قابو میں رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوگی کہ گرل فرینڈ مہمانوں میں بیٹھی تھی۔

ایک فلم تمام ایوارڈز کے لیے نامزد کی جارہی ہے لیکن ابھی سینما گھروں تک میں ریلیز نہیں ہوئی۔ اس کا نام ستمبر 5 ہے۔ پہلے نومبر میں نمائش کا اعلان ہوا تھا لیکن ملتوی کردی گئی۔ اب وسط جنوری میں پیش کی جائے گی۔ یہ 1972 کے میونخ اولمپکس میں فلسطینیوں کی دہ شت گر دی کے پس منظر میں ہے۔

اسٹیون اسپیل برگ اس واقعے پر میونخ کے نام سے شاندار فلم بناچکے ہیں۔ ستمبر 5 کی کہانی اس سے مختلف ہے۔ یہ ان صحافیوں کی عکاسی کرتی ہے جو کھیلوں کی کوریج کے لیے میونخ گئے لیکن اس واقعے کو کور کرنا پڑگیا۔ ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں وہی پریشانی درپیش تھی جو مجھے اور میرے سینئرز کو جیونیوز میں پیش آتی تھی۔ یعنی خبر روکیں تو آزادی صحافت اور ساکھ خطرے میں پڑتی ہے۔ حقائق پیش کریں تو کچھ لوگوں کی جان خطرے میں پڑسکتی ہے۔

میری تاریخ پیدائش 2 ستمبر 1972 ہے۔ یعنی میں نے میونخ اولمپکس کے دوران جنم لیا تھا۔ شاید اسی لیے مجھے کھیلوں، خبروں، فلسطینیوں اور اسرائیلیوں سے زیادہ دلچسپی ہے۔ ستمبر 5 بھی اپنے مطلب کی فلم معلوم ہوتی ہے۔ فرسٹ ڈے فرسٹ شو دیکھنا پڑے گا۔

Check Also

Pablo Picasso, Rangon Ka Jadugar

By Asif Masood