Lo Ji
لو جی
اب قاسم علی شاہ شادی شدہ عورتوں کو سکھانے چلے/چلی ہیں کہ انہوں نے اچھی بیوی کیسے بننا ہے۔ بھلا وہ کونسا ایسا دریا یا گھاٹ ہے۔ جس کا پانی انہوں نے نہیں پی رکھا؟ اب دیکھیئے زیرِ نظر تصویر اس بات کی طرف اشارہ کر رہی ہے کہ قاسم علی شاہ نے اپنے متفرق اور متنوع خزائن کی پوٹلی میں سے سب سے بیش قیمت تجربے کا پوشیدہ خرانہ برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کی تقریبِ رونمائی مورخہ 7 جون 2022 کو رضا بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں منعقد ہونی ہے۔ سو اگر آپ کا عقد ہو چکا ہے یا ہونے کو ہے، تو آپ پر لازم ہے کہ اس تقریب و تدریس میں شمولیت اختیار کر کے ثواب دارین حاصل کرنے کا سنہری موقع پائیں۔
جیسا کہ موصوف/موصوفہ (معاف کیجیے گا، ان کی آئے روز گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی اداؤں نے مجھے ان کی جنس یا صنف کے حوالے سے عجیب مخمصے میں ڈال رکھا ہے) کے مطابق کی ہر تحریکی تقریر (motivational speech) ان کے ذاتی تجربات کا نچوڑ ہے۔ سو عجب نہیں کہ جناب/جنابہ کبھی نہ کبھی کسی کی بیوی بھی رہے ہوں۔
اور قوی امکان یہ ہے کہ ان کے بیگمانہ زمانے کے تجربات کی بھٹی میں انہیں گھما گھما کر ہر طرف سے اچھی طرح پکایا گیا ہو تب کہیں جا کر انہیں اچھی بیوی بننا نصیب ہوا ہو۔ سو اپنے تجربات کی بنا پر وہ خود کو اچھی بیوی کی تعریف گھڑنے اور اچھی بیوی کےچیدہ چیدہ خصائل بتانے کے ساتھ اچھی بیوی اور ہر دلعزیز بہو بننے کے طریقے تشکیل دینے کے لیے بااختیار سمجھنے میں حق بجانب ہیں۔
اور ہم تو بھئی کیا کہیں کہ آنے والے وقت کے لیے پُر امید ہیں یا اس سے خوفزدہ ہیں کہ جب قاسم شاہ اپنے گرانقدر تجربات کی روشنی میں بتائیں گی/ گے کہ نو ماہ پر محیط تخلیق کے عمل کی طویل مدت کو تین ماہ پر لانے کے طریقے کیا ہیں؟ اور ظاہر ہے بنا تجربے کے اور دلائل کے بغیر تو وہ بات کریں گے/گی نہیں، سو وہ بتائیں گے/گی کہ انہوں نے کیسے کر دکھایا اور آپ بھی کر سکتی ہیں۔
لو بھئی! اگر جانوروں کا دورانیہ مختصر ہے تو ہمارا کیوں نہیں۔ ہم کوئی اتنے گئے گزرے تھوڑی ہیں، آخر کو اشرف المخلوقات ہیں۔ اور ویسے بھی ان کی تقریروں میں تکرار اس سطر کی تو ہے ہی کہ اپنے تجربے کی روشنی میں بتا رہا ہوں کہ دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں سوائے اس چیز کے جس کے لیے انسان کا ارادہ پختہ نہ ہو۔
بات لمبی ہو گئی۔ جاتے جاتے تمام مائیوں، ماسیوں اور دوشیزاؤں کو یاد دلاتی چلوں کہ شوہروں یا ہونے والے مجازی خداؤں کی زندگی اجیرن کرنے سے باز رہنے نیز اچھی بیوی و بہو بننے کے طریقے سیکھنے کے نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زندگی گلزار بنائیے۔ نشستیں محدود ہیں۔ اس لیے جلد سے جلد شمولیت کے لیے اپنی ذاتی معلومات کا اندراج کروائیے۔ جلد اندراج کروانے والیوں کو ثوابِ دارین مع اچھی بیوی تربیتی سند کے علیحدہ سے بطورِ بونس ملے گا۔
دعاؤں کی خواستگار